Inquilab Logo

اسکول کی فیس کم نہ کئے جانے سے ناراضگی

Updated: September 14, 2021, 9:38 AM IST | Sadaat Khan | Mumbai

کوروناکےسبب کالج کے طلبہ کو راحت لیکن اسکولوں کی فیس کے تعلق سے اب تک کسی طرح کا فیصلہ نہ کئے جانے سے طلبہ کے سرپرست پریشان

Even though the study is online, the students are being charged in full. (File photo)
پڑھائی آن لائن ہونےکے باوجود طلبہ سے فیس پوری وصول کی جا رہی ہے۔(فائل فوٹو)

کورونا کی وباء کےسبب کالجوں میں فیس کے کم کئے جانے سے کالج کے طلبہ کو راحت ملی ہے لیکن اسکولوںکی فیس کے تعلق سے اب تک کسی طرح کا فیصلہ نہ کئے جانے سے طلبہ کے سرپرست پریشان ہیں۔ حالانکہ ۲؍مرتبہ ریاستی حکومت نے اسکول فیس میں رعایت کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیاہے مگراس کے خلاف اسکول انتظامیہ کی طرف سے کورٹ میں اپیل داخل عرضداشت پر کورٹ نے حکومت کیخلاف فیصلہ دیاہے  اس لئے اسکول کی فیس میں کمی نہیں کی جا سکی ہے۔اس کی وجہ سے والدین کو  پوری فیس ادا کرنی پڑرہی ہے۔  اسکول میں زیر تعلیم طلبہ کے سرپرستوں کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہو رہا ہے کہ کالج کی فیس کم کردی گئی ہے مگر اسکول کی فیس کب کم کی جائے گی۔
 واضح رہےکہ طلبہ کو صرف آن لائن پڑھا یا جا رہاہے ۔ اس لئے اسکول کی طرف سے طلبہ کو دی جانےوالی دیگر سہولیات مثلاً لائبریری، جمخانہ، لیباریٹری اور اسپورٹس وغیرہ کا استعمال نہیں ہو رہا ہے ۔ اس کے باوجود ان سہولیات کے نا م پر باقاعدہ فیس وصول کی جارہی ہے ۔ فیس تو پوری وصول کی جارہی ہےمگر پڑھائی صرف آن لائن جاری ہے۔ سرپرستوںکا مطالبہ ہےکہ جب مذکورہ سہولیات نہیںفراہم کی جارہی ہے تو ان کی فیس کیوں وصول کی جارہی ہے۔ صرف آن لائن پڑھائی کی فیس وصو ل کی جائے تاکہ سرپرستوں کو راحت مل سکے۔ اس کیلئے سرپرستوںکی طرف سے متعدد مرتبہ  احتجاج کئے جانے کےبعد ریاستی حکومت نے ۲؍مرتبہ اس تعلق سے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا مگر اسکول انتظامیہ نے نوٹیفکیشن کے خلاف عدالت میں عرضداشت داخل کرکے نوٹیفکیشن کو منسوخ کرنےکی اپیل کی تھی ۔ اس پرعدالت نے حکومت کے نوٹیفکیشن کے خلاف فیصلہ دیاتھا جس سے والدین کو ۱۰۰؍فیصد فیس ادا کرنی پڑرہی ہے۔‘ ‘ 
  اسٹیٹ ا یجوکیشن منسٹر بچو کڈو نے بتایاکہ ’’جس طرح کالج کی فیس کم کی گئی ہے ۔ اسی طرح اسکول کے طلبہ کی بھی فیس کم کی جانی چاہئے کیونکہ جن سہولیات کا طلبہ استعمال نہیں کررہے ہیں ان سہولیات کی فیس نہیں وصو ل کی جانی چاہئے ۔ عدالت کی ہدایت پر اسکو ل ۱۰۰؍فیصد فیس وصول رہے ہیں۔اس تعلق سے ریاستی حکومت سپریم کورٹ میں اپیل داخل کرنے پر غورکررہی ہےمگر ابھی اس پر حتمی فیصلہ نہیں ہواہے ۔والدین اورسرپرست ۲؍تا۳؍گھنٹے کی آن لائن پڑھائی کیلئےہزارو ں روپے فیس اداکررہےہیں۔ اس سے والدین کو کب راحت ملے گی ، یہ سوال ہے۔‘‘ اکھل بھارتیہ اُردوشکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے اس تعلق سے کہاکہ ’’ یہ بالکل درست بات ہےکہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے اسکولی طلبہ آن لائن پڑھائی کررہےہیں مگر ان سے پو ری فیس وصول کی جارہی ہے ۔ انہیںفیس کی ادائیگی میں کسی طرح کی راحت نہیں دی جا رہی ہے ۔ جس سے والدین اورسرپرست پریشان ہیں۔ جب کالجوںنے فیس میں کمی کردی ہے تو اسکول فیس کم کیوںنہیں کررہاہے۔‘‘
 ارچناپاٹل نامی ایک سرپرست نے کہاکہ ’’گزشتہ ڈیڑ ھ سال سے اسکول آن لائن جاری ہے ۔ اس کےباوجود اسکول والے پوری فیس وصول رہےہیں۔ امسال ۲؍ ستمبرکو اسکول فیس کا دوسرا ہفتے کی فیس کی ادائیگی کیلئے اسکول نے ایس ایم ایس روانہ کیاہے ۔ ۱۴؍ستمبرتک فیس اداکرنی ہے لیکن فیس کی رقم میں کسی طرح کی کمی نہیں کی گئی ہے ۔ کورو ناکی وجہ سے والدین کےحالات جس طرح کے ہیں ایسی صو رت میں فیس کم کرنی چاہئے۔‘‘ ایک سرپرست نے کہاکہ ’’ دہلی، مدھیہ پردیش، کرناٹک، مغربی بنگال اورراجستھان وغیرہ میں فیس کم کردی گئی ہے لیکن مہاراشر کی اسکولوں میں والدین کو اس طرح کی سہولت نہیں دی گئی ہے  جس سےوالدین پریشان ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK