Inquilab Logo

دہلی میں اَن لاک ۳؍ کے تحت مزیدرعایتوں کا اعلان

Updated: June 14, 2021, 8:26 AM IST | New Delhi

قومی راجدھانی میں اب دکانیں صبح۱۰؍ بجے سے رات۸؍ بجے تک کھلی رہیں گی، اس کے علاوہ دکانوں پر عائد جفت وطاق کی بندش کو بھی ہٹا دیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے رعایتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر انفیکشن کے معاملے اسی طرح کم ہوتے رہے تو زندگی رفتہ رفتہ معمول پر آ جائے گی

Delhi Chief Minister Arvind Kejriwal during a digital press conference.Picture:PTI
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ڈیجیٹل پریس کانفرنس کےد وران تصویرپی ٹی آئی

 قومی راجدھانی دہلی میں کورونا کے معاملوں میں کمی آنے کے درمیان اَن لاک کا عمل بھی جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اتوار کے روز اَن لاک کے تحت دہلی کے باشندگان کے لئے مزید رعایتوں کا اعلان کیا۔ دہلی میں اب دکانیں صبح۱۰؍ بجے سے رات۸؍ بجے تک کھلی رہیں گی، اس کے علاوہ دکانوں پر عائد جفت وطاق  کی بندش کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔
 وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے رعایتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر انفیکشن کے معاملے اسی طرح کم ہوتے رہے تو زندگی رفتہ رفتہ معمول پر آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک عظیم سانحہ ہے جس کا مقابلہ ہمیں متحد ہو کر کرنا ہے۔دہلی کے بازاروں اور مال کیلئے عائد’ آڈ ایون‘(جفت وطاق) کی بندش کو ختم کر دیا گیا ہے۔ اب تمام بازاروں اور مالزمیں موجود دکانیں ایک ساتھ کھولی جا سکیں گی۔ یہ رعایت ایک ہفتہ کے لئے فراہم کی گئی ہے اگر کورونا کے معاملوں میں اضافہ ہوتا ہے تو پابندیاں پھر سے عائد کی جائیں گی۔
 تازہ رعایتوں کے اعلان کے بعد سیلون اور ریستوراں بھی کھولے جا سکتے ہیں لیکن ان میں گنجائش سے نصف لوگ ہی بیک وقت خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ ہفتہ واری بازاروں کو کھولنے کی بھی اجازت فراہم کی گئی ہے، تاہم ایک دن میں علا قہ کا ایک ہی ہفتہ واری بازار کھولا جا سکتا ہے۔اَن لاک کے تحت ایک ہفتہ پہلے میٹرو کو آدھی گنجائش کے ساتھ چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ نجی دفاتر۵۰؍ فیصد صلاحیت کے ساتھ صبح۹؍ بجے سے شام۵؍ بجے تک کھولے جا سکتے ہیں۔ سرکاری دفاتر میں کلاس وَن افسران کی صد فیصد حاضری اور بقیہ عملہ کی۵۰؍فیصد حاضری ہو سکتی ہے۔اس کے علاوہ ای کامرس کی کمپنیاں سامان کی ہوم ڈیلیوری کر سکتی ہیں۔اسکول کالج سمیت تمام تعلیمی ادارے، سوئمنگ پول، سنیما ہال، پبلک پارک، کمیونٹی ہال، اسٹیڈیم، اسپورٹس کمپلیکس فی الحال بند رہیں گے۔
 کیجریوال نے ایک ڈیجیٹل پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ  پیر کی  صبح ۵؍ بجے کے بعد ان تمام سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی، جو پوری طرح سے  بند ہیں، حالانکہ کچھ سرگرمیوں کو محدود انداز میں  شروع کری اجازت  دی جارہی ہے
 انہوں نے کہا کہ تمام بازار، مارکیٹ کمپلیکس اور مالز، جنہیں گزشتہ ہفتے آڈ ایون کی بنیاد پر پھرسے کھولنے کی اجازت دی گئی تھی، پیر سے صبح ۱۰؍ بجے سے رات۸؍ بجے کے درمیان پوری طرح کھلے رہیں گے اورریستوراں بھی۵۰؍ فیصد کی گنجائش کے ساتھ کھلیں گے۔ ایک زون میں صرف ایک ہفتہ واری بازارکی اجازت ہے۔پارکوں اور کھیل کے میدانوں پر پابندی رہے گی۔
 انہوں نے کہا کہ کالج، تعلیمی اورکوچنگ انسٹی ٹیوٹ، ثقافتی، سماجی، سیاسی، کھیل، مذہبی اجلاس، اسٹیڈیم، اسپورٹ کمپلیکس، تفریح، اسپا اورجم، سوئمنگ پول، سینما تھیٹر، ملٹی پلیکس فی الحال بندرہیں گے۔ دہلی کی لائف لائن میٹرو بھی ۵۰؍ فیصد گنجائش کے ساتھ آپریٹ ہوگی جبکہ ٹیکسی اورآٹو کو ایک وقت میں صرف دو مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مذہبی مقامات کھولے جارہے ہیں لیکن وہاں عقیدت مندوں کو اجازت نہیں دی جائے گی، انہوں نے بتایاکہ ’’میں توقع کرتاہوں کہ اسی طرح سے کورونا کے معاملات کم ہوتے رہے، توآہستہ آہستہ ہم سب کی زندگی پٹری پر آجائے گی۔ یہ بہت بڑاسانحہ ہے اورہمیں سب کو مل کر اس کا مقابلہ بھی کرنا ہے اورامیدکرنی ہے کہ اب کورونا کے معاملات نہ بڑھیں، خدا کرے کی تیسری لہرنہ آئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK