Inquilab Logo

وزیراعظم کی انتخابی مہم کو فرقہ وارانہ رُخ دینے کی ایک اور کوشش،’جئے بجرنگ بلی ‘کا نعرہ لگوایا

Updated: May 04, 2023, 2:36 PM IST | Bangalore

کرناٹک کی انتخابی مہم میںرام کو بھی  لے آئے، کانگریس کے انتخابی منشور میں بجرنگ دل جیسی تنظیموں پر پابندی کے وعدہ پر واویلا ، جگہ جگہ  بجرنگ بلی کے پوسٹرلگے

During the Prime Ministerial election campaign in Modari Badri. (PTI)
موداری بدری میں وزیراعظم انتخابی مہم کے دوران۔ (پی ٹی آئی)

کانگریس کے انتخابی منشور میں  بجرنگ دل جیسی تنظیموں پر پابندی  کے وعدے کا سہارا لیتے ہوئے  بی جے پی کرناٹک کی انتخابی مہم کو مزید فرقہ وارانہ رخ دینے کی کوشش میں  جٹ گئی ہے۔ اس کی قیادت وزیراعظم مودی  خود کر رہے ہیں۔انہوں  نے منگل اور بدھ کو اپنی تمام  ریلیوں میں ’’بھارت مارا کی جئے‘‘ کے ساتھ  ’’جئے بجرنگ بلی‘‘ کے نعرے لگوائے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ یہی نعرہ لگا کر بی جےپی کو ووٹ دیں۔  
 دکشن کنڑا  کے اسمبلی حلقے ملکی، اتر کنڑا ضلع کے انکولا اور بیلگاوی ضلع  میں بیہونگل اسمبلی حلقوں  میں اپنی انتخابی ریلیوں کی شروعات بھی وزیراعظم مودی نے جئے بجرنگ  بلی کے نعرے کے ساتھ  کی اور اختتام بھی اسی سے کیا۔ منگل کو وجئے نگر ضلع کے ہاسپیٹ  میں انتخابی ریلی کے دوران  بجرنگ دل پر پابندی کے کانگریس کے وعدہ پر برہمی کا اظہا رکرتے ہوئے وزیراعظم رام کو بھی کرناٹک کی انتخابی مہم میں لے آئے۔ا نہوں نے کہا کہ ’’کانگریس نے اپنے مینی فیسٹو میں بھگوان ہنومان کو لاک اپ میں بند کرنے کافیصلہ کیا ہے، پہلے وہ پربھو رام کوقید کرچکے ہیں۔اب وہ ان لوگوں کو قید کرنا چاہتے ہیں جو جئے بجرنگ بلی کہتے ہیں۔‘‘
 اس کے ساتھ ہی اسے انتخابی موضوع بنا کر ووٹرں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوشش کے تحت  بدھ کو جگہ جگہ ’’میں بجرنگ بلی‘‘ کے پوسٹر چسپاں کردیئے گئے۔  خود بجرنگ دل بھی  سرگرم ہوگیا ہے جس نے جمعرات کو کرناٹک بھر میں  ہنومان چالیسا پڑھنے کافیصلہ کیا ہے۔ 
 ملکی  علاقے میں بدھ کو انتخابی ریلی کے دوران  اپنی تقریر ’’بجرنگ بلی کی جئے‘‘ سے شروع کرتے  ہوئے وزیراعظم مودی نے حسب معمول  سونیا گاندھی اور ان کے خاندان پرکو نشانہ بنایا۔  انہوں نے کہا کہ ’’ کانگریس کرناٹک میں اقتدار میں آنے کی کوشش کر رہی ہے  تاکہ وہ اسے دہلی میں بیٹھے شاہی خاندان(گاندھی پریوار) کیلئے اے ٹی ایم نمبر ون بنا سکے۔‘‘  انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے گزشتہ ۷۰؍ برسوں میں اقتدار کے دوران صرف اپنی ترقی پر توجہ دی ہے۔ 
 کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق چیف منسٹر سدارامیا کو بالواسطہ نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسری طرف کانگریس بی جے پی کے ترقیاتی اقدامات کو ناکام بنانے کیلئے ریٹائرمنٹ کے نام پر ووٹ مانگ رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ان کا آخری الیکشن ہوگا۔
 کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے لندن میں ہندوستان کے خلاف ریمارکس پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ پوری دنیا ہندوستان  میں ترقی اور جمہوریت کی تعریف کررہی ہے، لیکن کانگریس پوری دنیا میں ملک کو بدنام کررہی ہے۔   وزیراعظم نے انتخابی ریلی کے دوران کہا کہ ان کا خواب ہے کہ کرناٹک کو صنعتی ترقی کے معاملے میں  ملک میں نمبر ون ریاست بنایا جائے۔   ان کے مطابق دوسری طرف اگر ملک میں  ترقی ہوتی ہے تو کانگریس اسے برداشت نہیں کر سکتی۔ 

bengaluru Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK