Inquilab Logo Happiest Places to Work

گیس سلنڈر کی قطار میں ایک اور بزرگ شخص کی موت

Updated: March 15, 2026, 9:23 AM IST | Lucknow

پنجاب کے بعد اترپردیش کے فرخ آباد میں قطار میں کھڑے بزرگ کو دل کا دورہ پڑہ، اسپتال پہنچانے تک موت۔

Along with the public, the officials providing the cylinders are also worried. Photo: INN
عوام کے ساتھ ساتھ سلنڈر فراہم کرنے والے اہلکار بھی پریشان ہیں۔ تصویر: آئی این این

ایران جنگ کے سبب ہندوستان میں گیس سلنڈر کیلئے کہرام مچ گیا ہے۔ حالانکہ حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں پٹرول، ڈیزل یا ایل پی جی کی کوئی کمی نہیں ہے۔ وہیں دوسری طرف ملک کے کئی صوبوں میں ایل پی جی سلنڈر کیلئے افراتفری مچی ہوئی ہے۔ اترپردیش کے کانپور، فرخ آباد، اٹاوہ اور اناؤ سمیت کئی اضلاع میں ایل پی جی سلنڈرکی قلت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ جہاں لوگ کئی کئی گھنٹے ایجنسی کے باہر لمبی لائن میں لگ کر طویل انتظار کے باوجود خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور ہیں۔ اس دوران فرخ آباد میں گیس لینے کیلئے گھنٹوں لائن میں کھڑے لوگوں کی بھیڑ کے درمیان ایک بزرگ کی موت ہو گئی، جبکہ کانپور میں سلنڈر کیلئے لائن میں کھڑا ایک شخص بے ہوش ہوکر گر پڑا۔ اسپتال پہنچانے تک اس کی موت ہوگئی۔ وہیں گیس سپلائی کرنے والی ایجنسیوں پر افراتفری پھیلی ہوئی ہے، لوگ صبح سے ہی لائنوں میں لگ کر اپنی باری کا انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ 
یاد رہے کہ جمعہ کے روز پنجاب کے برنالہ دیوراج متل نامی ۶۶؍ سالہ شخص کی سلنڈر کی قطار میں دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی تھی۔ سنیچر کو اسی طرح کا واقعہ اترپردیش کے فرخ آباد میں پیش آیا جہاں گیس سلنڈر بک کروانے کیلئے گیس ایجنسی کے باہر لائن میں لگا ایک بزرگ شہری غش کھا کر زمین پر گرگیا۔ موقع پر موجود لوگوں نے سی پی آر دے کر اس کی جان بچانے کی کوشش کی لیکن جب اسے ہوش نہیں آیا تو اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ لواحقین نے بتایا کہ گیس ایجنسی میں لائن میں انتظار کرتے ہوئے انہیں دل کا دورہ پڑا تاہم ایجنسی کے منیجر نے ایسے کسی واقعے کی تردید کی۔ 
وہیں گیس سلنڈر ختم ہونے اور نئی بکنگ نہ ہوپانے سے کونسل کے اسکولوں میں دوپہر کا کھانا (ایم ڈی ایم) اسکیم متاثر ہونے لگی ہے۔ کئی اسکولوں میں گیس سلنڈر ختم ہو چکے ہیں جبکہ کچھ اسکولوں میں باقی سلنڈر صرف چند دن ہی چل پائیں گے۔ اسکی وجہ سے اب کچھ اسکولوں نے لکڑی کے چولہے پر بچوں کیلئے کھانا پکانا شروع کر دیا ہے۔ خبروں کے مطابق گیس ایجنسیوں پر ایل پی جی سلنڈر پہنچنے کے کچھ ہی وقت میں ختم ہو جاتے ہیں۔ لمبی لائنوں میں کھڑے صارفین کوخالی ہاتھ لوٹنا پڑرہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اگر ایل پی جی کی قلت نہیں ہے تو جتنے لوگ لائن میں لگے ہیں، سبھی کو سلنڈر کیوں نہیں مل رہاہے؟ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ صارفین کی تعداد کے مطابق سلنڈر منگواکر تقسیم کروائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK