Inquilab Logo

شہریت قانون کیخلاف آسام میں بند، دہلی یونیورسٹی اور جامعہ میں احتجاج

Updated: March 13, 2024, 11:48 PM IST | New Delhi

شمال مشرقی ریاست کے کئی شہروں میں بند منایا گیا، طلبہ تنظیموں کا ضلع صدر مقام پر احتجاج ، دہلی یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پر امن ریلی نکالی گئی

Law students protest against CAA in Guwahati. (PTI)
گوہاٹی میں قانون کے طلبہ سی اے اے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

متنازع شہریت ترمیمی  قانون سی اے اے کے خلاف  آسام میں احتجاج  پوری ریاست میں پھیل گیا ہے۔ آل آسام اسٹوڈنٹس یونین نے  ریاست بھر میں `ستیہ گرہ کا طریقہ اپناتے ہوئے احتجاج کیا اور اس دوران بند کا اعلان بھی کیا۔  یاد رہے کہ گزشتہ  ۲؍دنوں سے کانگریس سمیت ریاست کی کئی اپوزیشن پارٹیاں سی اے اے کیخلاف احتجاج کر رہی ہیں۔ستیہ گرہ کے تحت طلبہ تنظیم نے ریاست کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس کے سامنے احتجاج کیا جبکہ کئی حصوں میں مشعل جلوس بھی نکالا گیا۔ اس کے علاوہ طلبہ تنظیم کا ایک وفد سپریم کورٹ میں سی اے اے کے خلاف عرضداشت دائر کرنے نئی دہلی گیا تھا جبکہ آسام اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر دیبابرت سائکیا نے سپریم کورٹ میں سی اے اے پر روک لگانے کے لیے عبوری درخواست دائر کی ہے۔آسام میں حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ کئی طلبہ اور غیر سیاسی تنظیمیں بھی سی اے اے کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔ ان سب کا کہنا ہے کہ یہ قانون۱۹۸۵ء کے آسام معاہدے کی شق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔  واضح رہے کہ ان تنظیموں کی جانب سےمنائے جانے والے بند کا اثر خاصا محسوس کیا گیا لیکن اُن علاقوں میںجہاں حکمراں پارٹی کا اثر و  رسوخ ہے طلبہ کے بند کو ناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ۔ 
 دوسری طرف دہلی یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کیمپس پر بھی احتجاج ہوا۔ دہلی یونیورسٹی میں احتجاج کرنے والے ۶۰؍ سے ۷۰؍ طلبہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا جبکہ جامعہ  اور اطراف میں سیکوریٹی بڑھادی گئی تھی ۔ یہاں طلبہ نے انتظامیہ کی اجازت نہ ملنے کے باوجود احتجاج کیا لیکن یہ مظاہرہ پر امن تھا ۔ طلبہ نے خاموش ریلی نکالتے ہوئے سی اے اے کے نفاذ کی  مخالفت کی ۔ دہلی یونیورسٹی کے معاملے میں پولیس نے کہا کہ یہاں انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی تھی لیکن تب بھی طلبہ نے ریلی نکالی جس کے بعد انہیں احتیاطاً حراست میں لے لیا گیا تھا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK