Inquilab Logo Happiest Places to Work

باندرہ:شاستری نگر میں بی ایم سی کیخلاف بے مدت بھوک ہڑتال کرنے والے ۱۳؍ افراد گرفتار

Updated: August 16, 2023, 9:26 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

جھوپڑپٹی کے مکینوں نے ایس آراے اسکیم کےنام پر اور نالے سے متصل مکینوں کو بے گھر کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔کئی مطالبات بھی کئے

After coming from the police station, the protestors sat on hunger strike again.
پولیس اسٹیشن سے آنے کے بعد مظاہرین دوبارہ بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے ۔(تصویر: انقلاب)

:یہاں شاستری نگراور مہاراشٹرنگرکے مکینوں نے    بی ایم سی   کے خلاف منگل کو صبح ۱۰؍بجے  بے مدت بھوک ہڑتا ل شروع کردی   ۔ ان کا   الزام ہے کہ یہاں پر ایس آر اے اسکیم کے تحت ڈیولپمنٹ   کے بہانے مکینوں کو  بےگھر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور بی ایم سی نے نالہ بنانے کے نام پر جھوپڑوں کو منہدم کرنے کا اب تک ۳؍ نوٹس دیاہے  ۔ بعدازیں پولیس نے ۱۳؍ مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔
  باندرہ مغرب میں ایس وی روڈپر واقع جامع مسجد   کے پیچھے شاستری نگر اور مہاراشٹرنگر کی جھوپڑپٹی کو ایک بلڈر کی جانب سے ڈیولپ کرنےکی کوشش کی جارہی ہے ۔بلڈر یہاں کے مکینوں کو صرف نوٹری بناکر ایک سال تک صرف ۲۰؍ ہزار روپے فی ماہ کرا یہ دینے کا وعدہ کررہا ہے جبکہ یہاں پر کرایہ ۳۰؍ ہزار سے ۳۵؍ ہزار روپے ہے اور دوسرے کئی مکینوں کو ڈیولپمنٹ کے نام پر ۳۵؍ ہزار روپے فی ماہ کرایہ دیا جارہا ہے۔
  باندرہ ریلوے اسٹیشن کے باہر سنی جامع مسجد کے قریب پٹیل نگری(شاستری نگر) میں بھوک ہڑتال کرنے والے رضائے مصطفیٰ کمیٹی کے ذمہ دارمحمد الیاس شیخ نے بتایا کہ’’ باندرہ جاگرک ایکتا سمیتی ‘کے بینر تلے ۵؍ مکین بے مد ت بھوک ہڑتال پر بیٹھے  ہیں اور ان کے ساتھ دینے کیلئے ۲۵؍ سے زیادہ مکین  ہیں ۔‘‘ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہاں مہاراشٹر نگر اور شاستری نگرجھوپڑپٹی میں ساڑھے ۱۳ ؍سو جھوپڑے ہیں ۔ ایک طرف جہاں بلڈر جھوپڑپٹی کو ڈیولپ کرنے کے نام پر لوگوں کو  بے گھر کرنے کی کوشش کررہا ہے   وہیں شاستری نگر میں ایک بڑے نالے کی تعمیرکے نام پر بی ایم سی کی جانب سے نالے سے متصل رہنے والے ۳۰۰؍ جھوپڑوں کو منہدم کرنے کیلئے ۳؍ جولائی کو ایک نوٹس بھی دیا گیا تھا ۔اس کے بعد ۷؍ جولائی کو دوسرا نوٹس اور ۱۷  جولائی کو تیسرا نوٹس دے کر بی ایم سی نے کہا ہےکہ وہ ۲۱؍۲۲؍ اور ۲۳؍ اگست کو انہدامی کارروائی کریں گے۔
 باندرہ جاگرک ایکتا سمیتی کے صدر اور بی ایم سی کے ذریعہ دیئے گئے نوٹس کے خلاف بے مدت بھوک ہڑتال پر بیٹھے سنجےمگرے نے انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کئی معاملات کے تعلق سے  یہاں پر ۵؍ مکین بے مدت بھوک ہڑتال پر ہیں اور  علاقے کے کئی مکین ہمارا ساتھ دینے کیلئے موجود ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں ۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں مگرے نے کہا کہ ’’ہمارا  بی ایم سی کے علاوہ بلڈر سےبھی مطالبہ ہےکہ (۱) گھر کے بدلے گھر دیا جائے۔ (۲) ۳۰۰؍ اسکوائر فٹ کے مکانات دیئے جائیں۔ (۳)اسی جگہ پر ہمیں ٹرانزٹ کیمپ بناکر عارضی رہائش کا انتظام کیا جائے ۔ (۴) یا ڈیولپمنٹ کے دوران ۳۵؍ ہزار روپے فی ماہ کرایہ دیا جائے جب تک مکانات تعمیر نہیں ہوجاتے ہیں۔ (۵) گھر تلاش کرنے کیلئے ۲؍ ماہ کی مہلت دی جائے ۔ (۶)ڈیولپمنٹ کے دوران تمام مطالبات کورٹ کےذریعہ رجسٹرڈ کرکے دیا جائے ۔
  شاستری نگر میں مقیم تبسم کے والد مظہر نے کہا کہ ۱۵؍ اگست کو باندرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب بے مدت بھوک ہڑتال کرنے والے ۵؍مکینوں سمیت ۱۳؍ افراد کو باندرہ پولیس نے ۱۴۹؍ کانوٹس دیتے ہوئے حراست میں لے لیا تھا اور سبھی افراد کو پولیس اسٹیشن میں پولیس وین کے ذریعہ لے گئی ۔ وہاں پر شام کو۵؍بجے تنبیہ کرکے سب کو چھوڑ دیا اور کہا کہ وہ سب اپنے اپنے گھر جائیں لیکن پولیس اسٹیشن سے چھوٹنے کے بعد تقریباً تمام لوگ واپس آکر بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ جب تک ان کے مطالبات منظور نہیں ہوں گے ، ان کی بے مدت بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔ 
 اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشن کے قریب بس ڈپو کے سامنے غیر قانونی طور سے بے مدت بھوک ہڑتال کرنے والوںکو تحویل میں لے لیاگیا تھا لیکن بعد میں انھیں تنبیہ کرکے چھوڑدیا گیا   ۔
  اس سلسلے میں بی ایم سی اور بلڈر سے بھی گفتگو کرنے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہیں ہوسکا ۔  

bandra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK