Inquilab Logo

بھیونڈی:اندرا گاندھی میموریل اسپتال میں رات کے وقت ماہر امراض نسواں ڈاکٹر دستیاب نہیں

Updated: April 03, 2024, 10:37 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

ہیلپ لائن نمبر پر جوا ب ملا کہ سب ڈسٹرکٹ سرکاری اسپتالوں کی فہرست میں اس اسپتال کا نام ہی نہیں ہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق مزید ڈاکٹروں کا مطالبہ کیا گیا

Indira Gandhi Memorial Hospital Building. (Photo: Revolution)
اندرا گاندھی میموریل اسپتال کی عمارت ۔ ( تصویر: انقلاب)

ہاں اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں رات کے اوقات میں ماہر امراض نسواں( گائنالوجسٹ )نہ ہونے کے سبب رات کے وقت خاتون مریضوں کی نگہداشت اورزچگی کیلئے آنے مریضوں کوشدید دشواریاں پیش آرہی ہیں۔سب سے حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ اس سلسلے میں آپریشن مکت بھیونڈی کے صدر ڈاکٹر شفیق احمد صدیقی نے سرکاری اسپتالوں میں ہونے والی تکالیف کے اندراج کیلئے شروع کی گئی ۱۰۴؍ہیلپ نمبر پر کال کرکے شکایت کی تو کال ریسیو کرنے والے نے بتایا کہ سب ڈسٹرکٹ سرکاری اسپتالوں کی فہرست میں اندرا گاندھی اسپتال کا نام ہی نہیں ہے۔یہ ایک میونسپل اسپتال ہے جس کی شکایت آپ میونسپل کارپوریشن میں کیجئے۔معلوم ہوکہ گزشتہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال کے زچگی کے  شعبے میں رات کے اوقات میں  کوئی ماہراامراض نسواں نہیں ہے جس کی وجہ خاتوں مریضوں کو رات کے وقت ان کی نگہداشت کیلئے کو ئی گائنالوجسٹ ڈاکٹر دستیاب ہی نہیں ہے۔یہی سبب ہے رات کے وقت شہر اور دیہی علاقوں سے زچگی کے لئے آنے والی حاملہ کواسپتال میں داخل کرنے سے انکار کردیا جاتا ہے۔
  اس سلسلے میں اسلام پورہ کے سماجی کارکن ڈاکٹر سعید مومن نے بتایا کہ جمعہ کی رات ریحانہ نام کی ایک مریض کو زچگی کیلئے جب آئی جی ایم اسپتال لے جایا گیا تواسپتال میں داخل کرنے کے بجائے اسے تھانہ کے سیول اسپتال بھیج دیا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے امراض نسواں کی ماہر ڈاکٹر نہ ہونے کے سبب اسپتال کی جانب سے مریضوں کے رشتے داروں کو  تھانے سول، کلوا اسپتال یا شہر کے نجی اسپتالوں میں جانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
 ڈاکٹر شفیق صدیقی نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان سب میں سب چونکانے والی بات یہ ہے کہ جب اسپتال میں گائنالوجسٹ ڈاکٹر کے تعلق سے شکایت درج کروانے کیلئے انہوں نے سرکاری اسپتالوں میں درپیش مشکلات کی شکایت کیلئے جاری ہیلپ نمبرپر۱۰۴؍ فون کیا تو وہاں سے بتایا گیا کہ اندرا گاندھی اسپتال کوئی سب ڈسٹرکٹ اسپتال نہیں ہے۔وہ میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام ہے۔آپ اس کی شکایت بی ایم سی میں کیجئے۔
 اسی طرح ڈاکٹر سعید مومن نے جب اس نمبر پر شکایت درج کروائی تو انہیں بھی یہی  جواب ملا  ۔ڈاکٹر شفیق صدیقی نے کہا کہ یہ کس قدر مضحکہ خیز ہے کہ ایک اسپتال جسے گزشتہ ۱۲؍ برس قبل سب ڈسٹرکٹ اسپتال کا درجہ مل چکا ہے۔اس کے نام سے کروڑوں روپوں کے فنڈ جاری کئے جارہے ہیں۔ اس اسپتال کا نام سرکاری سب ڈسٹرکٹ اسپتالوں کی فہرست سے میں درج ہی نہیں ہے۔اس کی اعلیٰ سطح کی جانچ ضروری ہے۔اندرا گاندھی میموریل اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مادھوی پنڈھارے نے بتایا کہ اسپتال میں کم از کم ۳؍ماہر امراض  نسواں کی ضرورت ہےلیکن اس وقت اسپتال میںصرف ایک  امراض نسواں کی ماہر ڈاکٹر ہے۔  ۲؍گائنالوجسٹ میں سے ایک کا تبادلہ اور دوسرے کو ترقی مل گئی ہے جس کی وجہ سے اسپتال کا بوجھ  ایک ڈاکٹر کے کندھے پر آگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مزید ڈاکٹروں کا حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے۔توقع ہے کہ عنقریب ہی یہاں کسی ڈاکٹر کو بھیجا جائے گا۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK