Inquilab Logo

بھیونڈی:اندرا گاندھی اسپتال میں یونانی ڈسپنسری کاآغاز

Updated: September 18, 2021, 7:27 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

تھانے ضلع میںکسی سرکاری اسپتال میں یونانی او پی ڈی کی یہ پہلی ڈسپنسری ہے،یونانی ڈاکٹروں میں خوشی کی لہر

A Greek dispensary was inaugurated at Indira Gandhi Hospital on Friday.Picture:Inquilab
اندرا گاندھی اسپتال میںجمعہ کو یونانی ڈسپنسری شروع کی گئی۔ تصویر انقلاب

یہاں رکن اسمبلی رئیس شیخ کی کوششوں سے اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں جمعہ کو یونانی ڈسپنسری کاآغاز کردیا گیا ہے۔ تھانے ضلع  میںکسی سرکاری اسپتال میں یونانی او پی ڈی کی یہ پہلی  ڈسپنسری ہے۔جہاں یونانی ادویات بھی مفت دی جائیںگی۔ رکن اسمبلی نے ڈسپنسری کاآغاز کرتے ہوئے یقین دلایا کہ عنقریب  یہاں یونانی طریقہ سے علاج کیلئے ۱۰؍بیڈ بھی مہیا کرایا جائے گا۔
 واضح رہےکہ رئیس شیخ  وزراء اور اعلیٰ افسران سے مل کر اندرا گاندھی میموریل اسپتال میں علاج معالجے کے بہتر انتظامات مطالبے کے ساتھ ہی آئی جی ایم سپتال میں یونانی ڈسپنسری شروع کرنے کی وکالت کرتے رہے ہیں۔اس سلسلے میں انہوں نے ریاستی وزیر برائے صحت راجیش ٹوپے سے متعدد مرتبہ ملاقات بھی کی تھی۔۶؍ستمبر کو انہوں نے ہیلتھ کمشنر راما سوامی کے ساتھ ایک میٹنگ کرکے  شہر کے اکلوتے سرکاری اسپتال کی بدحالی کاذکرکرتے ہوئے اس کی اصلاح پر زور دیتے ہوئے اسے ۲۰۰؍بیڈ کے اسپتال میں منتقل کرکے ڈسٹرکٹ اسپتال دینے کا مطالبہ کیا تھا۔نیز کئی امور پر تفصیلی گفتگو کی تھی۔اس میٹنگ میں انہوں نے  وبائی امراض میں یونانی ڈاکٹروں کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کووِڈ کی لہر کو کمزور کرنے میں یونانی ڈاکٹروں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔یونانی ڈاکٹروں کے طریقہ علاج سے خاطر خواہ مثبت نتائج بھی سامنے آئے ہیںجس کو مدنظر رکھتے ہوئے بھیونڈی کے اندرا گاندھی اسپتال میں یونانی ڈسپنسری شروع کیا جانا چاہئے۔
 اسپتال کے ایک گوشے میں یونانی او پی ڈی کے ذریعہ مریضوں کا یونانی ادویات سے علاج معالجہ کیا جائے۔
   رکن اسمبلی کے مطالبے پر  ہیلتھ کمشنر راما سوامی نے انہیں یقین دلایا تھا کہ جلد ہی اس کی اجازت دے دی جائے گی جس کے بعد ہیلتھ کمشنر نے اس تجویز کو ہری جھنڈی  دکھائی۔جمعہ کو یونانی ڈسپنسری کے افتتاح کے موقع پر یونانی طریقہ علاج کی مختلف تنظیمیں بھیونڈی نیما،ڈی آر ایس بھیونڈی،امپا ڈی آر ایس بھیونڈیاور اے آئی یو ٹی سی ڈی آر ایس کے نمائندے موجود تھے۔ان تنظیموں اور یونانی ڈاکٹروں نے یونانی ڈسپنسری کے آغاز  پر خوشی کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK