Inquilab Logo

بچوں کی حفاظت کیلئے بی ایم سی کا ’ سیف اسکول زون ‘ پروجیکٹ

Updated: October 22, 2021, 9:42 AM IST | saadat khan | Mumbai

پہلی مرتبہ بائیکلہ کے مرزا غالب روڈ پر اس منصوبے کے تحت اسکول کے باہرسڑک اور فٹ پاتھ کو چائلڈ فرینڈلی اور آسانی سےچلنے کے قابل بنایاگیا

A `Safe Zone` has been set up in front of the school on Mirza Ghalib Road (Clear Road).Picture:Inquilab
مرزاغالب روڈ( کلیئرروڈ )پر اسکول کے سامنے بنایا گیا ’سیف زون‘۔ (تصویر: انقلاب)

 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) نے اسکولی بچوں کےتحفظ کیلئے ’ سیف اسکول زون‘پروجیکٹ متعارف کروایا ہے جس کے تحت پہلی مرتبہ بائیکلہ کے مرزا غالب روڈ( کلیئر روڈ) پر اس منصوبے کے تحت اسکولی بچوں کیلئے اسکول کے باہر سڑک اور فٹ پاتھ کو چائلڈ فرینڈلی اور آسانی سےچلنے کے قابل بنایاہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت اسکول کے باہر فٹ پاتھ اور سڑک کو بچوںکی حفاظت کو مدنظر رکھتےہوئے گھیرا بندی کی گئی ہے ۔ سڑک پار کرنے سے پہلے کس جگہ پر کھڑے ہوکر ٹریفک رکنےکا انتظارکرنا ہے، اس کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اطراف میںموٹر گاڑی اور موٹر سائیکل وغیر ہ پارک نہ کی جائے، اس کیلئے بیر ئر لگائے گئےہیں۔ اس جگہ کی کشادگی کو خاص اہمیت دی گئی ہے تاکہ یہاں سے بچےاور دیگر   افراد آسانی سے آمدورفت کرسکیں۔ 
  بی ایم سی ، ممبئی ٹریفک پولیس( ایم ٹی پی ) اور ورلڈ ریسورسیز انسٹی ٹیوٹ( ڈبلیوآر آئی ) کے اشتراک سے ممبئی میں پہلی بار ’سیف اسکول زون‘ بائیکلہ میں متعارف کروایاگیاہے ۔ اس سڑک پر کرائسٹ چرچ اور سینٹ ایگنس نامی ۲؍ انگریزی میڈیم اسکول ہیں۔ ڈبلیو آر آئی کے مطابق ۲۰۱۷ء تا ۲۰۱۹ء کے درمیان کرائسٹ چرچ اسکول کے ۵۰۰؍ میٹر کے دائرے  میں ۲۳؍ سڑک حادثات درج کئے گئےہیں جن میں ۲؍ بچے شدید طورپر زخمی ہوئے تھے اور ایک بچے کی موت ہوگئی تھی۔ اسی طرح ممبئی کے ۲؍ہزار ۶۱۰؍اسکولوںمیں سے ۲۸؍ فیصد اسکولوں  کے ۵۰۰؍میٹر کے دائرےمیں ۲۰۱۷ءتا۲۰۱۹ء کے درمیان ہونے والے حادثات میں۳؍بچوںکی موت ہوئی  تھی ۔ ان حادثات کے پیش نظر مذکورہ پروجیکٹ متعارف کروایا گیا ہے تاکہ بچوںکو تحفظ فراہم کیاجاسکے۔ اسکول زون کے علاقے کی نشاندہی کیلئے متعلقہ علاقےکی نشاندہی کی گئی ہے، علامتی بورڈ لگائے گئےہیں۔ سڑک کو نشان زد کیا گیا ہے ، بچوں کے چلنے اور سڑک پار کرنے سےقبل انتظارکیلئے مخصوص جگہ بنائی گئی ہے ۔ 
 مقامی کارپوریٹر رئیس شیخ نےکہاکہ ’’ جس طرح ہم اپنے بچوںکو معیاری تعلیم دلانےکی کوشش کرتےہیں، اسی طرح ہمیں اسکول کے انفرااسٹرکچر کو بہتر کرنےکی کوشش کرنی چاہئے ساتھ ہی بچے آسانی اورمحفوظ طریقے سے اسکول جائیں ، اس پر بھی توجہ دینےکی ضرورت ہے ۔ ممبئی میں اگر اسکول گھر سے قریب بھی ہوتو متعدد والدین اور سرپرست بچوںکو اسکول پہنچانےکیلئے گاڑیوںکا استعمال کرتےہیں کیونکہ وہ اپنے بچوںکو پیدل اسکول بھیجنا غیر محفوظ سمجھتےہیں۔ ایسےمیںیہ پروجیکٹ بچوںکی حفاظت کیلئے اہم ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK