Inquilab Logo

امراض قلب سے متعلق عوام میں بیدار ی کیلئے بی ایم سی کا ورکشاپ

Updated: October 01, 2022, 10:09 AM IST | saadat khan | Mumbai

بتایاگیاکہ دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں سی پی آر کے تحت سینہ پر دبا ئوڈال کرکس طرح مریضوں کو بچایاجاسکتاہے

In the workshop this was demonstrated by doing practical exercises
ورکشاپ میں اس طرح عملی مشق کرکے دکھائی گئی

 آج کی بھاگ دوڑ والی زندگی میں دل کا صحت مندہونا بہت ضروری ہے۔ حرکت قلب سے متعلق کسی طرح کی شکایت ہونے پر عوام کوسی پی آر (کارڈیوپلمونری ریسسی ٹیشن) Cardiopulmonary resuscitation)کی معلومات ہوناضروری ہے تاکہ دل کادورہ پڑنے یا نبض بندپڑنے پر لوگوںکی جان بچائی جاسکے۔ اس تعلق سے بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نےایک ورکشاپ میں عوام کو بتایا کہ دل کا دورہ پڑنے پر سینہ پر دبا ئوڈال کرکس طرح مریضوں کو بچایا جاسکتاہے۔ حال ہی میں گھاٹ کوپر میٹرواسٹیشن پر بی ایم سی کی ایک خاتون ڈاکٹرنے ایک خاتون کی نبض بندپڑنے پر سی پی آر کی مدد سےاس کی جان بچائی تھی۔ورلڈہارٹ ڈے کی مناسبت سےبی ایم سی کے ایڈیشنل میونسپل کمشنر ڈاکٹر سنجیو کمار نےبی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے ساتھ ایک ورکشاپ منعقد کیاجس میں دل کی بیماریوںاور ان پر قابو پانے سے متعلق عوام میں بیداری پیدا کرنےکیلئے سیرحاصل گفتگو کی گئی ۔ بی ایم سی کے اعلیٰ افسران اور عملےکو اس ورکشاپ میں ڈاکٹرسنجیو کمار نے سی پی آر کےبارےمیں اہم معلومات فراہم کرکے اس ضمن میںعوامی بیداری کیلئے سوسائٹیوںاور کالجوںمیں ورکشاپ منعقد کرنے کی ہدایت دی ۔  ورکشاپ میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مہیش نارویکر ، ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی چیف ڈاکٹرمنگلا گومارے، کے ای ایم اسپتال کے ماہر قلب ڈاکٹر اجے مہاجن، ڈاکٹر دیپا کانے، ڈاکٹر دکشا شاہ، ڈاکٹر پلوی واگھلکر اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی آفیسر رشمی لوکھنڈے کےعلاوہ بی ایم سی کے متعدد اعلیٰ آفیسر اور ملازمین موجودتھے۔
  اس موقع پر ڈاکٹرسنجیو کمار نے کہاکہ ’’ دل کی صحت کیلئےاس پر متواتر توجہ دینےکی ضرورت ہوتی ہے۔بالخصوص کھانے پینے کی اشیاء پرہمیں تو جہ دینی چاہئے۔ساتھ ہی بلاناغہ ورزش اورچہل قدمی کرنی چاہئے ۔ ‘‘
 ڈاکٹر اجے مہاجن نے کہاکہ ’’ دل کو صحت مند رکھنےکیلئے چربی پر قابورکھنا ضروری ہے۔ خیال رہے کہ آپ کاکولسٹرول معمول کےمطابق ہوناچاہئے۔ کولسٹرول کو قابومیںرکھنےکیلئے کھانے پینے میں تیل کا استعمال کم کریں۔ روزانہ ۳۰؍منٹ چہل قدمی کریں۔ روزانہ کم ازکم ۶۔۷؍ گھنٹے سونا ضروری ہے۔ ‘‘
  ڈاکٹر دیپا کانےنےدل کا دورہ پڑنے یا دل میں تکلیف ہونےپر کسی مریض کو سی پی آر کی مدد سے کس طرح راحت پہنچائی جاسکتی ہے،اس کی معلومات فراہم کی۔سی پی آر کس طرح اور کتنے وقت کیلئے کرنا چاہئےیہ بتایا۔نوجوانو ں، بزرگوں، بچوںاورنومولود بچوںکو سی پی آر کیسے اور کتنا دیناچاہئے یہ بھی بتایا۔
  ڈاکٹر پلوی واگھلکر، راجندر لوکھنڈے اور کے ای ایم اسپتال کی چمونے مانوی نے علامتی جسم پر سی پی آر کا عمل کرکےدکھایاکہ اگر کسی کو دل کی بیماری کی شکایت ہوتی ہےتو اسے سی پی آر کس طرح دیاجاسکتاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK