گونڈہ میں ۳۵؍ کلومیٹر کا روڈ شو کیا ، ریلی کا بھی انعقاد، پہلوانوں پر شاعرانہ انداز میں طنز کیا،کانگریس پر شدید تنقیدیں
EPAPER
Updated: June 12, 2023, 10:28 AM IST | Gonda
گونڈہ میں ۳۵؍ کلومیٹر کا روڈ شو کیا ، ریلی کا بھی انعقاد، پہلوانوں پر شاعرانہ انداز میں طنز کیا،کانگریس پر شدید تنقیدیں
جنسی ہراسانی کے الزام کی وجہ سے پہلوانوں کا سیاست کے اکھاڑے میں سامنا کررہے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ نے اتوار کواپنے آبائی ضلع گونڈ ہ میں نہ صرف ریلی کا انعقاد کیا بلکہ اس دوران پہلوانوں پر شاعرانہ انداز میں طنز بھی کیا۔ اس سے قبل انہوں نے طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۳۵؍ کلومیٹر طویل روڈ شو کیا جس میں ان کی جے جے کار کے نعرے لگ رہے تھے۔ انہوں نے اس دوران کانگریس پر شدید تنقیدیں کیں اور رام چرت مانس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ’’ہوئبے وہی جو رام رچی راکھا۔‘‘مرکز کی مودی حکومت کے ۹؍ سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے برج بھوشن سنگھ نے شاعرانہ انداز میں کہاکہ ’’یہ ملا مجھ کو محبت کا صلہ، بے وفا کہہ کر مجھے یاد کیا جاتا ہے، اس کو رسوائی کہیں کہ شہرت اپنی، دبے ہونٹوں سے مرا نام لیاجاتا ہے۔‘‘تاہم اس موقع پر برج بھوشن پہلوانوںکے بارے میں براہ راست کچھ نہیں بولےلیکن ان کے نشانے پر کانگریس پارٹی رہی۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کردیا کہ وہ ۲۰۲۴ء کا لوک سبھا الیکشن لڑیں گے اور جیت کر اپنے مخالفین کا منہ بند کردیں گے ۔ انہیں لوک سبھاالیکشن لڑنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
برج بھوشن نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ۱۹۷۱ء میں مودی والا مضبوط ہندوستان ہوتا تو پاکستان ہماری سرزمین پر قبضہ نہیں کر پاتا اور اس کے ۹۲؍ ہزار فوجی یوں ہی نہیں جاپاتے۔ انہوں نے ۱۹۴۷ء میں پاکستان کے ذریعے کشمیر کے کچھ حصہ پر قبضہ کرلینے کیلئے بھی کانگریس کو ہی ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کی ۔