سیلاب سےمرنے والوں کی تعداد ۲۰؍ ہوگئی ۔۳۰؍ دسمبر سے اب تک۴؍سو سے زائد بار چٹان کھسکنے کے حادثات پیش آ چکے ہیں
Updated: January 18, 2023, 10:51 AM IST | Washington
سیلاب سےمرنے والوں کی تعداد ۲۰؍ ہوگئی ۔۳۰؍ دسمبر سے اب تک۴؍سو سے زائد بار چٹان کھسکنے کے حادثات پیش آ چکے ہیں
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پیر کو بھی بارش کا زور کم نہیں ہوا جس کے نتیجے میں آنے والے سے سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد ۲۰؍ ہوگئی۔ رواں ہفتے سیلاب سے راحت ملنے کی امید نہیں ہے، آئندہ ہفتے ہی طوفانی بارش تھمنے کے آثار ہیں ۔ دریں اثناء ۸۰؍ لاکھ افراد کی آبادی والے علاقے میں سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔
میڈیارپورٹس میں متعلقہ حکام کے حوالے سے بتایاگیا کہ ریاست میں۳۰؍ دسمبر سے اب تک بار بار چٹان کھسکنے کے حادثات ہو رہے ہیں۔ کیلیفورنیا جیولوجیکل سروے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست کا ایک محفوظ علاقہ جہاں تقریباً ۸۰؍ لاکھ افراد رہائش پذیر ہیں وہاں سیلاب کا خطرہ برقرار ہے اور علاقے کے صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ریاست میں ۳۰؍ دسمبر سے اب تک۴؍سو سے ز ائد بار چٹان کھسکنے کے حادثات پیش آ چکے ہیں اور انتباہ دیا گیا کہ بارش سے کیچڑ پھیلنے کا خدشہ ہے۔
کیلیفورنیا کےمقامی حکام اور میڈیا کے مطابق۲۷؍ دسمبر سے جاری شدید طوفان اور موسلادھار بارش کے سبب پیر کو مزید۳؍ افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد ۲۰؍ ہوگئی ہے۔
قومی محکمۂ موسمیات کے ادارے کے اہلکار ڈیوڈ لارنس نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ،’’ بدھ سے ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش کم ہونے کی امید ہے۔ اس ہفتے کے اختتام تک طوفانی بارش کا سلسلہ ختم ہوسکتا ہے۔ ‘‘