Inquilab Logo

گندگی کرنے والوں پر کارروائی کیلئے کلین اپ مارشل دوبارہ تعینات کئے جائیں گے

Updated: April 03, 2024, 10:27 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

گزشتہ روز سےکلین اپ مارشل تعینات کرنے کاعمل شروع کیا گیا۔بی ایم سی کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے نیا ایپ تیار کیا جس کے ذریعے قصورواروں پر جرمانہ عائد کرکے آن لائن رسید دی جائے گی

Clean-up marshals will fine the litterers and give them an online receipt.
کلین اپ مارشل گندگی کرنے والوں پرجرمانہ عائد کرکے انہیں آن لائن رسید دیں گے۔

 ممبئی میونسپل کارپوریشن نے شہر ومضافات   میں گندگی کرنے اور کوڑاکرکٹ پھینکنے والوںکے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیاہے جس کے تحت خاطیوں پر جرمانہ عائد کرنےکیلئے دوبارہ کلین اپ مارشل  تعینات کئے جائیں گے۔اس تعلق سے منصوبہ بندی کے ساتھ ابتدائی طور پر منگل سے بی ایم سی نے کلین اپ مارشل   دوبارہ تعینات کئے ہیں  اور اس کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے نیا ایپ تیار کیاہے  جس کے ذریعے قصور وار شہریوں کو جرمانہ کی آن لائن رسید دی جائے گی۔واضح رہے کہ بدعنوانی کی شکایت ملنے پراسے بند کردیا گیاتھا۔
      اس مرتبہ کلین اپ  مارشل کی طرف سے جرمانہ عائد کرنےکی کارروائی میں بدعنوانی کی گنجائش نہیں رکھی گئی ہے ۔ اس لئے اس   کے کامیا ب ہونےکی پوری اُمید ہے۔ 
 خیال رہےکہ کورونا بحران میں ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے کلین اپ مارشل کو تعینات کیا گیا تھا لیکن ان کے ذریعے   بدعنوانی کرنے  کے بارے میں شکایتیں ملنے کے بعد بی ایم سی نے اسے ختم کردیا تھا اور کلین اپ مارشل کے تعلق سے معاہدے منسوح کردیئے تھے۔اب سڑکوں پرگندگی اور غلاظت پھیلنے کی شکایتیں کے ملنے پر بی ایم سی نے دوبارہ کلین اپ مارشل تعینات کرنے کافیصلہ کیاہے جس کے تحت ابتدائی طورپر منگل سے کلین اپ مارشل کو دوبارہ تعینات کرنےکا عمل شروع کیا گیاہے۔کلین اپ مارشل گندگی اور غلاظت پھیلانے والوںکےخلاف کارروائی کرنےکےساتھ جرمانہ عائد کریں گےجس کیلئے تربیت یافتہ مارشل کا تقرر کیاگیاہے۔
 شہری انتظامیہ نے بڑے پیمانےپر صفائی مہم چلانے کیلئے رضاکاروں کا تقرربھی کیاہے جو صاف صفائی کے بارے میں عوام میں بیداری لانے، اس تعلق سے انتظامیہ کو معلومات فراہم کرنےاورسوسائٹیوں میں کوڑاکرکٹ کی درجہ بندی پر نظر رکھنے جیسے کام کر رہے ہیں۔
 موجودہ نظام کے مطابق کلین اپ مارشل کو کم از کم ۱۰۰؍ روپے اور زیادہ سے زیادہ ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا اختیارحاصل ہوگا۔ منگل سے آن لائن   کارروائی شروع ہو گئی ہے۔ اس لئے شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ   وہ اس کی حمایت کریں اور صاف ستھری ممبئی کیلئے اپنا تعاون پیش کریں ۔ 
 ایڈیشنل میونسپل کمشنر ڈاکٹر سدھاکر شندےنے بتایا کہ ’’کلین اپ مارشل کو ایک چھوٹا موبائل بلیو ٹوتھ پرنٹر فراہم کیا جائے گا۔ وہ اس پرنٹر کے ذریعے جرمانہ کی رقم کی رسید جاری کریں گے۔ کوئی دوسری پرنٹ شدہ رسید استعمال نہیں کی جائے گی۔ جرمانہ کی رقم کلین اپ مارشل آرگنائزیشن کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔‘‘
 واضح رہےکہ سب سے پہلے کلین اپ مارشل ۲۰۰۷ء میں تعینات کئے گئے ہیں  اوربی ایم سی نے اسے ۲۰۱۱ء میں بند کردیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK