Inquilab Logo

سلیکون ویلی بینک‘ کے دیوالیہ ہونے سے خدشات، امریکی صدر جو بائیڈن کی عوام کوتسلی

Updated: March 14, 2023, 10:31 AM IST | Washington

اپنے خطاب میں عوام کو یقین دلایا کہ آپ کی رقم محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔محکمہ خزانہ اور اقتصادی کونسل ’سلیکون ویلی بینک‘ اور ’سگنیچر بینک‘ کے بحران سے نمٹنے کیلئے مل کر محنت کر رہے ہیں

US President Joe Biden speaking. (AP/PTI)
امریکی صدر جوبائیڈن خطاب کرتےہوئے۔ ( اےپی / پی ٹی آئی)

’سلیکون ویلی بینک‘ کے دیوالیہ  ہونے اور اس کے سبب امریکہ میں بینکنگ سیکٹر  میں خدشات پیدا  ہوگئے ہیں۔   ایسے میں  امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی شہریوں کو تسلی دی اور انہیں  ہمت سے کام لینے کی تلقین کی  ۔
  میڈیارپورٹس کے مطابق خدشات کے درمیان جو بائیڈن نے کہا  کہ آپ کی رقم محفوظ ہاتھوں میں ہے۔  محکمہ خزانہ اور اقتصادی کونسل  ’سلیکون ویلی بینک‘ اور’ سگنیچر بینک‘ کے بحران سے نمٹنے کیلئے مل کر محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا  کہ ٹیکس دہندگان کو ان کی رقم کی ضمانت ملے گی اور ہم  قصورواروں کا پیچھا کریں گے۔ امریکی عوام اور امریکی کمپنیاں اس بات پر اعتماد کر سکتی ہیں کہ ان کے بینک ڈپازٹس موجود ہوں گے اور ضرورت پڑنے پر دستیاب ہوں گے۔ امریکی صدر نے اس بحران اور افراتفری کے قصورواروں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرنے اور بڑے بینکوں کی نگرانی کو مضبوط بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کا وعدہ بھی کیا تاکہ اس طرح کا مسئلہ دوبارہ پیدا  نہ ہو سکے۔انہوں نے ۲۰۰۸ء کے مالیاتی بحران کے بعد امریکی بینک کی سب سے بڑی ناکامی کے بعد بڑے بینکوں کے نئے ضابطے کی طرف اشارہ کیا۔  یادرہے کہ ۲۰۰۸ء میں بحران کے بعد بینکنگ سیکٹر میں جو سابقہ قواعد و ضوابط متعارف کرائے گئے تھے ۔ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دور میں ان میں جزوی ترمیم کی گئی تھی، وہ آنے والے دنوں میں دوبارہ  متعارف کروائے جا سکتے ہیں۔ اس سے قبل ڈوڈ فرینک ایکٹ میں ریپبلکن تبدیلیوں نے بینکوں کے رسک کی حد کو بڑھا کر ۵۰؍ بلین ڈالر سے ۲۵۰؍بلین ڈالر تک کردیا تھا۔ واضح رہے کہ ’سلیکون ویلی بینک ‘ کے پاس گزشتہ سال کے آخر میں ۲۰۹؍بلین ڈالر کے اثاثے تھے۔ ’سلیکون ویلی بینک ‘  کے دیوالیہ ہونے سے ان خدشات میں اضافہ  ہوگیا ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ بحران دوسرے بینکوں کو بھی اپنی  زد میں لے لے گا۔ اس طرح ماضی کے بینکنگ بحران کی طرح معیشت کو نقصان پہنچے گا اور یہ بحران  امریکہ میں بینکنگ سیکٹر کو  نقصان پہنچا نے کے بعد ایشیا اور یورپ کی منڈیوں کو متاثر سکتا ہے۔ لگ بھگ ۲؍ لاکھ ۲۰؍ ہزار ملازمین کی نمائندگی کرتے ہوئے ۳۵؍ سو سے زیادہ سی ای اوز اور بینک مالکان نے ایک پٹیشن پر دستخط کئے ہیں۔ اس پٹیشن کو ’’ وائے کمبی نیٹر‘‘ نے شروع کیا تھا۔ پٹیشن میں محکمہ خزانہ سے براہ راست اپیل کی گئی تھی کہ ڈیپازیٹرز کی مدد کی جائے۔ پٹیشن میں خبردار کیا گیا تھا کہ اس وقت ایک لاکھ سے زیادہ ملازمتیں خطرے میں ہیں۔ ’سلیکون ویلی بینک ‘ کا صدر دفتر سانتا کلارا کیلیفورنیا میں ہے۔ ۲۰۹؍ بلین ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ یہ ۱۶؍ واں سب سے بڑا امریکی بینک ہے۔

Joe Biden Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK