Inquilab Logo

مارچ میں کورونا کی پابندیوں میں نرمی لائی جائے گی

Updated: February 20, 2022, 9:38 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل کمی کے بعد محکمۂ صحت کا فیصلہ، کوروناٹاسک فورس نے بھی سفارش کی، وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی جانب سے بھی ہری جھنڈی

Maharashtra Health Minister Rajesh Tope (file photo)
مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے( فائل فوٹو)

:مہاراشٹرمیں کورونا کے مریضوں کی مسلسل کمی ہوتی تعداد  اور ویکسین لگانے والوں کی شرح میں اضافہ کے پیش نظر ریاست کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے اعلان کیا ہے کہ مارچ سے ریاست میں کورونا سے تحفظ کیلئے عائد کردہ پابندیوں میں نرمی لائی جائے گی۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے تشکیل دی گئی ماہر ڈاکٹروں کی ٹاسک فورس نے بھی پابندی میں راحت دینے کی سفارش کی ہے۔ جبکہ  وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بھی پابندیوں سے راحت دینے کیلئے رضا مندی ظاہر کی ہے۔
 راجیش ٹوپے نے کہا کہ ’’گزشتہ دو مہینوں کے دوران ریاست میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں خاصی کمی آ رہی ہے۔اس کے علاوہ پازیٹیوٹی ریٹ بھی کم ہوا ہے۔ دوسری جانب ریاست میں  ویکسین لگانے والوں کی شرح میں بھی اطمینان بخش اضافہ ہوا ہے ۔ ریاست میں پہلا ڈوز لگانے والے شہریوں کا تناسب ۹۳؍ فیصد تک پہنچ گیاہے جبکہ دوسرا ڈوز لگانے والوں  کا تناسب ۶۷؍ فیصد ہے۔اس کےعلاوہ ۱۵؍ تا ۱۸؍ سال کی عمر کے بچوںمیں ۵۷؍ فیصد نے پہلا ڈوز لگالیا ہے۔ اس طرح مجموعی طو رپر ٹیکہ کاری مہم اطمینان بخش طریقے سے چل رہی ہے۔ ان تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد پابندیوں میں نرمی برتنے پر غور کیا جارہا ہے۔‘‘
  راجیش ٹوپے کے مطابق ریاست میں کورونا کی صورتحال پر   ٹاسک فورس کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ٹاسک فورس نے بھی مارچ میں پابندیوں میں نرمی کی سفارش کی ہے۔ ساتھ ہی مرکزی حکومت نے ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ کورونا پر پابندیاں کم کریں۔ ان سب کو ذہن میں رکھتے ہوئے مارچ میں ریاستی پابندیوں میں نمایاں طور پر نرمی کی جائے گی۔
 اس دوران ریاست میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔ گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں میں ریاست میں کورونا کےایک ہزار ۶۳۵؍ نئے مریض پائے گئے ہیں ۔   یاد رہے کہ گزشتہ دو دنوں سے مریضوں کی تعداد مستحکم ہے اور۴۰؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں میں۴؍ ہزار ۳۹۴؍ مریض کو کورونا سے صحتیاب ہو کر اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا ہے اور وہ گھر لوٹے ہیں۔ 
 وزارت صحت کے مطابق ریاست میں اومیکرون کے مریضوں کی تعداد میں بھی کمی آرہی ہے۔ گزشتہ۲۴؍گھنٹوں کے دوران ریاست میں اومیکرون کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ ریاست میں اب تک ۴؍ ہزار ۴۵۶؍ مریض اومیکرون سے متاثر پائے گئے ہیں جن میں سے ۳؍ ہزار ۳۳۴؍ مریض نے اومیکرون کو مات دی ہے ۔ فی الحال اومیکرون کے فعال مریضوں  کی تعداد ایک ہزار ۱۲۲؍ ہیں۔
ممبئی میں بھی مسلسل مریضوں کی تعداد میں کمی
 ممبئی میں بھی کورونا سے متاثر ہونے والے مریضو ںکی تعداد میں مسلسل کمی درج کی گئی ہے۔ ۱۹؍ فروری کوملک کے تجارتی دارالحکومت ممبئی میں کورونا کے ۲۰۱؍ نئے مریض ملے ہیں جبک محض ایک معمر شخص کی موت درج کی گئی ہے۔ اس دوران ۳۴۵؍ مریضوں کو کورونا سے صحتیابی کے بعد اسپتالوں سے ڈسچارج کر دیاگیا ہے۔سنیچر کو اسپتال داخل ہونے والوں کا فیصد ۲ء۳؍ فیصد بتایاگیا ہے۔ یاد رہے کہ جنوری میں اچانک ممبئی میں کورونا مریض بڑھنے لگے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK