Inquilab Logo

پانچویں اور چھٹی لائن سے متعلق ممبرا کے مسافروں میں تجسس

Updated: December 25, 2021, 7:53 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ان کے ذہن میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ ان لائنوں کے مکمل ہونے کے بعد کیا ممبرا اسٹیشن پر پلیٹ فارم کی ترتیب تبدیل ہوگی؟ کیا دھیمی اپ ٹرین موجودہ پٹری سے ہی گزاری جائے گی یا اسے نئے پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا؟

The local train is passing through tunnel number one.
لوکل ٹرین سرنگ نمبر ایک سے گزررہی ہے۔

رواں ہفتے ممبرا اور کلوا کے درمیان نئی سرنگ (نمبر ایک) جو کلوا سے ممبرا آنےکے دوران پہلی سرنگ ہے ، سے دھیمی لوکل ٹرینیں گزارنے کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے۔ تاہم  پانچویں اور چھٹی لائن کا کام مکمل ہونے کے بعد ممبرا کے  مسافروں میں یہ تجسس پایا جارہا ہے کہ کیاممبرا ریلوے اسٹیشن پر بھی لوکل ٹرینوں کی ترتیب میں تبدیلی آئے گی؟ جس طرح ابھی دھیمی اپ لوکل ٹرین (مغربی سمت میں واقع ) موجودہ پٹری سے ہی گزاری جائے گی یا اسے نئے پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا؟ ان سوالات  سے متعلق ریلوے انتظامیہ سے رابطہ قائم کیا گیا تو سینٹرل ریلوے کے سینئر پی آر او اے کے جین نے بتایا کہ ابھی اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ البتہ پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن کی تکمیل کیلئے ابھی مزید اسپیشل میگا بلاک درکار ہوں گے اور پٹریوں کا کام مکمل ہوجانے کے بعد فیصلہ ہوگا کہ ٹرینوں کو گزارنے کی کیا ترتیب ہو گی۔
  گزشتہ اتوار کو ممبرا سے تھانے ریلوے اسٹیشن کے درمیان۱۸؍ گھنٹوںکا اسپیشل میگا بلاک رکھا گیا تھا ۔ اس دوران نئی سرنگ سے دھیمی اپ اور ڈاؤن ٹرین گزار نے کا کراس کنکشن کیا گیا۔ اس کے بعد پرانی سرنگ سے گزرنے والی پٹریوں کو ہٹاکر اسے کھاڑی سے گزرنے والے پل سے جوڑنے کیلئے  مٹی بھر کر ہموار کرنے کا کام کیا جارہا ہے۔  
 ۱۷۰؍ میٹر طویل نئی سرنگ ممبرا سے گزرنے والی  پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن  کیلئے بنائی گئی تھی لیکن اب اسے سرنگ نمبر ایک قرار دیا گیا ہے۔  نئی سرنگ سے پہلے لوکل ٹرین کو نئی پٹریوں پر منتقل کر دیا جاتا ہے جوکہ کھارے گاؤں کےفٹ اوور بریج تک نئی پٹری پر چلتی ہے اور اس کے بعد پرانی لائن پر منتقل کردی جاتی ہے۔
  ممبئی ریل پرواسی سنگھ  کے  جنرل سیکریٹری سدیش دیسائی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن کا کام مارچ ۲۰۲۲ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔ بعدازیں  ممبر ا سے بھی کچھ ٹرین سروسیز میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صبح کے اوقات میںجب تک دیوا سے  سی ایس ایم ٹی کیلئے لوکل ٹرین شروع نہیں کی جاتی ،ممبرا اور کلوا کے مسافروں کو راحت نہیں ملے گی کیونکہ اکثر لوکل ٹرین ڈومبیولی سے ہی مسافروں سے بھر جاتی ہے اور ممبرا کے مسافروں کیلئے اس میں جگہ بہت کم بچتی ہے اسی لئے ممبرا کے مسافروںکو دروازے پر لٹک کر سفر کرنا پڑتا ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK