Inquilab Logo Happiest Places to Work

دودھ اور کھانے کی اشیاء میں ملاوٹ پر مکوکا کے تحت کارروائی کا فیصلہ

Updated: March 27, 2025, 9:56 AM IST | Mumbai

دودھ میں ملاوٹ کی روک تھام کیلئے ہر ضلع میں فوری طور پر لیباریٹریز کے قیام اور عوام میں اس مسئلے سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے اقدامات پر اتفاق

Deputy Chief Minister Ajit Pawar during the budget session. (PTI)
بجٹ اجلاس کےدوران نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار ۔ ( پی ٹی آئی)

نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے دودھ  اور  دیگر کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کو انسانی جانوں کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ ایک سنگین جرم ہے جس پر قابو پانے کے لئے موجودہ قوانین میں ترمیم کی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف ’مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ‘ (مکوکا) کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ اس  سلسلے میں مجوزہ ترمیمی تجویز کو ریاستی کابینہ میں پیش کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
 یہ فیصلہ قانون ساز اسمبلی میں توجہ طلب نوٹس پر ہونے والی بحث کے دوران کیا گیا جہاں مختلف علاقوں میں ملاوٹ شدہ دودھ اور پنیر کی فروخت کے واقعات اجاگر کئے گئے تھے۔ خاص طور پر شولاپور ضلع کے پنڈھر پور تعلقہ کے بھوس گاؤں میں دودھ میں ملاوٹ کا سنگین معاملہ سامنے آیا تھا۔ اس معاملے پر غور کے لئے ڈپٹی چیئرمین بوجیت لیوار کی سربراہی میں کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں وزیر خوراک و ادویات نارہاری جروال، ریاستی وزیر یوگیش کدم، ایم ایل اے سدھیر منگنٹیوار، وکرم پچپوتے، ابھیجیت پاٹل اور کیلاش پاٹل سمیت متعلقہ محکموں کے سینئر افسران شریک ہوئے۔ شولاپور کے ضلع کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔اجلاس میں دودھ میں ملاوٹ کی روک تھام  کے لئے ہر ضلع میں فوری طور پر لیباریٹریز کے قیام، پنیر کی فروخت کے مقامات پر اس کی واضح معلومات فراہم کرنے اور عوام میں اس مسئلے سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔  ملاوٹ سے متعلق شکایات درج کرانے کے لئے ایک ٹول فری نمبر کے مؤثر نفاذ اور ایک آن لائن پورٹل کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
 اجیت پوار نے یقین دہانی کرائی کہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو جدید ٹیکنالوجی اور آلات کی خریداری کے لئے اضافی فنڈز دیئے جائیں گے جبکہ محکمہ خوراک و ادویات میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ڈیری ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور ملازمین کو تربیت دی جائے گی تاکہ انہیں ملاوٹ مخالف مہم میں شامل کیا جا سکے۔
 نائب وزیر اعلیٰ نے شولاپور کے کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دودھ میں ملاوٹ کے جرم میں ملوث تمام افراد، چاہے وہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، فوری طور پر گرفتار کئے جائیں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

ajit pawar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK