بی ایم سی اور مقامی افراد کو امید ہے کہ آلودگی پھیلانے والے پلانٹ کو چلانے والی فرم بالآخر اسے ختم کر دے گی
EPAPER
Updated: April 03, 2023, 10:34 AM IST | Dipti Singh | Deonar
بی ایم سی اور مقامی افراد کو امید ہے کہ آلودگی پھیلانے والے پلانٹ کو چلانے والی فرم بالآخر اسے ختم کر دے گی
یہاں ۳؍ریڈی مکسڈ کنکریٹ(آر ایم سی) پلانٹ چلانے والی کمپنیوں میں سے ایک کوبی ایم سی نے اپنا پلانٹ منہدم کرنے کا آخری موقع دیا ہے۔ اس پلانٹ کو امسال جنوری میں غیر موزوں قرار دیا گیا تھا۔ بی ایم سی نے فرم سے کہا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی۔
گوونڈی مشرق میں نیل کنٹھ گارڈن کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے مکینوں نے سب سے پہلے تینوں پلانٹ کو بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ بعد میں علاقے کی دیگر سوسائٹیاں بھی ان کے ساتھ شامل ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ جو ایک سال سے اپنے آس پاس کے علاقے میں کام کر رہے ہیں، سے مکینوں کوسانس لینے میں تکلیف کے مسائل بڑھ گئے اور بہت سے لوگ برونکائٹس کا شکار ہو گئے۔ان شکایات کے پیش نظر جنوری میں مہاراشٹرپولیوشن کنٹرول بورڈ(ایم پی سی بی) کے حکام نے دورہ کیاتھا اور صرف ایک پلانٹ میں ضابطے کی خلاف ورزیاں پائیں اور اسے بند کرنے کا نوٹس دیا۔ ایم ایسٹ وارڈ کے بلڈنگ اینڈ فیکٹری ڈپارٹمنٹ نے فروری میں دیو انفرا آر ایم سی پارٹنرس کے مالک سچن موگرکر اور ششی کانت سمندرے کو خوداپنا پلانٹ منہدم کرنے کا حکم جاری کیا۔ بی ایم سی نے پلانٹ کو پانی کی سپلائی بھی منقطع کر دی ہے۔
ایک میونسپل افسر نے کہاکہ ’’ ایک ہفتہ کی مدت کے باوجود فرم فروری میں عارضی آر ایم سی پلانٹ کو منہدم کرنے میں ناکام رہی۔‘‘ بی ایم سی نے ۱۴؍ مارچ کو فائنل نوٹس جاری کیا لیکن وہ کچھ تکنیکی مسائل کی وجہ سے کمپنی کے پاس تاخیر سے پہنچا۔گزشتہ دنوں انہیں مزید ۷؍ دن کی توسیع دی گئی۔ میونسپل افسر نے مزیدکہا کہ ’’یہ ان کیلئے اپنے پلانٹ کو منہدم کرنے کا آخری موقع ہے ورنہ ممبئی میونسپل کارپوریشن ایکٹ کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘‘
ذرائع نے اس نمائندے کو بتایا کہ بی ایم سی نے اڈانی الیکٹریسٹی ممبئی لمیٹڈ کو ایک خط بھیج کر اس پلانٹ کی بجلی سپلائی منقطع کرنے کو کہا تھا۔ پولیس کو کسی بھی طرح کی سرگرمی کیلئے پلانٹ پر نظر رکھنے کیلئے بھی کہا گیا تھا۔ مقامی غیرسرکاری تنظیم نیو سنگم ویلفیئر سوسائٹی کے بانی صدر فیاض عالم شیخ کا کہنا ہے کہ گوونڈی فضائی آلودگی کے مسائل سے دوچار ہے۔ تاہم ثبوت کے باوجود نہ تو حکومت اور نہ ہی مقامی عوامی نمائندے اس مسئلے کو حل کرنے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔ بند کرنے کی ہدایات کے باوجودآر ایم سی پلانٹ ماحولیات کے تحفظ سے متعلق اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے علاقے میں جاری ہیں اورفضائی آلودگی پیدا کررہے ہیں۔‘‘
آر ایم سی پلانٹ ایک فیکٹری ہے جہاں سیمنٹ مکس بڑی مقدار میں بنایا جاتا ہے، زیادہ تر تعمیراتی جگہوں پر پہنچایا جاتا ہے۔ حفاظت اور ماحولیات کے تحفظ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں آر ایم سی پلانٹ فضائی اور صوتی آلودگی کا سبب بن سکتے ہیں۔ مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ کے رہنما خطوط کے مطابق ایک آر ایم سی پلانٹ کو رہائشی علاقوں اور اندرونی سڑکوں سے ۱۰۰؍میٹر کا بفر زون بنانا چاہئے۔ تاہم دیونار میں واقع پلانٹ اور زیادہ تر فیکٹریاں ان اصولوں پر عمل نہیں کرتی ہیں۔