Inquilab Logo

ایوت محل میں ممبئی سے منشیات کی اسمگلنگ کا انکشاف، ایم ڈی اور نشہ آور سفوف ضبط

Updated: February 17, 2023, 7:13 AM IST | yakut mahal

پولیس اس پہلو پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تحقیقات کررہی ہے کہ ایوت محل میں منشیات استعمال کرنے والے نوجوان کون ہیں؟

The police have been alerted due to the discovery of narcotic drugs in Ayut Mahal. (File Photo)
ایوت محل میں نشہ آور دوائیں پائے جانے سے پولیس الرٹ ہوگئی ہے۔(فائل فوٹو)

 یہاںپولیس کارروائی میں یہ بات اجاگر ہوئی ہے کہ ایوت محل میں ممبئی سے منشیات کی  اسمگلنگ کی شروعات ہوچکی ہے۔ایوت محل کا ایک نوجوان ممبئی سے ایم ڈی اور دیگر نشہ آور   پاؤڈر کی اسمگلنگ کرتے ہوئے لوکل کرائم برانچ کے جال میں پھنسا ہے۔یہ نوجوان کاجل کی ڈبی میں منشیات لے کر آرہا تھا۔ اس سے یہ بات واضح ہوگئی کہ چھوٹے شہروں میں بھی نوجوان اور کم بچوں کو منشیات کا عادی بنایا جارہا ہے۔ایوت محل شہر  کے کچھ  علاقوں میں نشہ کی لت بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے جس پرتشویش کا اظہار کیا جارہا تھا۔ عمائدین شہر نےکچھ ماہ قبل کل جماعتی وفاق کے تحت محلہ کمیٹی تشکیل دے کر نشہ مخالف مہم کا آغاز کیاتھا۔اطلاعات کے مطابق گرفتار کئےگئے ملزم کی شناخت رحیم خان قدوس خان  کے طور پر کی گئی ہے۔ اس کے قبضے سے۱۹؍ گرام۷۲؍ملی گرام ایم ڈی منشیات اور ایک موبائل فون سمیت کل ایک لاکھ ۱۸؍ ہزار ۳۲۰؍کی روپے مالیت کا نشہ آور سفوف برآمد کیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر پون بنسوڑ نے حال ہی میں تمام تھانیداروں کو ضلع میں نشہ کی روک تھام کے لئے سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔ پولیس غیر قانونی کاروبار کے ساتھ منشیات کی اسمگلنگ پر بھی توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ حال ہی میں، پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ضلع میں ایم ڈی نشہ آور سفوف (سنتھیٹک ڈرگ) کم عمر نوجوان استعمال کر رہے ہیں۔ مقامی کرائم برانچ نے اس اطلاع کی بنیاد پر جال بچھا کر ممبئی سے ایوت محل میں نشہ فروخت کرنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس ٹیم کو بدھ کے دن اطلاع ملی کہ ایک نوجوان ممبئی سے ایوت محل منشیات لے کر آرہا ہے۔ اس کی بنیاد پر لوکل کرائم برانچ کی ایک ٹیم نے رحیم خان قدوس خان کو  ایوت محل پہنچنے پر این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت حراست میں لے لیا  اور اس کے پاس سے منشیات ضبط کر لیں۔ منشیات۵۰؍ گرام سے کم ہونے کی وجہ سے پولیس کے سامنے تکنیکی مسئلہ تھا کہ اتنی کم مقدار ہونے سے اس معاملے کو تجارتی اسمگلنگ کے زمرے میں نہیں لایا جا سکتا۔ لہٰذا رحیم خان کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ  اور دیگر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس اب اس بات پر توجہ مرکوز کر رہی ہے کہ ایوت محل میں یہ منشیات استعمال کرنے والے نوجوان کون ہیں۔

drugs Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK