Inquilab Logo

ٹریفک کے مسئلے کے سبب جنوبی ممبئی کے۳؍پلوں کی مرمت نہیں ہوپارہی ہے

Updated: November 10, 2022, 11:41 PM IST | Mumbai

شہری انتظامیہ نے کینیڈی، انا صاحب پاٹل اور بائیکلہ وائی بریج کی مرمت کیلئے انہیں ۲؍سے ۳؍ماہ کیلئے بند کرنے کی اجازت طلب کی لیکن محکمہ ٹریفک نے اجازت نہیں دی

South Mumbai`s bridges are in dire need of repair, which must be managed
جنوبی ممبئی کے پلوں کو مرمت کی سخت ضرورت ہے، اس کیلئے انتظام کیا جانا ضروری ہے

بی ممبئی میں پرانے پلوں کو بڑے پیمانے پرمرمت کی ضرورت ہے۔ تاہم بیوروکریسی کی بدولت یہ کام برسوں سےزیر التوا ہے۔شہری حکام نے کہا کہ ٹریفک پولیس ڈپارٹمنٹ نے درخواست کےمطابق کینیڈی، انا صاحب پاٹل اور بائیکلہ وائی پل کو ۲؍ سے ۳؍ ماہ کیلئےبند کرنے سےانکار کر دیا ہے۔ وجہ یہ بتائی گئی کہ یہ شدید ٹریفک والے مقامات ہیں۔بی ایم سی کے ایک افسر نے سوال کیا کہ ’’اگر مزید تاخیر کسی افسوسناک حادثے کا باعث بنتی ہےتو اس کی ذمہ داری کون لے گا؟‘‘
 ٹریفک پولیس نے کہا کہ میٹرو یا شہری انتظامیہ کےکاموں کیلئےبہت سی سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے، وہ مرمت کے کاموں کے لیے ان۳؍ اہم پلوں کوبند کرنے کا خطرہ مول نہیں لےسکتے، جس کا حکم گزشتہ برسوں میں بی ایم سی کے اسٹرکچرل آڈٹ کے بعد دیا گیا تھا۔حکام کے مطابق، مجگاؤں  میں کارناک پلکے انہدام  اورپریل میں ڈیلائل پل کے نامکمل ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت کو منظم کرنے کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔افسر نے کہا کہ ’’بیرنگ جھٹکوں کو جذب کرنے کاکام کرتےہیں۔اگر کسی پل کے بیرنگ کی بروقت مرمت نہیں کی جاتی ہے،تو اس کا اثر براہ راست گرڈرزاور کالموں پر پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں دراڑیں پڑ جاتی ہیں اور بالآخر پل گر جاتاہے۔‘‘
کینیڈی پل
 بی ایم سی کےبرجز ڈپارٹمنٹ کے ایک افسر نےکہاکہ گرانٹ روڈکےقریب ویسٹرن ریلوے لائن پرپل کو’’بڑی ساختیاتی مرمت کی ضرورت ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا’’ہم نے ۲۰۱۹ء میں کام شروع کیااور اس کا بیشتر حصہ مکمل بھی کرلیا گیا۔ تاہم، کالم میں بیرنگ اور سلیب کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،جو پل کے محفوظ رہ کر کام کرنے کیلئےبہت ضروری ہے۔بیرنگ کو تبدیل کرنے کیلئےسلیب کو ۱۰؍ملی میٹر تک اٹھانے کی ضرورت ہے، اس لیے ہمیں پل کو ٹریفک کیلئے بند کرنا ہوگا۔‘‘
 اہلکار نے کہا کہ پل کو ملحقہ سڑک کی کنکریٹائزیشن کے لیے مئی میں ایک ماہ کیلئے بند کیا گیا تھا۔اہلکار نے الزام لگایا کہ’’ اس لیے بی ایم سی نے ٹریفک پولیس سے اس کی مرمت کی اجازت طلب کی لیکن انہوں نے انکار کردیا۔‘‘
سیتارام، انا صاحب پل
 اگست۲۰۲۱ءمیںبی ایم سی نے۳؍پلوں کی مرمت کیلئےایک ٹھیکیدار کو منتخب کیا تھا۔ان پلوں میں بائیکلہ وائی بریج جو ممبئی فائر بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کے سامنے واقع ہے،بائیکلہ میں گلوریہ چرچ کے قریب انا صاحب پاٹل بریج اور مجگائوں میں اولیوینٹ ریل اووربریج شامل ہیں۔‘‘ حالانکہ اولیونٹ پل مکمل طور پر ٹھیک ہو چکا تھا،  لیکن باقی ۲؍پرکام مکمل نہیں ہوسکا۔بی ایم سی کو دونوںپلوں کو کم از کم۳؍ مہینوں کیلئے بند رکھنے کی ضرورت تھی، کیونکہ انہیں بڑی ساختیاتی مرمت کی ضرورت تھی۔شہری انتظامیہ کے ایک اور افسر نے کہا’’بیرنگ کی تبدیلی کے علاوہ انا صاحب پاٹل پل پر کام کا دائرہ وسیع ہو گیا ہے۔ ہمیں پیراپیٹ کی دیوار کو گرانے اور دوبارہ تعمیر کرنے کی بھی ضرورت تھی۔ ہمیں کم از کم۳؍ ماہ درکار ہیں۔ ہم بی ایم سی میںسینئر اتھاریٹی سے منظوری کے منتظر ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا’’تاہم، ہم نے مرمت کے کاموں کے لیےوائی پل کو بند کرنےکی اجازت کے لیے۹؍ماہ قبل ٹریفک پولیس کو خط لکھاتھا لیکن آج تک کوئی جواب نہیں آیا ہے۔‘‘ بائیکلہ وائی پل کےنیچے، بی ایم سی کے مختلف محکموںکے مقامی مراکز ہیں، جیسے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، دیکھ بھال اور پانی۔ اہلکار نے کہا کہ مرمت کیلئے، ان کو منتقل کرنا پڑے گا۔
 بی ایم سی کے ایک اور اہلکار نے کہا، ’’ہم ٹریفک کےمسئلے کو سمجھ سکتے ہیں۔ ہم اس وقت فوری طور پر بند کرنے کا نہیں کہہ رہے تھے، لیکن اب یہ معاملہ سنگین رخ اختیار کرچکا ہے۔ ٹریفک پولیس کو کم از کم ہمیں تحریری طورپربتانا چاہئے کہ انہوں نے اعتراض سرٹیفکیٹ سے انکار کیوں کیا۔اہلکار نے سوال کیا’’اگر کوئی نقصان ہوتا ہے یا کوئی حصہ گر جاتا ہے تو ان پلوں اور مسافروں کی حفاظت کی ذمہ داری کون لے گا؟‘‘راج وردھن سنہا، جوائنٹ کمشنر آف پولیس (ٹریفک)نےانقلاب کو بتایا کہ’’فی الحال ہم جانچ کررہے ہیںاور متبادل راستوں کے لیے حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔‘‘بی ایم سی کے ایڈیشنل کمشنر پی ویلراسو نےانقلاب کےفون کا کوئی جواب نہیں دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK