ناسک کے دنڈوری یارڈ مارکیٹ میں وزیراعظم نریندرمودی کاخطاب، اُدھو ٹھاکرےاور شردپوار پر براہ راست حملہ
EPAPER
Updated: May 16, 2024, 9:54 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
ناسک کے دنڈوری یارڈ مارکیٹ میں وزیراعظم نریندرمودی کاخطاب، اُدھو ٹھاکرےاور شردپوار پر براہ راست حملہ
۵؍ویں مرحلے کی پولنگ سے قبل دنڈوری یارڈمارکیٹ میںمنعقدہ بی جےپی شیوسینا (شندے)کے امیدواروںکے حق میں تشہیری جلسے سے خطاب کے دوران وزیراعظم مودی نےشرد پوار اور اُدھوٹھاکرے پر براہ راست حملے کئے۔انہوں نے کہا کہ ’’یہ نقلی شیوسینااور راشٹروادی کانگریس پارٹی ہے جو کانگریس میںضم ہوجائے گی۔اِس الیکشن میں کانگریس اتنی بُری طرح ہاررہی ہے کہ اس کیلئے باعزت حزب اختلاف کی حیثیت ملنا بھی مشکل ہے۔انتخابات ختم ہونے کے بعدانڈیا الائنس میں شامل سبھی چھوٹی سیاسی پارٹیوںکوکانگریس میں اِس لئے ضم کردیاجائےگاکہ کانگریس کو باعزت حزب اختلاف کی حیثیت مل جائے ۔چھوٹی پارٹیوںکا کانگریس میں ضم ہونے کامطلب سب اپنے اپنے شٹربندکردیںگے۔وزیراعظم مودی نے اپنے خطاب میں یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ۴؍مرحلے کے الیکشن میں کانگریس اور انڈیاالائنس چاروںشانے چِت ہے۔
جلی کٹی سُنانے والے انداز میںتقریرکرتے ہوئےوزیراعظم نے کہا کہ جب یہ نقلی شیوسیناکانگریس میںشامل ہوجائے گی تو مجھے بالاصاحب ٹھاکرے کی بہت یاد آئے گی۔ اُن کا خواب تھاایودھیا میں رام مندرکی تعمیر اور آرٹیکل ۳۷۰؍کا خاتمہ ہوجائے۔جب یہ خواب شرمندئہ تعبیر ہوئے توسب سے زیادہ چِڑ نقلی شیوسیناکوہوگئی۔ کانگریس نے رام مندر پران پرتشٹھان کولات مارا اُسی راستے پر نقلی شیوسینابھی گامزن رہی۔کانگریس اور نقلی شیوسیناکی پارٹنر شپ دراصل پاپ کی پارٹنرشپ ہے۔ویرساورکرکو دن رات گالیاںدینے والی کانگریس کو نقلی شیوسینا اپنے سرپر بٹھائے گھوم رہی ہے۔کانگریس کے آگے گٹھنے ٹیکنے والی نقلی شیوسیناکوسزادینے کامن پورے مہاراشٹرنے بنالیاہے۔
اپنی تقریر کا رُخ ملک کے عام بجٹ پرموڑتے ہوئے وزیراعظم نے’ مسلمانوں‘کہہ کراپنی بات جاری رکھی ۔بقول مودی کانگریس چاہتی ہے کہ ملک کے عام بجٹ کا ۱۵؍فیصدحصہ مائناریٹی پر خرچ کیاجائے۔وہ مائناریٹی جو کانگریس کا پسندیدہ ووٹ بینک ہے۔کانگریس آپ کی مال ومتاع ضبط کرکےاپنے ووٹ بینک کو دینے کی تیاری میںہے۔اس کی مخالفت بی جے پی نے کی ہے۔آج مودی غریب کا اناج،بجلی،ایندھن مفت میں دے رہاہے۔ہم نے کبھی دھرم نہیںپوچھا۔یوجنائیں سب کیلئے بنائی ۔کانگریس اور انڈیا الائنس کان کھول کر سُن لے مودی مذہب کی بنیادپربجٹ بانٹے گانہ ریزرویشن دے گا۔ڈاکٹرباباصاحب امبیڈکر مذہب کی بنیادپر ریزرویشن کے خلاف تھے۔
پیازبرآمدات پر اظہار خیال کے دوران نریندرمودی نے کہا کہ گزشتہ ۱۰؍سالوںکے دوران ۳۵؍فیصد ایکسپورٹ میں اضافہ ہواہے۔دس دن قبل پیازبرآمدات پرامتناع ختم کیاگیا ۔ ۲۲؍ہزار میٹرک ٹن پیاز ایکسپورٹ کی گئی۔حکومت نے پیاز کی نقل وحمل پربھی سبسڈی جاری کردی ہے۔اِس حلقے(ناسک کے زرعی علاقے) میں کلسٹرڈڈیویلپمنٹ پلان سے انگورکی کاشت کرنے والوں بھی زبردست فائدہ ملےگا۔مودی نے کہا کہ کسان بھائی مودی کونہیں بھولیںگے۔سابق وزیرزراعت شردپوار کا نام لئے بغیر اشاروں میںکہا کہ سابقہ حکومت میں وزیرزراعت یہی تھے لیکن انہیں کسانوںکی کوئی فکرنہیںکی ۔اخیرمیں مودی نے دنڈوری سے بھاجپ امیدوارڈاکٹربھارتی پروین پواراور ناسک سے شیوسینا شندے کے امیدوارہیمنت گوڈسے کوبھاری اکثریت سے کامیاب کرنے گزارش کی۔