Inquilab Logo

ایکناتھ کھڑسے اور گریش مہاجن میں ایک بار پھر لفظی جنگ، فرنویس بھی نشانہ بنے

Updated: October 05, 2021, 8:20 AM IST | Sharjeel Qureshi | jalgaon

بی جے پی کے سابق سینئر لیڈر نے کہا کہ ای ڈی ، آئی ٹی اور اینٹی کرپشن کو میرے پیچھے لگا کر مجھے پریشان کرنے والا ایک آدمی ہے اور وہ مہاراشٹر کا ’تربوز‘ ہے

Former Maharashtra Minister Eknath Kharsa.Picture:
مہاراشٹر کے سابق وزیر ایکناتھ کھڑسے

بی جے پی کے سابق سینئر لیڈراور وزیر محصولات اور فی الحال این سی پی کے رکن  ایکناتھ کھڑسے  اور بی جے پی  کے  ایم ایل اے گریش مہاجن میں ایک بار پھر لفظی جنگ شروع ہوگئی ہے۔ ایکناتھ کھڑسے نے اس مرتبہ دیویندر فرنویس کو بھی گھسیٹا ہے۔کھڑسے نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتےہوئے مہاراشٹر کے  اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس کا نام لئے بغیر انہیں ’تربوز ‘ کہہ دیا۔اتنا ہی نہیں، انہوں نے تقریب میں موجود سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پروگرام ختم ہونے کے بعد گھر جاکر گوگل پر سرچ کریں کہ مہاراشٹر کا تربوزکون ہے ؟
 ضلع کے عادل آباد (مکتائی نگر) کے قصبے جوندھن کھیڑا کے قریب واقع ایک چھوٹے درجے کےکنڈ ڈیم کا افتتاح ریاست کے وزیر آبی وسائل جینت پاٹل نےویڈیوکانفرنس کے ذریعے کیا۔اس افتتاحی تقریب میں کھڑسے نے دوران خطاب گریش مہاجن کو چیلنج کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’این سی پی میں شامل ہونے کے بعد انہیں پتہ چلا کہ بی جے پی میں غدار کون ہے؟ان کی بیٹی روہنی کھڑسے کو کن لوگوں کی وجہ سےاسمبلی الیکشن میں شکست ہوئی؟ انہوں نے کہا کہ لیکن اب میں خاموش رہنے والا نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خاموش رکھنے کیلئے کبھی میرے پیچھے آئی ٹی، کبھی اینٹی کرپشن توکبھی ای ڈی لگائی جاتی ہے ۔ اسی طرح کبھی میرے مکان پر چھاپے مارے جاتے ہیںلیکن ان کے ہاتھ کچھ نہیں آ تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے ذریعے کلوزر رپورٹ دینے کے بعد اب ای ڈی سے جانچ کروائی جارہی ہے۔ یہ سب کچھ  ایک آدمی کے کہنے پر کیا گیا۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ کون ہے؟ گوگل پر جائیں اور مہاراشٹر کے تربوز کو تلاش کریں۔
 ای ڈی کی جانچ کو موضوع بنا کر کھڑسے نے کہا کہ مہاراشٹر میں مجھے بدنام کرنے کی سازش ہو رہی ہے لیکن میں (ناتھا  بھاؤ)ان سب پر بھاری ثابت ہورہا ہوں۔ میں گریش مہاجن  چیلنج کرتا ہوں کہ’’ اگر میری پراپرٹی  بے حساب ہے تو میں اسے آپ کو عطیہ کردوں گا۔ بھوساری زمین خریداری معاملے میں بھی  میرے داماد کا کوئی تعلق نہیں  ہے۔ میں ای ڈی سے نہیں ڈرتا،  ویسے بھی اب ای ڈی کا معاملہ ختم ہوچکا ہے اور یہ کیس اب عدالت میں چلا گیا ہے۔‘‘ 
 واضح رہے کہ ایکناتھ کھڑسے بھوساری ایم آئی ڈی سی میں زمین کے لین دین کے معاملے میں ای ڈی کی انکوائری کے بعد یہ کیس عدالت میں ہے۔ اطلاع کے مطابق دوسری جانب۲۰۱۷ء میں دیئے گئے ایک متنازع بیان پر ان کے خلاف چھیڑ چھاڑ کی شکایت ہے۔ قومی کمیشن برائے خواتین نے اب جلگاؤں ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ایک خط بھیجا ہے جس میں اس سلسلے میں کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ فی الحال اس کی تصدیق نہیں ہو پائی ہے ۔اس سلسلے میں سماجی کارکن انجلی دامانیہ سے رابطہ کرنے انہوں نے بتایا میری معلومات کے مطابق قومی کمیشن برائے خواتین نے مئی ۲۰۲۱ء میں اس طرح کا خط جاری کیا تھالیکن اس کے بعد پھر اس طرح کا کوئی خط جاری ہوا، اس کی مجھے اطلاع نہیں ۔واضح رہے کہ قومی کمیشن برائے خواتین میں انجلی دامانیہ نے ہی کھڑسے کے خلاف شکایت تھی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK