Inquilab Logo

مسی سپی میں تعمیر نو کیلئے ایمر جنسی کا اعلان

Updated: March 27, 2023, 12:13 PM IST | Washington

مرنے والوں کی تعداد۲۶؍ ہوگئی ، جو بائیڈن نے مدد کاوعدہ کیا ، کہا :مسی سپی سے آنے والی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں جبکہ ہم ابھی تک نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ اس طوفان میں بہت سے افراد کے گھر اور کاروبار تباہ ہو چکے ہیں

A scene of storm damage in Rolling Fork. (AP/PTI)
رولنگ فورک میں طوفان کے نتیجے میں تباہی کا ایک منظر۔ ( اےپی / پی ٹی آئی)

امریکی  ریاست مسی سپی میں تعمیرنو کیلئے ایمر جنسی کا  اعلان کیا گیا ۔ اس دوران   امریکی صدر جو بائیڈن نے ریاست مسی سپی کی مدد  کا وعدہ کیا ہے۔ خبر لکھے جانے تک  مسی سپی میں تباہ کن طوفان  سے  وجہ  مرنے والوں کی ۲۶؍  ہو چکی ہے۔
  میڈیارپورٹس کے مطابق بائیڈن نے  سنیچر کو اپنے بیان میں کہا ،’’ مسی سپی سے آنے والی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں جبکہ ہم ابھی تک نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا ،’’ ہم جانتے ہیں کہ اس طوفان میں بہت سے افراد کے گھر اور کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔‘‘انہوں نے  تباہ کن طوفان سے متاثر تمام ا فراد اور بچاؤ کے کام میں مصروف عملہ کی مدد کرنے کا وعدہ کیا۔         جو بائیڈن نے کہا، ’’میں نے آج مسی سپی کے گورنر ٹیٹ ریوز سے تعزیت کا اظہار کیا اور تعاون کی پیشکش کی۔تعمیر نو کیلئے ایمرجنسی نافذ ہوگئی ہے۔ ‘‘
  قبل ازیں امریکہ کی جنوبی ریاستوں مسی سپی اور الاباما کے دیہی علاقوں میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی ہے۔ بگولوں کے سبب کئی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ بجلی کی  سپلائی بھی معطل ہوگئی ہے۔ سنیچر کی صبح مزید امدادی کارکنوں کو متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کردیا گیا ۔یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کچھ افراد ملبہ میں بھی  دبے ہوسکتے ہیں۔ حکام کے مطابق طوفانی ہواؤں کی رفتار۷۰؍میل فی گھنٹہ تھی۔ امریکی  خبر رساں ادارے `اسوسی ایٹیڈ پریس( اے پی) کے مطابق محکمۂ موسمیات نے تصدیق کی ہے کہ بگولے کے نتیجے میں مسی سپی کے شہر جیکسن کے شمال مشرق میں لگ بھگ ۹۶ ؍ کلو میٹر کے رقبے کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ دیہی علاقوں سلور سٹی اور رولنگ فورک میں بھی تباہی  ہوئی ہے۔یہ طوفان  کمزور ہوئے بغیر ۷۰؍ میل فی گھنٹہ رفتار سے مسی سپی کے دیگر شہروں سے ہوتا ہوا الاباما کی جانب مڑ گیا ہے۔ بگولوں کے ٹکرانے سے قبل محکمۂ موسمیات کی جانب سے ایک الرٹ جاری کیا گیا تھا جس میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔الرٹ میں  عوام کو خبردار کیا گیا تھا کہ آپ جان لیوا صورتحال کا سامنا کرسکتے ہیں۔ طوفان ان ا فراد  کے لئے جان لیوا ہوسکتا ہے جو بغیر چھت کے ہیں۔ طوفانی بگولوں کی وجہ سے  عارضی ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ گھروں، کاروباری مراکز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ کچھ مکمل  طور پر تباہ ہو گئےہیں۔ رولنگ فورک کے ایک شہری کرنل نائٹ نے  اے پی کو بتایا ،’’ جب طوفان آیا تو  میں  اپنی اہلیہ اور تین سال کی بیٹی کے ساتھ رولنگ فورک میں ایک رشتے دار کے گھر پر تھا۔ اس وقت  آسمان پر اندھیرا تھا اور ٹرانسفارمر کے پھٹنے سے پیدا ہونے والی روشنی ہی  میں کچھ سجھائی دے رہا تھا۔ میں نے بگولے کو ایک دروازے سے دیکھا جب وہ تقریباً ایک میل سے بھی کم فاصلے پر تھا۔ اس کے بعد میں نے سب سے کہا کہ وہ ایک ہال میں خود کو چھپاکر محفوظ کرلیں۔‘‘
  کرنل نائٹ نے مزید بتایا ،’’ طوفانی بگولا  میرے ایک اور رشتے دار کے گھر سے ٹکرایا جس سے گھر کی دیوار گر گئی اور کئی لوگ اندر پھنس گئے۔‘‘
 رولنگ فورک کے میئر ایلڈریج واکرطوفان کے ٹکرانے کے بعد اپنے تباہ شدہ گھر سے باہر نہیں نکل سکے کیونکہ بجلی کی  سپلائی ٹھپ ہو گئی تھی۔ انہوں نے سی این این کو بتایا،’’امدادی کارکن زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن مجھے فوری طور یہ نہیں معلوم   ہےکہ کتنے ا فراد زخمی ہوئے ہیں؟‘‘رولنگ فورک کے سابق میئر فریڈ ملر نے  بتایا ،’’ طوفان نے  میرے کے گھر کے پچھلے حصے کی کھڑکیوں کو اڑا دیا۔ ‘‘ قبل ازیں مسی سپی کے گورنر ٹیٹ ریوز نے سنیچر کو ایک ٹویٹ میں بتایا کہ جمعہ کی رات کے خوفناک بگولوں کے  سبب ریاست میں ۲۶؍افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوگئے ۔ مسی سپی میں بہت سے افرادکو آج رات آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔

Joe Biden Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK