Inquilab Logo

الزامات، اعلانات اور وعدوں کیساتھ سرمائی اجلاس کا اختتام

Updated: December 21, 2023, 8:09 AM IST | nagpur

اجلاس کے آخری دن اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار نے ودربھ کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ، جواب میں وزیر اعلیٰ نے ودربھ میں شروع ہونے والے پروجیکٹ گنوائے

Jitendra Ohar, Vijay Vidyatiwar, and Anil Deshmukh speaking to the media outside the Assembly.
جتیندر اوہاڑ، وجے وڈیٹیوار، اور انل دیشمکھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران

 ناگپور میں سرمائی اجلاس کے آخری دن روایت کے مطابق اپوزیشن لیڈروجے وڈیٹیوار اور اپوزیشن پارٹیوں کے  دیگر لیڈروں کی جانب سے  حکومت  پر شدید تنقیدیں کی گئیں ۔ ان تنقیدوںکا جواب نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر  میں دیا۔ یاد رہے کہ وجے وڈیٹیوار نے الزام لگایا تھا کہ اجلاس کےدوران ودربھ کے تعلق سے بحث نہیں کی گئی ۔ اس کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ودربھ کیلئے کئی اعلانات کئے گئے ہیں۔ ودربھ کے سرجاگڑھ میں۱۴ ؍ ہزار کروڑ اور ۵؍ ہزار کروڑ روپے کے ۲؍نئے پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی ہے۔  ساتھ ہی اس علاقے میں۱۵۰۰؍  کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ ایک اور اسٹیل پروجیکٹ گڈچرولی میں لایا  جا رہا ہے۔
  وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے قانون ساز اسمبلی میں بتایا  وردبھ میں ۲۰؍ ہزار ۵۰۰؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے جس سے اس علاقےمیں ۷؍ ہزار ۴۵۰؍ ملازمتوں کے مواقع فراہم ہوں گے ۔
کسانوں کی خودکشی روکنے کیلئے ٹاسک فورس
 وزیر اعلیٰ شندے نے کہا کہ ریاستی حکومت ودربھ کی ترقی کیلئے  پرعزم ہے۔ لہٰذا وسنت راؤ نائک ایگریکلچر سیلف مشن کو مضبوط بنانے کیلئے  اقدامات کئے گئے ہیں۔ کسانوں کی خودکشی روکنے کیلئے ٹاسک فورس کو مضبوط  کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ودربھ کی تیز رفتار   ترقی کیلئے  اس علاقے کے کسانوں، نوجوانوں اور دیگر تمام عناصر کیلئےمختلف اسکیموں کے ذریعے کوششیں کی جارہی ہیں۔ ریاستی حکومت کی طرف سے کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں اور ان پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ ودربھ میں۱۱؍ اضلاع ہیں جہاں۲؍ ہزار ۵۱۷؍  میگاواٹ کے ونڈ پاور پروجیکٹوں کی تعمیر کاارادہ ہے۔ نیز، سمرودھی ہائی وے کی وجہ سےودربھ ۔ مراٹھواڑہ میں ۳؍ ٹورازم سرکٹ بنائے جائیں گے ۔ شندے نے کہا کہ لونار سروور سیاحت کی ترقی کیلئے۹۱؍کروڑ ۲۹؍ لاکھ روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے۔ گوسی خورد میں عالمی معیار کے آبی سیاحتی منصوبے کیلئے ۱۰۱؍ کروڑ روپے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔ ریاستی حکومت کی ترجیح سورج گڑھ لوہے کے پروجیکٹ کو شروع کرنا ہے۔
              وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم چندر پور ضلع کے بھدراوتی میں کوئلے کی دھات پر مبنی کوئلہ گیسی فکیشن کے ذریعے ہائیڈروجن اور یوریا کی پیداوار کیلئے۲۰؍ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ اس میں۱۰؍ ہزار بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگار ملے گا۔ودربھ اور مراٹھواڑہ میں کپاس، سویا بین کی ویلیو چین تیار کی گئی ہے۔ اس سال۵۲۰؍کروڑ کا پروگرام پر عمل کیا جائے گا۔ اس میں سے کپاس کیلئے ۲۳۸؍کروڑ۸۹؍ لاکھ اور تیل کے بیجوں اور سویابین کیلئے۲۸۱؍ کروڑ۹۷؍ لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
  انہوںنے بتایاکہ             پچھلے سال ریاستی حکومت نے دو ہیکٹر تک۱۵؍ ہزار روپے فی ہیکٹر کا بونس دیا تھا۔ اب ہم اس سال۲۰؍ہزار روپے کا بونس دے رہے ہیں۔ اس سے۶؍ لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ اس کیلئے۱۴۰۰؍کروڑ کے فنڈ درکار ہوں گے۔ ریاستی حکومت ودربھ میں آبپاشی کی کمی کو پوری طرح سے دور کر رہی ہے۔ واشم تعلقہ میں  پین گنگا ندی پر۱۱؍بریج بنائے گئے ہیں،جیگاؤں پروجیکٹ میں تیزی لائی گئی ہے۔ وین گنگا-نل گنگا ندی کو جوڑنے کے منصوبے کیلئے ۸۳؍ہزار ۶۴۶؍ کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امراؤتی میں۱۰۰؍ پروجیکٹوں پر نظر ثانی کی گئی ہے۔ ودربھ میں بیک لاگ کو ختم کرنے کیلئے ۱۰۰؍ پروجیکٹوں کیلئے۶؍ ہزار ۷۷۷؍ کروڑ کی ضرورت ہے۔۲۴۔۲۰۲۳ء میں تقریباً ۲؍ ہزار ۱۹۲؍ کروڑ روپے مختص کئےگئے ہیں۔گوسی خورد نیشنل پروجیکٹ کو گزشتہ سال۱۵۰۰؍ کروڑ روپے دیئے گئے تھے اور یہ پروجیکٹ جون۲۰۲۴ءتک مکمل ہو جائے گا۔خودکشی سے متاثرہ ودربھ اور مراٹھواڑہ میں بالی راجہ جل سنجیونی یوجنا نافذ کی گئی ہے۔ اس میں۹۱؍منصوبے شامل ہیں۔
  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ’’  ٹیکسٹائل پالیسی میں کل چارژون بنائے گئے ہیںاور ودربھ کو ژون ۔۱؍ میں شامل کیا گیا ہے۔  ‘‘ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ کی تقریر سے قبل  اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوارنے حکومت کی ناکامیوں کو گنواتے ہوئےیہ بتایاتھا کہ ریاست میں آدی واسی خواتین  پر بھی مظالم ہو رہے ہیں اور آدی واسی تو کیا  عام شہری بھی محفوظ نہیں ہیں۔ گزشتہ ایک برس میں کسانوں نے ہزاروں کی تعداد میں خودکشی کی ہے اورمنشیات یوں کھلے عام سپلائی کی جارہی ہے جیسے مہاراشٹر منشیات کی ریاست بن جائے گا۔بدھ کو جینت پاٹل اور  جتیندر اوہاڑ نے بھی اسی موضوع پر اظہار خیال کیا اور حکومت کی ناکامیوں کو گنوایا۔ یاد رہے کہ سرمائی اجلاس کی شروعات ۷؍ دسمبر کو ہوئی تھی جبکہ بدھ کو (۲۰؍ دسمبر) اس کا آخری دن تھا۔ اس کے بعد تمام اراکین اسمبلی ممبئی لوٹ آئیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK