نفرت انگیزی کیخلاف ’ہندو مسلم ایکتاسمیتی‘ کےبھائی چارہ کے پیغام کی ہر طرف پزیرائی۔
EPAPER
Updated: March 23, 2026, 9:45 AM IST | Jaipur
نفرت انگیزی کیخلاف ’ہندو مسلم ایکتاسمیتی‘ کےبھائی چارہ کے پیغام کی ہر طرف پزیرائی۔
ایسے وقت میں جبکہ ملک کی گنگاجمنی تہذیب کو نفرت انگیزی کی وجہ سے خطرہ لاحق ہے، سنیچر کو عید کے موقع پر جے پور کی عیدگاہ میں ’ہندو مسلم ایکتاسمیتی‘ کےکارکنوں نے نمازیوں پر گلاب کے پھولوں کی پنکھڑیاں برسا کر محبت کا پیغام عام کیا۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے اس دل کو چھو لینے والے منظر کا ویڈیو سوشل میڈیا پر عید کی صبح سے ہی گشت کرتارہا جس کی ہرطرف پزیرائی کی گئی اور اسی گھنی دھوپ میں راحت سے تعبیر کیاگیا۔
یہ بھی پڑھئے: گیانیش کمار پرحکومت کے ربراسٹامپ کی طرح کام کرنے کا الزام
یہ اقدام ہندو-مسلم ایکتا سمیتی کے بینر تلے کیا گیا، جس کا مقصد بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام دینا تھا۔ سمیتی کے رکن راجیش کمار شرما نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں اپنے مسلمان برادران وطن کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’تہوار امن اور ہم آہنگی کیلئےہوتے ہیں۔ یہ جذبہ راجستھان سمیت پورے ملک میں برقرار رہنا چاہیے۔ کچھ لوگ پھوٹ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، جو غلط ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’رام کے بغیر رمضان نہیں اور عید کے بغیر دیوالی نہیں۔ ہم سب ایک ہیں اور ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ‘‘
اس طرح کے اقدامات عید تک محدود نہیں ہیں۔ جے پور میں مسلم برادری کے افراد بھی رام نومی، ہولی اور دیوالی میں شرکت کرتے ہیں، مبارکباد دیتے ہیں اور پھول برساتے ہیں، جس سے شہر میں سماجی ہم آہنگی اور اعتماد کو تقویت حاصل ہوتی ہے۔ جامع مسجد، جے پور کے امام، مفتی امجد نے ’’انڈین ایکسپریس‘‘ سےگفتگو میں کہا کہ ’’یہ دونوں برادریوں میں اتحاد کو فروغ دینے کیلئے خوش آئند قدم ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہاکہ’’ اتنی منفی خبروں کے درمیان ایسے اقدامات لوگوں کو ایک بہتر دنیا کی امید دیتے ہیں۔ ‘‘