ڈومبیولی اے سی پی کی ٹیم نے جعلی سم کارڈ ریکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے۔
EPAPER
Updated: June 12, 2023, 11:16 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Dombivali
ڈومبیولی اے سی پی کی ٹیم نے جعلی سم کارڈ ریکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے۔
ڈومبیولی اے سی پی کی ٹیم نے جعلی سم کارڈ ریکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق ڈومبیولی ریلوے اسٹیشن کے اطراف سم کارڈ کا اسٹال لگا کر سم کارڈ خریدنے والوں کے دستاویزات پر ایک سے زائد سم کارڈ جاری کئے جارہے تھے۔اس فراڈ کیلئے دکانوں میں نصب وائی فائی کے پاس ورڈ کو ہیک کیا گیا تھا۔
جعلی دستاویزات کی بنیاد پر سم کارڈ فروخت کرنے کی اطلاع ڈومبیولی کے اے سی پی سنیل کراڈے کو موصول ہوئی تھی۔ڈومبیولی ریلوے اسٹیشن کے اطراف میں جیو،ایئر ٹیل اور ووڈا فون نامی کمپنیوں کے سم کارڈ اسٹال پر فروخت کئے جارہے تھے۔اے سی پی سنیل کراڈے نے ایک ٹیم بنا کر اسٹال پر چھاپہ مارا اور ہرشدہ پراڈکر نامی خاتون کو حراست میں لیا۔پوچھ تاچھ کے دوران پتہ چلا کہ اسٹیشن کے اطراف دکانوں میں لگے وائی فائی کے پاس ورڈ کو چرا کر سم کارڈ ایکٹیویٹ کئے جارہے تھے۔پولیس کے مطابق ملزمہ گاہکوں کے آدھار کارڈ پر مختلف تصویر لگا کر پہلے جعلی آدھار کارڈ تیار کرتی تھی بعدازاں ان آدھار کارڈ کی بنیاد پر کئی کئی سم کارڈ ایکٹیویٹ کروا کر انہیں مہنگی قیمت پر فروخت کرتی تھی۔یہ سم کارڈ بینک فراڈ،آن لائن فراڈ اور دھمکی دینے کیلئے استعمال ہورہے تھے۔اب تک خاتون نے جعلی دستاویزات کی مدد سے ۱۷۰؍ سم کارڈ ایکٹیویٹ کئے تھے۔ پولیس نے عام لوگوں کو محتاط رہنے اور تمام تصدیق کے بعد ہی قانونی ذرائع سے سم کارڈ خریدنے کی اپیل کی ہے۔کسی بھی اسٹال سے سم کارڈ خریدنے پر جیل جانے کی نوبت بھی آسکتی ہے۔