آدھی رات کولوگوں کے گھروں میں پانی گھس آیا، تقریباً ۴۰۰؍ مکانات متاثر، گھروں میں رکھا فرنیچر اور دکانوں کا سامان خراب تقریباً ۵۰؍ علاقوں میں پانی سپلائی متاثر
EPAPER
Updated: January 01, 2023, 1:50 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai
آدھی رات کولوگوں کے گھروں میں پانی گھس آیا، تقریباً ۴۰۰؍ مکانات متاثر، گھروں میں رکھا فرنیچر اور دکانوں کا سامان خراب تقریباً ۵۰؍ علاقوں میں پانی سپلائی متاثر
یہاں کرلا سے قریب واقع ساکی ناکہ کے چاندیولی علاقے میںاچانک پانی کی پائپ لائن پھٹ جانے سے پورے علاقے میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے ۔ نشیبی علاقے میں واقع کئی مکانوں اور دکانوں میں پانی بھر گیا جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہونے کا اندیشہ ہے ۔ ااس حادثے کی وجہ سے پائپ لائن کا کام پورا ہو جانے تک کئی علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
اطلاع کے مطابق گھاٹکو پر کے چاندیولی علاقے میں واقع اسلفہ روڈ پرغوثیہ مسجد کے سامنے جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب ساڑھے ۳؍بجے پوائی کی طرف سے پانی سپلائی کرنے والی۷۲؍ انچ کی لائن پھٹ گئی جس کی وجہ سے آس پاس کے علاقے میںسیلابی کیفیت پیدا ہوگئی اور ایک افراتفری مچ گئی ۔ چونکہ رات میں لوگ اپنے گھروں میں سورہے تھے اس لئے وہ اس بات سے غافل تھے کہ علاقے میں پانی بھر گیا ہے۔ آنکھیں کھلنے پر انہیں خود کو بچانے کی خاطر اپنے گھروں سے باہر نکلنا پڑا ۔
گھاٹ کوپر بھٹ واڑی میں مقیم الیاس شیخ نے نمائندہ انقلاب کو بتایا کہ رات کو ان کے گھر میں اچانک پانی بھر گیا اور انھیں اپنے اہل وعیال کے ساتھ مکان کے اندرونی مالیے کا سہارا لینا پڑا ۔ اس کے علاوہ ساکی ناکہ پائپ لائن کے قریب کے سیکڑوں گھروں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے گھر کے فریج ، ٹی وی ، واشنگ مشین کے علاوہ گھر میں رکھی ہوئی کھانے پینے کی چیزیں خراب ہوگئیں ۔ مکانوں میں پانی بھرجانےپر کسی ممکنہ حادثات سے بچنے کیلئے انھوں نے الیکٹرک سپلائی منقطع کردی تھی ۔ ساکی ناکہ چاندیولی سے محی الدین عرف گڈو نے بتایا کہ بھٹ واڑی کی کئی دکانوں میں پانی بھرجانے سے اس میں رکھے ہوئے کپڑے، جوتے چپل اور اناج وغیرہ خراب ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ صبح تک کئی افراد اپنےگھروں سے پانی نکالتے ہوئے نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ پانی سپلائی کی پائپ لائن پھٹ جانے سے پانی بہت تیزی کے ساتھ بہہ رہا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے علاقے میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ۔ لوگوں کو گھروں سے نکلنا دشوار ہوگیا ۔ ایک اطلاع کے مطابق علاقے کے تقریباً ۴۰۰؍ مکانات اس حادثے میں کسی نہ کسی طرح متاثر ہوئے ہیں۔
میونسپل کارپوریشن کے این وارڈ کے ایک بی ایم سی ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایا کہ پا نی سپلائی کرنے والی ۷۲؍انچ کی پائپ لائن اچانک پھٹ جانے کی وجہ سے گھاٹ کوپر اور آس پاس کے علاقے میں پانی کی سپلائی تب تک بند رہے گی جب تک مکمل طور پر پانی کی لائن کی مرمت نہیں ہو جاتی۔ البتہ پائپ لائن کی مرمت جنگی پیمانے پر جاری ہے اور گھاٹ کوپر میونسپل کارپوریشن کے این وارڈ کے متعدد علاقوں میں پانی سپلائی بند کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے جتنے نام گنوائے اس اعتبار سے تقریباً ۵۰؍ علاقے ایسے ہیں جہاں پانی کی سپلائی متاثر ہوگی۔ بی ایم سی اہلکار نے کہا کہ ان علاقے کے مکینوںسے گزارش ہے کہ پانی کفایت شعاری سے استعمال کریں اور میونسپل کارپوریشن کیساتھ تعاون کریں ۔
اس ضمن میں کرلا ایل وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر مہادیو شندے نے کہا کہ کرلا کے چاندیولی پل کے نیچے پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی تھی۔ اس کی مرمت کا کام تقریباً پورا ہوگیا ہے اور پانی کا پائپ دوبارہ نہ پھٹ جائے ،اس کیلئے میٹرو کے جاگرتی اسٹیشن کے نیچے متصل پانی کی پائپ لائن کا ڈھکن کھول کر پریشر کم کرنے کیلئے پائپ لائن کا پانی اور اسی کے ساتھ پائپ کے اندر کی ہوا نکالنے کا کام جاری ہے ۔ بقول افسر اس حادثے کی وجہ سے گھاٹ کوپر کے متعدد علاقوں میں پانی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے ۔ خبر لکھے جانے تک علاقے سے اطلاع ملی تھی کہ پائپ لائن کا کام جنگی پیمانے پر کیا جا رہا ہے جو جلد ہی پورا ہو جائے گا۔