Inquilab Logo

روانڈا میں سیلاب اور چٹان کھسکنے کے حادثات سے تباہی

Updated: May 09, 2023, 12:14 PM IST | Kigali

نو ہزار سے زائد افراد بے گھر،۵؍ ہزار ۵۵۰؍ سے زائد مکانات، ۱۴؍ سڑکیں اور۵۰؍ سے زائد اسکول تباہ

People are passing through a flooded area. (Photo: Courtesy of Sky News)
ایک سیلاب زدہ علاقہ سے لوگ گزررہےہیں۔ ( تصویر : بشکریہ اسکائی نیوز )

روانڈا میں سیلاب اور چٹان کھسکنے کے حادثات سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے ۔ اس کے نتیجے  میںا ب تک  ہزاروں افراد بے گھر  ہوچکےہیں جبکہ ہزاروں  مکان تباہ ہوچکے ہیں۔ اس دوران  سڑک ، اسکول،  فصل، پانی ، بجلی اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اسی کے پیش نظرمتاثرہ علاقوں کے عوام کو  جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ 
   میڈیارپورٹس کے مطابق حکام نے پیر کو بتایا کہ  رواں ہفتے روانڈا میں آنے والے سیلاب کے بعد سے۹؍ ہزار  سے زا ئد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ اس دوران تقریباً۵؍ ہزار ۵۹۸؍ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔  حکومت ان بے گھر افراد کو بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ سیلاب  کے متاثرین کی باز آباد کاری  کیلئے جائزہ لیا جارہاہے ، تاکہ  متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جاسکے ۔
  انہوں نے مزید کہا کہ کرائے کے مکانوں میں رہنے والوں کو دوبارہ آباد کرنے میں مدد کی جائے گی اور جو لوگ اپنے گھر کھو چکے ہیں ،انہیں بھی معقول رہائش فراہم کی جائے گی۔
  یادرہےکہ روانڈا کے مغربی، شمالی اور جنوبی صوبوں میں منگل اور بدھ کو شدید بارش کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور چٹان کھسکنے کے حادثات میں کم از کم۱۳۱؍ افراد ہلاک  جبکہ ۹۴؍ افراد زخمی ہو گئےجن میں سے۳۴؍ افراد اب بھی اسپتال میں داخل ہیں جبکہ ایک لاپتہ ہے۔ 
  حکام نے  بتایا کہ ملک میں قدرتی آفت میں   ۵ ؍ ہزار ۵۵۰؍ سے زائد مکانات،۱۴؍ سڑکیں   اور۵۰؍ سے زائد اسکول تباہ ہوچکے ہیں۔ ان کے علاوہ فصل، پانی ، بجلی اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ حکومت نے تمام متاثرہ علاقوں کے عوام کو  جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی اپیل کی ہے۔

Kigali Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK