Inquilab Logo

جانوروں کی حفاظت کیلئے آرے کالونی کو رات میں آمدورفت کیلئے بندکیا جائے گا

Updated: February 14, 2022, 12:13 PM IST | Ranjeet Jadhav | Mumbai

ریاستی وزیرسیاحت آدتیہ ٹھاکرے کا اعلان ، علاقے کی اہم سڑک کوسیمنٹ کنکریٹ سے بنایا جائے گا۔ اندرونی خستہ حال سڑکوں کی مرمت اور کوڑاکرکٹ کے مسئلے کو حل کرنے کا بھی منصوبہ ،جنگلاتی زندگی کی حفاظت کیلئے ۴۷؍ کروڑ کی لاگت سے ۸؍کلومیٹرکی زیرزمین گزرگاہیں بنائی جائیں گے

To pave the roads of Aarey Colony and repair the internal routes.Picture:INN
آرے کالونی کی سڑکوں کو پختہ بنانے اور اندرونی راستوں کی مرمت کے علاوہ کوڑاکرکٹ کے انبار کے مسئلے کو بھی حل کیا جائے گا۔ تصویر :آئی این این

 : ریاستی وزیر ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے نے گزشتہ روز اس نمائندے سے گفتگو کے دوران بتایا کہ آرے کالونی کے مین روڈ کو سیمنٹ کنکریٹ سے پختہ بنایا جائے گا اور جنگلی جانوروں کی حفاظت کیلئے اسے رات ایک بجے سے صبح ۵؍ بجے تک بند رکھا جائے گا۔ انہوں نے یہ یقین بھی دلایا ہے کہ آرے کالونی کی اندرونی خستہ حال سڑکوں اور کوڑاکرکٹ کے ڈھیر کے مسئلے کودورکیا جائے گا۔جنگلاتی زندگی کی حفاظت کیلئے  ۴۷؍ کروڑ کی لاگت سے ۸؍ کلومیٹر کی زیرزمین گزرگاہیں بنائی جائیں گے۔یہ کام مین روڈ کو سیمنٹ کنکریٹ کا بنانے کے ساتھ کیا جائے گا۔ جانوروں کی نقل و حرکت کیلئے پانی کے نالوں کی سہولیات مہیاکرائی جائیں گی۔یہ فیصلہ گزشتہ روز پی ساؤتھ وارڈ کی میٹنگ میں کیا گیا جس میں رکن اسمبلی رویندر وائیکر ، سینئرمیونسپل افسران ، پولیس  افسران  اور سنجے گاندھی نیشنل پارک رینج فاریسٹ آفیسر دنیش دیسالےنیز ماہر حیاتیات نکیت سروے شریک تھے۔اس میٹنگ میں پی ساؤتھ وارڈ میں مفادعامہ کے  باقی ۳۵؍ مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اگر منصوبے کے مطابق تمام کام ہوئے تو آرے ملک کالونی کی  ۴۵؍ کلومیٹر کی اندرونی خستہ حال سڑکوں کے جال  اور کوڑا کرکٹ اٹھانے اورٹھکانے  لگانےکے مسئلے کو بھی جلد ہی حل کرلیا جائے گا۔ 
 بی ایم سی ، پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی ) اور ڈیری ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ (ڈی ڈی ڈی ) کے ہمراہ گزشتہ روز ویڈیوکانفرنسنگ کے دوران  انہوں نے متعلقہ محکموں کو آرے کالونی کی اندرونی سڑکوں اور کوڑاکرکٹ کے انبار کے مسئلے کے حل کیلئے ہدایت دی تھی۔
 میٹنگ کے دوران مقامی رکن اسمبلی رویندر وائیکر نے مشورہ دیا کہ بی ایم سی آرے ملک کالونی کی اندرونی سڑکوں کو اپنالے اور اس کی نگرانی کرے کیونکہ یہ علاقہ اس کی حدود میں آتا ہے۔
 اس بارے میں اس نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ریاستی وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ’’آرے ملک کالونی کے مین روڈ کو سیمنٹ کنکریٹ سے تعمیر کرنے کا کام شروع کیا جائے گا اورکسی ایک بھی درخت کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔جنگلاتی زندگی کی حفاظت کے اقدامات کے تحت انڈرپاس (بریج کے نیچے کے راستے) اور رفتارکی حدبھی مقررکی جائے گی۔جیسے ہی سڑک کی تعمیر کا کام مکمل ہوگا ، ہمارامنصوبہ رات ایک بجے سے صبح ۵؍ بجے تک اسے آمدورفت کیلئے بند کرنے کا ہے تاکہ جانوروں کو پریشانی نہ ہو۔ ان اوقات کے دوران صرف انہی افراد کو اس سڑک کے استعمال کی اجازت ہوگی جو آرے کالونی میں رہائش پزیر ہیں۔ دیگر افراد جوگیشوری-وکھرولی لنک روڈ کا استعمال کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمارا منصوبہ آرے کالونی کی تمام سڑکوں کی مرمت اور کوڑاکرکٹ اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے مسئلے کو حل کرنے کا ہے۔میں نے متعلقہ ایجنسیوں کو سڑک کی مرمت سے متعلق تجویز تیار کرنے کی ہدایت دے دی ہے اور ہم دیکھیں گے کہ آیا اس کام میں بی ایم سی یا ایم ایم آر ڈی اے کی مدد لے جاسکتی ہے یا نہیں۔‘‘
  میٹنگ کے دوران آرے ملک کالونی کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر رویندر پوار نے ریاستی وزیر کو اطلاع دی کہ اندرونی سڑکوں کی مرمت اور اس کی سطح کو بنانے سے متعلق ۲؍ تجاویز حکومت کو بھیجی گئی ہیں۔ ۱۴۸؍ کروڑ روپے  لاگت کی ایک تجویز پی ڈبلیو ڈی نے ۹؍ دسمبر ۲۰۲۱ء کو تیار کی تھی اوریہ ڈیری ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ (ڈی ڈی ڈی) کو بھیجی گئی ہے۔رواں مالی سال ڈی ڈی ڈی کا آرے ملک کالونی میں کام کیلئے ۳ء۲۷؍ کروڑ روپے کا کل بجٹ ہے جس میں سڑک کے کام کیلئے ۱ء۸۷؍ کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔  اندرونی سڑکوں کی خستہ حالی کے پیش نظر مرمت کاپورا کام کرنا موجودہ بجٹ  میں مشکل ہے۔
 رویندرپوار نے ریاستی وزیرآدتیہ ٹھاکرے کو اطلاع دی ہے کہ ’’ہم ایک تجویز تیار کریں گے اور اگر ایم ایم آر ڈی اے یا بی ایم سی اپنے فنڈ سے مدد کیلئے تیار ہے تو  پھرہم  اندرونی خستہ حال سڑکوں کے مسئلے کو مستقل طورپر حل کرسکتے ہیں۔ کوڑا کرکٹ جمع کرنا اور ٹھکانے لگانا آرے ملک کالونی کا ایک بڑا مسئلہ ہے اور۲۷؍ پاڑوں، جھوپڑپٹیوں اور دیگر جگہوں پر رہائش پزیر قبائلیوں نے اس کے مستقل حل کا مطالبہ کیا ہے۔ ‘‘

mumabai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK