Inquilab Logo

تلوجہ :فیز - ون میں قبرستان کے کام کیلئےشہری انتظامیہ نے ۲؍ کروڑ ۱۱؍ لاکھ روپے منظور کئے

Updated: December 19, 2022, 10:50 AM IST | Kazim Shaikh | Taloja

ٹھیکیدار کوذمہ داری دے دی گئی ۔وضوخانہ ،غسل خانہ ،پانی کی سہولت ، مسجد کی تعمیراوردیگر سہولتیںفراہم کی جائیں گی۔اس وقت تک علاقے کی میت کھارگھراوردیگر قبرستانوں میں دفنائی جائے گی

Committee office bearers and other dignitaries outside Taloja Cemetery.
تلوجہ قبرستان کے باہر کمیٹی کے عہدیداران اور دیگر معزز افراد۔

یہاں’  فیزون مسلم قبرستان ‘ میں بنیادی سہولتات فراہم کرنے کیلئے پنویل  میونسپل کارپوریشن نے ۲؍ کروڑ ۱۱؍ لاکھ روپے کا فنڈ منظور کیا ہے اور اس کے کام کی ذمہ داری بھی ٹھیکیدار کو دے دی  ہے۔ اس سلسلے میں سنیچر کی شام۶؍بجے تلوجہ  قبرستان کے باہر’نیو تلوجہ چیریٹیبل ٹرسٹ کے ذمہ داران کی خصوصی میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں فنڈ منظور کرانے میں اہم رول ادا کرنے والے  لیڈران بھی شامل تھے ۔ واضح رہے کہ ’ تلوجہ فیز ون مسلم قبرستان ‘  میں تقریباً ایک سال پہلے  تدفین شروع کی گئی تھی اور اب تک  ۴۵؍ میت دفنائی گئی ہے ۔ 
  تلوجہ کے  سابق  کارپوریٹر  عبدالعزیز پٹیل   نے بتایا کہ  اس قبرستان کے کام کیلئے آج سے ہی کام شروع کردیا گیا ہے اور جب تک ڈیولپمنٹ کا کام چلے گا ، اس وقت تک  علاقے کی میت کھارگھر اور یگر قبرستانوں میں  دفنائی جائے گی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ تلوجہ قبرستان کی ۶؍ فٹ  پتھریلی مٹی نکال کر اس میں مروم مٹی ، ریت اور  اچھی مٹی ملاکر ڈالی جائے گی۔ اس کے علاوہ قبروں کے درمیان پاتھ وے ، وضوخانہ ، استنجا خانہ ، ڈرینج لائن ، میت کونہلانے کیلئے غسل خانہ ، نماز جنازہ کی جگہ ، قبروں تک جانے والے راستوں پر شیڈ کے علاوہ پانی کی سہولت  بجلی سپلائی اور مسجدتعمیر کی جائے گی جس کیلئے پنویل مہانگر پالیکا نے ۲؍ کروڑ ۱۱؍ لاکھ روپے کا ٹینڈر منظور کرلیا ہے اور بارش سے پہلے قبرستان کاکام مکمل کرنے کی مدت طے کی گئی ہے ۔  
 اس مسلم قبرستان کی دیکھ ریکھ کرنے والی کمیٹی ’نیو تلوجہ چیریٹیبل ٹرسٹ ‘کے جنرل سیکریٹری اقبال  نا ڑویکر نے کہا کہ فیزون  قبرستان کی جگہ تقریباً ۲۷؍ گنٹھا ہے لیکن یہ  ناکافی ہے۔ فیز -ون اور فیز-  ٹو کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر آنے والے دنوں میں اس قبرستان کی جگہ ناکافی ہوگی ۔ اس لئے پنویل مہانگرپالیکا سے  ہمارا مطالبہ ہے کہ دیگر  علاقے میں بڑی  جگہ قبرستان کیلئے الاٹ کی جائے ۔
 اس پروگرام میں مقامی رکن اسمبلی پرشانت ٹھاکر ، سابق مقامی کارپوریٹر بابا پٹیل ،   ڈاکٹر سریکھا  موکر ،   سریش کینی ، اپوزیشن لیڈر پریتم ، سابق ڈپٹی میئر وکرانت پاٹل ، پریش ٹھاکر ،  اقبال ناؤڑیکر ، عائشہ ٹرسٹ کے ذمہ داران ، سماجی کارکن اسلم کھوت   ، مولانا دستگیر،مولانا یاسین پٹیل، ریاض حمدولے ، امتیاز خان  اور علاقے کے سرکردہ افراد  شامل تھے جن کی کوششوں سے نہ صرف تلوجہ قبرستان کی زمین الاٹ کی گئی بلکہ اس کے کام کیلئے فنڈ کی رقم بھی منظور کی گئی ہے ۔ انھوں نے  مزید کہا کہ تمام قبرستانوں میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے گورکن ، اور  برگہ( لکڑیاں )  دی جاتی ہیں لیکن  یہاں پر اب تک اس کی سہولت میسر نہیں ہے ۔ یہاں قبرکھودنے کیلئے ۳؍ ہزار روپے  ، برگہ ( لکڑی) کیلئے ایک ہزار  روپے اور کفن کیلئے   ۲؍ ہزار روپے خرچ کرنا پڑتا ہے ۔ البتہ اگر کوئی غریب شخص ہے اور  یہ خرچ برداشت نہیں کرسکتا تو عائشہ ٹرسٹ کی جانب سے اس کا انتظام کیا جاتا ہے ۔ 
 قبرستان کمیٹی کے ایڈوائزر اسلم کھوت نے کہا کہ تلوجہ قبرستان کے سامنے سنیچرکی شام میں اسی سلسلے میں مقامی لیڈران کے ہمراہ میٹنگ رکھی گئی تھی  جس  میں  بی جے پی  لیڈران نے ایک مقامی حافظ کو بلاکر قبرستان  کے اندر جاکر اس کے کام کی  کامیابی کیلئے دعا کروائی ۔ اس موقع پر وہ  لیڈران خود بھی موجود  تھے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ مذہبی معاملہ ہے اس لئے  اس میں بھومی پوجن اور ناریل نہ پھوڑ کر ہم سب دعاکریں کہ قبرستان کا کام آسانی سے اور بہتر طور پر انجام پائے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK