Inquilab Logo Happiest Places to Work

سابق صدر جمہوریہ پرتبھا پاٹل کے شوہراور سینئر کانگریس لیڈر دیوی سنگھ شیخاوت کا دورۂ قلب سےانتقال

Updated: February 25, 2023, 10:58 AM IST | Ali Imran and Agency | pune

ملک کی پہلی خاتون صدرجمہوریہ پرتبھا پاٹل کے شوہر اور کانگریس کے سینئر لیڈر دیوی سنگھ شیخاوت کا جمعہ کو حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال ہوگیا۔

Devisingh Ransingh Shekhawat
دیوی سنگھ شیخاوت

ملک کی پہلی خاتون صدرجمہوریہ پرتبھا پاٹل کے شوہر اور کانگریس کے سینئر لیڈر دیوی سنگھ شیخاوت کا جمعہ کو حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ۸۹؍ سالہ شیخاوت پچھلے کچھ دنوں سے پونے کے ایک نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔  رپورٹ کے مطابق دیوی سنگھ شیخاوت۱۲؍ فروری کو اپنی رہائش گاہ کے باہرپھسل کر گر گئے تھے۔ ان کی سرجری بھی ہوئی لیکن کئی وہ کئی دیگر پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے، جس میں ہائی بلڈ پریشر ،گردے فیل ہونے جیسے امراض تھے۔ جمعہ کی صبح ۹؍ بجے کے قریب انہیں ہارٹ اٹیک آیا  جس کے باعث وہ چل بسے۔ آنجہانی شیخاوت کے پسماندگان میں اہلیہ پرتبھا پاٹل، بیٹا راجندر سنگھ شیخاوت اور ایک بیٹی جیوتی راٹھوڑ شامل ہیں۔ شیخاوت کی آخری رسومات شام۷؍ بجے ویکنٹھ دھام میں ادا کی جائیں گی۔   سینئر لیڈر اور ماہر تعلیم کی ناگہانی موت پر وزیراعظم سمیت تمام لیڈروں نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ معلوم ہوکہ دیوی سنگھ شیخاوت تعلیمی، سماجی اور سیاسی شعبوں میں کئی برسوں سے سرگرم تھے۔۱۹۷۲ء میں انہوں نے بمبئی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی تھی۔ وہ ودیا بھارتی شکشن سنستھا فاؤنڈیشن کے زیر انتظام کالج کے پرنسپل رہے ۔دیوی سنگھ شیخاوت امراوتی میونسپل کارپوریشن کے پہلے میئر تھے اور۱۹۸۵ء کے اسمبلی انتخابات میں امراوتی سے منتخب ہوئے تھے۔ وہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔
صدرجمہوریہ  اور و زیراعظم نے رنج و غم کا اظہار کیا
 صدرجمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے اپنے  پیغام میں کہا کہ’’ڈاکٹر دیو سنگھ کی ناگہانی موت سے صدمہ پہنچا۔دکھ کی اس گھڑی میں ہم  پرتبھا پاٹل جی اور ان کے اہل خانہ  کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔‘‘ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ’’ڈاکٹر دیو سنگھ جی نے اپنے سماجی کاموں اور خدمات کے ذریعہ سماج پر اپنے اثرات چھوڑے ہیں۔ شیخاوت جی کی ناگہانی موت پر میں شریمتی پرتبھا پاٹل جی اور ان کے اہل خانہ  سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ‘‘
 مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سینئر لیڈر دیوی سنگھ شیخاوت کے انتقال سے  کانگریس نے ایک وفادار کارکن کھو دیا۔  ان کی موت کے ساتھ ہی کانگریسی فکر کا ایک حقیقی فرد دنیا سے رخصت گیا۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی شیخاوت اور پاٹل خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK