جنوبی قصبے عدلون میں ایک مکان پر اسرائیل کی بمباری میں شامی خاندان کے بچوں سمیت ۹؍افراد جاں بحق۔
EPAPER
Updated: June 01, 2026, 11:33 AM IST | Beirut
جنوبی قصبے عدلون میں ایک مکان پر اسرائیل کی بمباری میں شامی خاندان کے بچوں سمیت ۹؍افراد جاں بحق۔
اسرائیلی میڈیا نے ایسی تصاویر نشر کی ہیں جن میں جنوبی لبنان کے تاریخی بیوفورٹ قلعے پر اسرائیلی پرچم اور اسرائیلی فوج کی گولانی بریگیڈ کا جھنڈا لہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تصاویر اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان میں ایک بڑے فوجی آپریشن کے اعلان کے فوراً بعد سامنے آئیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بیوفورٹ ریج اور وادی السلوکی کے علاقوں میں وسیع پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس کے دستے دریائے لیطانی عبور کر چکے ہیں اور حزب اللہ کے خلاف دریا کے شمالی علاقوں میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ فوج نے علاقے میں موجود اپنے اہلکاروں کی تصاویر بھی جاری کیں اور دعویٰ کیا کہ حملوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے بھی تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج دریائے لیتانی عبور کر چکی ہے۔ شمالی سرحد پر فوجی دستوں کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج جنوبی لبنان کے علاوہ بیروت اور وادی بقاع میں بھی کارروائیاں کر رہی ہیں۔ نیت بیوفورٹ قلعہ جنوبی لبنان کا ایک اہم تاریخی مقام سمجھا جاتا ہے اور ماضی میں بھی یہ علاقہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کا مرکز رہا ہے۔ لبنانی حکام کی جانب سے اسرائیل کے ان دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا .
یہ بھی پڑھئے: امن معاہدے کے دوسرے مرحلے کیلئے ثالثوں سے رابطہ جاری: حماس
لبنانی قلعہ پر اسرائیلی قبضہ نا قابل قبول: فرانس
فرانس نے صہیونی فوج کی لبنان کے تاریخی قلعے بیوفورت پر قبضے کے بعد سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ فرانسیسی وزیرخارجہ جین نوئل نے کہا ہے کہ لبنانی سرزمین پر اسرائیلی قبضے اور فوجی کارروائیوں کو کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ یہ حملہ قابل مذمت ہے۔
عدلون و اطراف میں بمباری
لبنانی حکام نے کہا ہے تازہ اسرائیلی حملے میں شام سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے ۹؍ شامی پناہ گزین، جن میں چھ بچے بھی شامل تھے، ہلاک ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی قصبے عدلون میں شامی خاندان کے رہائشی مکان پر حملہ کیا جس میں بچوں سمیت ۹؍افراد کی موت ہوگئی۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی این این اے نے اطلاع دی ہے کہ فضائی حملے میں جنوبی شہر سیڈون کے قریب شہریوں کے آباد مکان کو نشانہ بنایا گیا۔