Inquilab Logo

پہلوان بیٹیوں کو انصاف دو ،برج بھوشن سنگھ کو گرفتار کرو

Updated: May 20, 2023, 8:54 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

بھارتیہ مہیلا فیڈریشن اوردیگر تنظیموں کے اشتراک سے دادر اسٹیشن کے باہرزبردست احتجاج ۔ مظاہرین نےسوال کیا:کہاں گیا مودی حکومت کابیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ

A scene of protest outside Dadar railway station in support of female wrestlers.
خاتون پہلوانوں کی حمایت میں دادرریلوے اسٹیشن کے باہر احتجاج کا منظر۔(تصویر: انقلاب)

پہلوان بیٹیوں کو انصاف دو ،برج بھوشن سنگھ کوگرفتار کرو‘‘ بھارتیہ مہیلا فیڈریشن اور دیگر تنظیموں کے اشتراک سے جمعہ کو دادر اسٹیشن کے باہراحتجاج کے دوران مظاہرین نے یہ نعرے لگائے  ۔ وہ  الگ الگ پلے کارڈزبھی  لئے ہوئےتھے ،انہوں نے سوال کیاکہ کہاں گیا مودی حکومت کابیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ ؟آخر حکومت کی اس ملزم کوبچانے میں کیا مجبوری ہے جس کے خلاف ایف آئی آر درج ہوچکی ہےاورپولیس نے اس سےتفتیش بھی کی ہے۔
 بھارتیہ مہیلا فیڈریشن کی جنرل سیکریٹری انورادھا ریڈی نےحکومت کوہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہاکہ ’’دیش کوگولڈ میڈل دلانے والی پہلوان بیٹیاں انصاف مانگنے کیلئے جنتر منتر پر ۲۰؍  دن سے دھرنا دے رہی ہیںلیکن حکومت کے کان پرجوں تک نہیںرینگ رہی ہے۔ کیا مودی حکومت کی نگاہ میںناری اوردیش کا نام روشن کرنے والی بیٹیوں کی یہی قدر ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ ہم سب ان بیٹیو ںکےساتھ ہیں  اور حکومت کو ہرحال میںملزم کو گرفتار کرنا  ہوگا۔ حکومت سیاسی نفع اور نقصان کی بنیاد پراسے بچا رہی ہے لیکن اگر برج بھوشن سنگھ کو گرفتار نہ کیا گیا تو حکومت کواس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔‘‘ 
 جن وادی مہیلا سنگھ کی عہدیدار سگندھی مونیٹیریو نے کہاکہ ’’ حکومت نے جو رویہ اپنایا ہے ،  اس سے افسوس نہیںبلکہ شرم آتی ہے۔ شاید وہ ان پہلوان بیٹیوں کا امتحان لے رہی ہے کہ دیکھیںکب تک دھرنے پربیٹھتی ہیں مگرحقیقت یہ ہے کہ حکومت اس روش سے اپنا نقصان کررہی ہے۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہا کہ ’’اس سے قانون اور تفتیش کادوہرا پیمانہ ثابت ہوتا ہے ۔ ایک شخص طاقتورہے ،ایم پی ہے ، سیاسی اثر رسوخ رکھتا ہے  اس لئے سپریم کورٹ کی سرزنش کےبعد اس کے خلاف ایف آئی آر درج تو ہو جاتی ہے لیکن اسے گرفتار نہیںکیا جاتا ۔ اس لئے حکومت فوراً برج بھوشن شرن سنگھ کوگرفتار کرے ، اسے اورسیاسی ’شرن‘(پناہ) نہ دے۔‘‘
 ببلی راؤ ت (آئی ٹیک مہیلا ٹرسٹ )نے کہا کہ ’’ حکومت کی نگاہ میںناری کا کوئی سمّان نہیں ہے  ورنہ اب تک جنسی ہراسانی کاملزم برج بھوشن سنگھ سلاخوں کے پیچھے ہوتا ۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’یہی وہ پہلوان بیٹیاں ہیںجن کونریند رمودی نے اپنےپریوار کا حصہ قرار دیا تھا اوران کے ساتھ تصویر کشی کروائی تھی ۔آج وہ انصاف کا مطالبہ کررہی ہیں لیکن ایسا لگتاہے کہ حکومت کے کان بند ہیں،ان کی آوازنہیںپہنچ رہی ہے۔‘‘
 کرانتی جوزیکر نےکہاکہ ’’ حکومت پہلوان بہن بیٹیوں کے حوصلے کو کم نہ سمجھے ، انہوں نے واضح کردیا ہےکہ انصاف ملنے تک اوربرج بھوشن سنگھ کی گرفتاری تک وہ اپنا دھرناجاری رکھیںگی ۔‘‘ انہوں نےیہ سوال کیا کہ’’ مودی حکومت کو کیا محض  اقتدار اور کرسی عزیز ہے ، خواتین کی اس کی نگاہ میں کوئی عزت نہیں ہے؟اگر وہ ناری کے سمّان کی واقعی قائل ہے تووہ  ملزم کو کیوں اورکس لئے بچارہی ہے۔ ‘‘
 این سی پی لیڈر ودیا چوہان نے کہاکہ ’’ ہم سب خواتین پہلوانوںکے ساتھ ہیں، ان کی آواز میںآوازملانے کے لئے جمع ہوئے ہیں،وہ خود کو تنہا نہ سمجھیںا ورنہ ہی حکومت انہیںتنہا سمجھنے کی غلطی کرے۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہا کہ ’’ مودی حکومت کی کیا مجبوری ہے کہ وہ ایک ایسے ملزم کو بچارہی ہے جس کے خلاف ایک نہیںبلکہ ۵؍سے زائد خاتون پہلوانوں نےجنسی ہراسانی کی شکایت کی ہے۔ مودی حکومت اگر واقعی خواتین کی عزت کرتی ہے ا وران کی فلاح وبہبودکی قائل ہے توبرج بھوشن سنگھ کوفوراً گرفتار کرے اوردھرنا دینے والی پہلوان بہنوںاوربیٹیوں کو انصاف دے ۔‘‘
 ’ٹی ایس ایس‘ نامی تنظیم کی رکن رابعہ شیخ نے ’پہلوانوںکوانصاف دو ،ملزم برج بھوشن کوجیل میں ڈالو‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے کہاکہ’’ حکومت انصاف دینے میںجتنی تاخیر کرے گی، اتنا ہی اسے نقصان اٹھانا ہوگا کیونکہ انصاف ملنے سے پہلے خاتون پہلوان جنترمنتر سے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں ، ہم تمام بہنیں ان کے ساتھ ہیںاورآئندہ بھی آواز بلند کرتے رہیںگے۔‘‘  اس احتجاج میں فلمساز آنند پٹوردھن ، سی پی آئی کے لیڈرنصیرالحق، کامریڈ ملند راناڈے ، دلت لیڈردادا راؤ پاٹیکر اور ڈاکٹر وویک کورڈے نے بھی پہلوانوںکی حمایت کی اوران کو انصاف دینے کا مطالبہ کیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK