Inquilab Logo

گوفرسٹ ایئرلائن پر ٹکٹ فروخت کرنے کی پابندی عائد

Updated: May 09, 2023, 12:23 PM IST | New Delhi

ایئر لائن کو ریگولیٹر ڈی جی سی اے نے نوٹس جاری کیا اور کمپنی کو ۱۵؍دن میں جواب دینے کیلئے کہا ہے۔ اسپائس جیٹ کو بھی نوٹس جاری کیا گیا

Instructions to refund passengers
مسافروں کو رقم لوٹانے کی ہدایت

گو فرسٹ  ایئر لائن کی طرف سے اچانک تمام پروازیں منسوخ کرنے اور دیوالیہ کی کارروائی کیلئے  اپیل دائر کرنے کے بعد ایئر لائن کو ریگولیٹرڈی جی سی اے  کی طرف سے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ یہ نوٹس ایئر کرافٹ رولز ۱۹۳۷ء کے تحت محفوظ، موثر اور قابل بھروسہ طریقے سے فضائی خدمات کو جاری رکھنے میں کمپنی کی ناکامی پر جاری کیا گیا ہے۔
 نوٹس میں ایئرلائن کو ۱۵؍ دن میں جواب دینےکیلئےکہا گیا ہے۔ ایئر لائن کے جواب کی بنیاد پرڈی جی سی اے کی طرف سے کمپنی کو دیئے گئے ایئر آپریٹنگ سرٹیفکیٹ(اے او سی ) پر فیصلہ کیا جائے گا۔ ڈی جی سی اے نے ایک بیان میں کہا کہ گوفرسٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹکٹوں کی بکنگ اور ٹکٹوں کی فروخت براہ راست اور بالواسطہ  ذرائع  سے فوری طور پر اگلے احکامات تک بند کردے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ۲؍مئی کو ایئر لائن نے اچانک اپنی تمام پروازیں یہ کہتے ہوئے منسوخ کر دی تھیں کہ وہ فنڈس کی کمی کی وجہ سے ایئر لائن کو چلانے سے قاصر ہے۔
اسپائس جیٹ کو بھی نوٹس جاری
 نیشنل کمپنی لا ٹریبونل (این سی ایل ٹی) نے ہوائی جہاز لیز پر دینے والی کمپنی کی درخواست پر اسپائس جیٹ ایئر لائن کو نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ عرضی آئر لینڈ ایئر کیسل لمیٹڈ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ اسپائس جیٹ کے ترجمان نے کہا کہ کمپنی کو موصول ہونے والا نوٹس ایک عام عمل کا حصہ ہے۔ یہ عرضی کمپنی کی  جانب سے۲۸؍ اپریل کو دائر کی گئی تھی۔ پچھلے ہفتے کمپنی نے کہا تھا کہ ایئر کیسل کا کوئی بھی طیارہ اسپائس جیٹ   کے بیڑے کا حصہ نہیں ہے۔
جلد معاملے طے کرنے کیلئے اپیل 
  پریشانی کا شکار ایئر لائن گو فرسٹ نے پیر کو این سی ایل ٹی  سے اپنی رضاکارانہ دیوالیہ  کے حل کی درخواست پر جلد فیصلہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ دریں اثنا،  قرض فراہم کرنے والوں نے ایئر لائن کے طیاروں کی رجسٹریشن ختم کرنا شروع کر دیا ہے۔ قبل ازیں ٹربیونل نے گو فرسٹ کی عرضی سننے کے بعد۴؍ مئی کو اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ سینئر وکیل پی ناگیش نے پرنجل کشور کے ساتھ  پیر کی صبح کے وقت راملنگم سدھاکر کی سربراہی والی پرنسپل بنچ کے سامنے اس معاملے کا ذکر کیا۔ انہوں نے ٹربیونل پر زور دیا کہ وہ ان کی درخواست پر جلد فیصلہ کرے کیونکہ قرض دینے والوں نے ایئر لائن کے طیاروں کی ڈی رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔دوسری طرف  بنچ نے کہا کہ گو فرسٹ کی درخواست پر غور کریں گے اور اس معاملے کو جلد سے جلد نمٹانے کی کوشش کریں گے۔ 

Airline Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK