Inquilab Logo

گوونڈی :پٹری پردراڑ سےہاربرلائن کی ٹرین خدمات متاثر

Updated: July 28, 2022, 12:32 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

صبح کے مصروف اوقات میں ٹرینوںکی قطار لگ گئی ۔ ۱۰؍ٹرین سروسیزمنسوخ اور۳۰؍ ٹرینیں تاخیر سے چلائی گئیں۔ بہت سے پریشان حال مسافر پٹریوں پرچلنے پرمجبور ۔ ۲؍ دن میں دوسری مرتبہ مسافروں کو دشواریوں کا سامنا۔ سینٹرل ریلوے نے دعویٰ کیا کہ ۴۰؍ منٹ میں خرابی دور کردی گئی

Passengers at Vashi station can be seen worried as train services are affected. (Photo: PTI)
ٹرین خدمات متاثرہونے سے واشی اسٹیشن پر مسافروں کو پریشان حال دیکھا جاسکتا ہے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

یہاں بدھ کی صبح ہاربرلائن کی ٹرینیں پٹری پر  دراڑ پڑنے سے متاثر ہوئیں۔ صبح ۷؍بجکر ۵۰؍ منٹ پر گوونڈی اسٹیشن کے پاس پٹری میں یہ خرابی پیدا ہوئی ۔اس کی وجہ سے مسافروں کوزبردست دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔  سینٹرل ریلوے کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق  ۸؍بجکر ۲۷؍ منٹ یعنی ۴۰؍ منٹ میںاس خرابی کو دور کیاگیاجس کےبعد ٹرینوں کی آمدورفت معمول کے مطابق شروع ہوئی ۔حالانکہ سچائی یہ ہے کہ ہاربر لائن کی ٹرینوں کومعمول پرآنے میںایک گھنٹے سے زائد لگا ۔  پٹری پر دراڑ کی وجہ سے ہاربرلائن کی ٹرینوں کی قطار لگ گئی ۔صبح کے دفتری اوقات کے سبب مسافروں کوکافی پریشانی ہوئی۔ اس دوران ۱۰؍سروسیزمنسوخ کی گئیں اور ۳۰؍ ٹرینیں  تاخیر سےچلائی گئیں۔صورتحال یہ تھی کہ ہاربر لائن کے بیشتر اسٹیشنو ںپر ٹرین کا انتظار کرنے والے مسافروں کی بھیڑ  بڑھنے لگی اور بہت سے پریشان حال مسافر مجبوراً ٹرین سے کود کرپٹریوں پرچلتے ہوئے نظرآئے ۔ 
 ریلوے انتظامیہ کی جانب سے اعلان کرکے مسافروں کوبتایا گیا کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہاربرلائن کی ڈاؤن  ٹرینوں کی آمدورفت وقتی طور پررُکی ہوئی ہے۔
 یادرہے کہ  ایک دن قبل ہی منگل کو صبح ۹؍بجکر ۳۹؍ منٹ پرسی ایس ایم ٹی سے پنویل جانے والی ہاربرلائن کی ٹرین بفر اورپلیٹ فارم نمبر ایک سےٹکراگئی تھی جس سے ڈھائی گھنٹے تک پلیٹ فارم نمبرایک پرٹرینوں کی آمدورفت ٹھپ رہی ۔ بدھ کودوسرا دن بھی ہاربرلائن کے مسافروں کے لئے مشکل بھرا رہا ۔
 اس تعلق سے سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او  شیواجی ستار نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’ چونکہ یہ خرابی اچانک پیدا ہوئی تھی اورحفاظتی نقطۂ نظر سے کافی اہم  معاملہ تھا  اس لئے ڈاؤن لائن کی سروسیز کووقتی طورپر روک کر جنگی پیمانے پر مرمت کا کام شروع کیا گیا اورتقریباً ۴۰؍منٹ کے اندر اس خرابی کودور کرکے ٹرینوں کی آمدورفت معمول کے مطابق شروع کی گئی۔ ‘‘ انہوں نے مسافروں کو ہونے والی پریشانی کا اعتراف کیا لیکن یہ بھی کہا کہ ا س طرح کی خرابی کا پہلے سے علم نہیںہوتا ہے ۔ ریلوے کی جانب سے یہ کوشش کی جائے گی کہ پٹریوں کی باریکی سے دیکھ ریکھ کی جائے تاکہ اگرکسی اورمقام پر ایسی کسی خرابی کا اندازہ ہو تو پہلے ہی اس کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے دور کیا جاسکے۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ’’ خرابی اوراس کی مرمت کے دوران ہاربر لائن کے مسافروں کومین لائن کی ٹرینوں میںسفر کی خصوصی اجازت دی گئی تاکہ انہیںکچھ راحت مل سکے۔‘‘
 یہ بھی یاد رہےکہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مانسون کی تیاری کے تعلق سے لمبے چوڑے دعوے کئے گئے تھے لیکن اس طرح کی یکے بعد دیگرے خرابیوں سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ ریلوے کی جانب سے حقیقی معنوں میں کتنی تیاری کی گئی تھی اوراس کے دعوے میںکتنی صداقت ہے ۔

govindi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK