Inquilab Logo

گوونڈی :بائیوویسٹ پلانٹ کے خلاف زبردست احتجا ج

Updated: August 09, 2022, 10:26 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

سیکڑوں افراد کا ایس ایم ایس کمپنی کے باہر دھرنا ۔گھاٹکوپرمانخوردلنک روڈ جام کردیا۔ ایم ایسٹ وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کو مقامی رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے میمورنڈم دیا

Protesters are protesting against SMS company on Ghatkopermankhurd link road.
مظاہرین گھاٹکوپرمانخورد لنک روڈ پر ایس ایم ایس کمپنی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ (تصویر: انقلاب)

  یہاں کے علاقے شیواجی نگر میںواقع  بائیوویسٹ پلانٹ کے خلاف مقامی رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کی قیادت میں کمپنی کو ہمیشہ کیلئے بند کرانے کی خاطرپارٹی  ورکروں  اور علاقے کے سیکڑوں افراد نے احتجاج کیا  اور  ’ایس ایم ایس کمپنی کو تالا لگاؤ آندولن‘ کرتے ہوئے  دھرنا دیا ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ جب تک  بی ایم سی کا کوئی اعلیٰ افسر آکر یہ یقین دہانی نہیں کرائے گا کہ کمپنی کو کب تک بند کیا جائے گا ، اس وقت تک دھرنا جاری رہے گا ۔ اس دوران انہوں نے میونسپل کارپوریشن  ، ریاستی حکومت اور ایس ایم ایس کمپنی کے خلاف  نعرے لگائے  ۔ احتجاج کی وجہ سے گھاٹکوپر مانخورد لنک روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ 
   شیواجی نگر  میں واقع ڈمپنگ گراؤنڈ سے قریب  ایس ایم ایس  اینوو کلین پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی   ہے ۔یہ ممبئی میں واحد کمپنی ہے جس میں  پورے شہر کے  اسپتالوں سے نکلنے والے حیاتیاتی فضلات (بائیوویسٹ ) اور آپریشن سے نکالے گئے انسانی اعضاء وغیرہ ۲۴؍ گھنٹے جلائے جاتے ہیں جس سے نکلنے والے زہریلے دھوئیں مقامی افراد کی صحت کیلئے مضر ثابت  ہورہے ہیں ۔ حالاں کہ ایس ایم ایس کمپنی کو دیگر علاقے میں منتقل کرنے کیلئے کئی برسوںسے کوشش جاری ہے اور  ریاستی  حکومت کی جانب سےکمپنی بند کرنے کی مہلت کئی ماہ قبل پوری ہوچکی ہے لیکن  اب تک ایس ایم ایس کمپنی کو بند نہیں کیا گیا ہے ۔ ایک سروے رپورٹ کے مطابق شہرومضافات کے دیگر علاقوں کے شہریوں کی عمریں جہاں ۶۰؍ سے ۷۰؍ سال ہیں وہیں گوونڈی کے شہریوں کی عمریں ایس ایم ایس کمپنی کے سبب فضائی آلودگی  سے  صرف ۳۹؍سال  ہوگئی ہے ۔  اس کی  وجہ  ایس ایم ایس کمپنی کو قرار دیا جارہاہے ۔ 
 واضح رہے کہ گوونڈی کی ایس ایم ایس کمپنی کے خلاف  جہاں علاقے کی غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے ہر سطح پر کوششیں جاری ہیں جن میں قانونی  چارہ جوئی بھی شامل ہے   وہیں سماج وادی پارٹی کی جانب سے ایک بار پھرمذکورہ کمپنی کے گیٹ کے سامنے ’ ایس ایم ایس کمپنی کو تالا لگاؤ آندولن‘ کیاگیا ۔اس احتجاج کی وجہ سے آج کمپنی میں  کام کاج روک  دیا گیا  ۔ اس سے قبل علاقے کی تنظیموں کی جانب سے ۵؍ اگست کو بھی ایس ایم ایس کمپنی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے  اسے بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ 
  کمپنی کے باہر  سابق مقامی کارپوریٹر رخسانہ ناظم صدیقی اور عائشہ نورجہاں رفیق شیخ نے  الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایس کمپنی کے خلاف احتجاج کرنے سے قبل پولیس نے پارٹی کے ورکروں کو دفعہ ۱۴۹؍ کا نوٹس دے کر احتجاج  روکنے کی کوشش کی تھی ۔ اسی وجہ سے عائشہ شیخ کے والد رفیق شیخ سمیت پارٹی کے متعدد ورکروںکو پولیس نے جہاں اپنی تحویل میں لے لیا وہیں کئی ورکروں کو مکان میں قید کرنے کیلئے پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا تھا ۔ 
 پیر کو دوپہر تقریباً ۲؍بجے گوونڈی کے متعدد علاقوں سے سماجوادی پارٹی کے ورکرس اور مقامی افراد ڈمپنگ گراؤنڈ کے کارنر پر شہنائی ہال کے پاس جمع ہوئے اور  رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کی قیادت میں  ایس ایم ایس کمپنی کی جانب بڑھنے لگے۔ مظاہرین نے ’ ایس ایم ایس کمپنی بند کرو، زہر آلود کمپنی بند کرو ، آدتیہ ٹھاکرے دھوکے باز ، آدتیہ ٹھاکرے مردہ باد،  ابوعاصم ہلّہ بول ‘ جیسے  نعرے لگارہے تھے۔  اس وقت کمپنی کے آس پاس کا علاقہ پولیس چھاؤنی میں تبدیل ہوگیا تھا ۔ پولیس نے کمپنی کے باہر بیریکیڈ لگاکر مظاہرین کو قریب جانے سے روک دیا۔   اس احتجاج کی وجہ سے کافی دیر تک ٹریفک نظام بھی متاثر رہا  ۔
  احتجاج کے دوران مقامی رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی زمین پر بیٹھ گئے اور ان کو دیکھ کر مظاہرین بھی  زمین پر بارش کےباوجود بیٹھ گئےجن میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل تھیں ۔شام تقریباً ۴؍ بجے ایس ڈبلیوایم کے چیف انجینئر پورنے اور ایم ایسٹ وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر اوبالے نے آکر  ۵؍ افراد پر مشتمل وفد جن میں ابوعاصم اعظمی بھی شامل تھے ،  سے ملاقات کی ۔ ابوعاصم اعظمی نے انھیں میمورنڈم دیاجس میں کئے گئے مطالبے پر افسران نےکہا کہ اس سلسلے میں ایک کمیٹی بنائی جائے گی اور وہ ۱۵؍ دن میں کمپنی بند کرنے سے متعلق فیصلہ کرے گی ۔ اس کے علاوہ یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ جب تک کمپنی نوی ممبئی  کےکھالا پور میں منتقل نہیں ہوجاتی ہے ، اس وقت تک کمپنی میں لائے جانے والے بائیوویسٹ کے دیگر کام کمپنی میں کئے جائیں لیکن جلانے کا کام تلوجہ کی کمپنی  میں کئے جائیں ۔

govandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK