سب سے کم پانی سپلائی کرنے والی تُلسی اور ویہار پرموسلا دھار مگر ۴؍ جھیلوں پر معمولی اور سب سے بڑی جھیل پر بالکل بارش نہیں ہوئی۔ آج کیلئے یلو الرٹ
EPAPER
Updated: June 25, 2026, 8:17 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
سب سے کم پانی سپلائی کرنے والی تُلسی اور ویہار پرموسلا دھار مگر ۴؍ جھیلوں پر معمولی اور سب سے بڑی جھیل پر بالکل بارش نہیں ہوئی۔ آج کیلئے یلو الرٹ
منگل اور بدھ کی درمیانی شب ممبئی میں موسلادھار بارش ہوئی اور محض چند گھنٹوں میں پورے جون میں ہونے والی بارش کا نصف برس گئی۔ تاہم اس کے برخلاف جھیلوں پر ہلکی سے اوسط بارش درج کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے بدھ کو دن بھر کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا تھا لیکن شام تک بارش تھم گئی اور کئی علاقوں میں دھوپ نکل آئی تھی۔ اس کے علاوہ جمعرات اور جمعہ کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے رات ڈھائی بجے اور پھر صبح ۴؍ بجے ۳، ۳؍ گھنٹوں کیلئے دو مرتبہ ریڈ الرٹ جاری کیا تھا۔ اس دوران رات کو ۸؍ بجے سے شب کو ۳؍ بجے کے درمیان بی ایم سی کے ذریعہ متعدد علاقوں میں نصب شدہ ویدر گیج پر تین ہندسوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کی مشاہدہ گاہوں میں ۲۳؍ جون کی صبح ۸؍ بجے سے ۲۴؍ جون کی صبح ۸؍ بجے کے درمیان ۲۴؍ گھنٹوں میں قلابہ میں ۲۸۴؍ اور سانتا کروز میں ۲۲۵؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ واضح رہے کہ ممبئی میں ہر سال جون میں واسطاً ۵۰۵؍ سے ۵۴۲؍ ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی جاتی ہے۔
ممبئی کے شہری علاقوں میں بارش نے دھواں دھارشروعات کی لیکن ملک کی تجارتی راجدھانی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں پر معاملہ اُلٹ نظر آیا۔ صرف ۲؍ جھیلوں، تُلسی اور ویہار، پر بھاری بارش ہوئی لیکن یہ دونوں جھیلیں اتنی چھوٹی ہیں کہ ان سے ممبئی کو محض ایک سے ۲؍ فیصد پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔ بدھ کی صبح ۶؍ بجے تک تُلسی پر ۲۶۳؍ جبکہ ویہار لیک پر ۱۴۲؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تیسری جھیل جس پر اوسط بارش ہوئی وہ بھاتسا ہے جہاں ۷۰؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔
بھاتسا جھیل رقبہ کے اعتبار سے ساتوں جھیلوں میں سب سے بڑی ہے البتہ ممبئی کو سب سے زیادہ پانی اَپر ویترنا سے سپلائی کیا جاتا ہے لیکن اس پر بارش نہیں ہوئی اور اس جھیل میں اب سپلائی کرنے کیلئے پینے لائق پانی نہیں بچا ہے جب تک یہاں مناسب بارش نہیں ہوجاتی تب تک یہاں سے پانی سپلائی بند رہے گی۔