Inquilab Logo

امسال ہاپوس آم تاخیر سے دستیاب ہونگے،موسمی تبدیلیوں سے باغبان پریشان

Updated: February 20, 2023, 12:29 PM IST | Siraj Shaikh | Ratnagiri

موسمیاتی تبدیلی سے آم کی فصلیں متاثر ہورہی ہیں،داپولی سے ہاپوس آم کی پہلی پیٹی واشی منڈی روانہ کی گئی لیکن پھلوں کی کمی خارج از ا مکان نہیں

 Hapus mangoes will be available in the market soon
ہاپوس آم جلد ہی بازار میں دستیاب ہوں گے

امسال پھلوں کا راجا ہاپوس آم جلد دستیاب نہیں ہوگا ۔ موسمیاتی تبدیلی آم کی فصل کیلئے اچھی نہیں  ہوتی۔اس لئے  ہاپوس آم دیر سے دستیاب ہوں گے ۔ خطہ کوکن میں آب و ہوا  میں  ہونے والی تبدیلی کے سبب آم کی فصل متاثر ہوئی ہے۔آب وہوا میں متواتر تبدیلیوں سے باغبان پریشان ہیں تو دوسری طرف  بازاروں میںپھلوں کی کمی اور قیمتوں میں اضافہ کے امکان سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا ۔اسی کے ساتھ تاجروں اور ایکسپورٹرز کو بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
 کوکن میں پچھلے کچھ دنوں سے کچھ زیادہ ہی ٹھنڈی پڑ رہی ہے۔ کئی مقامات پر موسم معتدل  ہے ۔بعض مقامات پر آم کے درختوں پر پھل بھی لگ رہے ہیں۔اس لئے کچھ علاقوں کے باغبانوں میں خوشی کا ماحول ہے۔ تاہم، آب و ہوا میں متواتر تبدیلیاں باغبانی کے کسانوں کو اب بھی پریشان کر رہی ہیں۔
 رتناگیری کے داپولی شہر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہاں سے ہاپوس آم کی پہلی پیٹی واشی منڈی میں روانہ کر دی گئی ہے۔ داپولی تعلقہ کے امبوالی بدروک کے آم کی کاشت کرنے والے منوج کیلکر نے اپنے باغات سے ہاپوس آم کے ۶؍درجنوںوالی پیٹی واشی منڈی میں فروخت کیلئے بھیجی ہے۔ تعلقہ کا امبوالی بدروک گاؤں آم کے پھل کی فصل کیلئے مشہور ہے۔ اس گاؤں میں آم کے بڑے باغات ہیں اور کیلکر برادران نے گاؤں کے مکینوں کو روزگار کے ذرائع فراہم کئے ہیں۔  بتایا گیا ہے کہ صبح کے وقت سرد موسم کی وجہ سے باغبانوں میں اطمینان کا ماحول ہے۔ صبح کے اوقات میں رتناگیری ضلع میں موسم سرد رہتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ٹھنڈی کا یہ سلسلہ آئندہ ۱۵ روز تک جاری رہے گا۔ گرتا ہوا درجہ حرارت آم کے پھولوں کے تیار ہونے کے حق میں ہے۔رائے گڑھ ، رتناگیری اور سندھودرگ اضلاع کے ہاپوس آم ممبئی اورپونے میں بھیجنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ فروٹ منڈی میں ہاپوس آم کی آمد شروع ہوگئی ہے۔ خطہ کوکن سے روزانہ ۱۰؍ سے ۱۵؍  آموں کی پیٹیاں مارکیٹ میں بھیجی جا رہی  ہیں لیکن ہاپوس آم کا باقاعدہ سیزن مارچ  سے شروع ہو گا۔مارچ کا پہلے ہفتے سے ہاپوس آم کا سیزن شروع ہو جائے گا۔اس کے بعد مرحلہ وارہاپوس آم کی آمد بڑھے گی اور یہ آم عام لوگوں کی دسترس میں رہے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK