Inquilab Logo

جتیندراوہاڑ کی کولہاپوری چپل کا جواب حسن مشرف نے کاپشی چپل سے دیا

Updated: August 27, 2023, 9:54 AM IST | kolhapur

اوہاڑ : غداروں کو کچلنے کیلئے کولہاپوری چپل کا استعمال کیا جانا چاہئے ، حسن مشرف :کولہاپو ر میں کولہاپوری نہیں کاپشی چپل مشہور ہے ایک پڑے گی تو پتہ چل جائے گا

Hasan Musharraf says that Jitendra Ohar (inset) is quite junior to him
حسن مشرف کا کہنا ہے کہ جتیندر اوہاڑ ( انسیٹ) ان سے کافی جونیئر ہیں

این سی پی کے دونوں گروہوں  کے درمیان گھمسان جاری ہے۔ شرد پوار اور اجیت پوار کے خیموں سے ایک دوسرے کی طرف تیر برسائے  جا رہے ہیں۔ ایک روز قبل کولہاپور میں شرد پوار کی ریلی کے دوران  جتیندر اوہاڑ نے باغی گروپ کے اراکین کو کولہاپوری چپل سے مارنے کی بات کہی  جس کے جواب میں اجیت پوار خیمے کے حسن مشرف نے انہیں کولہاپور ہی کی کا پشی   چپل یاد دلائی۔ 
  ریلی کے دوران جتیندر اوہاڑ نے کہا ’’ مہاراشٹر میں اب غداری دکھائی دینے لگی ہے۔ یہ سارے سانپ بلوں میں چھپے ہوئے تھے۔ اب یہ سانپ بلوں سے باہر آ رہے ہیں۔  ان سانپوں کو کچلنے کیلئے ہمیں چپل ہی کا استعمال کرنا ہوگا۔‘‘  اوہاڑ نے کہا ’’آپ سب کو معلوم ہے کہ کولہاپور میں سب سے مشہور چیز کیا ہے.... چپل! اس چپل کا ہی استعمال پورے مہاراشٹر میں کیا جائے ۔ میری یہی خواہش ہے۔‘‘  یاد رہے کہ کولہاپور حسن مشرف کا علاقہ ہے جو اس وقت اجیت پوار خیمے میں ہیں اور وزیر برائے طبی تعلیم کا قلمدان سنبھال رہے ہیں۔ اوہاڑ کے اس فقرے کو براہ راست انہی پر حملہ سمجھا جا رہا ہے۔ اوہاڑ نے آگےکہا ’’  آج کولہاپور میں سارے استادوں سے ملنے ہمارا استاد آیا ہے۔ ہمارا استاد بے حد خطرناک ہے۔  اگر اس نے کسی کو کشتی کا چیلنج دیدیا تو سامنے والے کی حالت خراب ہو جاتی ہے۔‘‘  یاد رہے کہ اسی جلسے میں خود شرد پوار نے بھی حسن مشرف پر حملہ کیا تھا۔ 
  جتیندر اوہاڑ کا بیان جب حسن مشرف تک پہنچا تو انہوں نے جواب میں اوہاڑ کو کولہا پور کی کاپشی چپل یاد دلائی۔  انہوں نے کہا ’’ جتیندر اوہاڑ مجھ سےکافی جونیئر ہیں۔ انہوں نے شرد پوار پر کیا جادو کیا ہے مجھے نہیں معلوم۔ انہوں نے تھانے میں این سی پی کو ختم کر دیا ہے۔ انہیں اس طرح کی باتیں نہیں کرنی چاہئے ۔ ‘‘  اتنا ہی نہیں انہوں نے یہ سنسنی خیز انکشاف بھی کیا کہ ’’جب ایکناتھ شندے شیوسینا کے اراکین کو لے کر گوہاٹی چلے گئے تھے۔ اسی وقت این سی پی کے ۵۳؍  اراکین نے شرد پوار کو خط لکھا تھا کہ ہمیں بھی اقتدار میں جانے کی اجازت دیجئے۔ ‘‘  مشرف نے کہا ’’یعنی اس وقت ہائوسنگ کا محکمہ کس طرح ان کے دل سے چمٹا ہوا تھا۔  اس وقت کہاں گیا تھا بھائی تیرا دھرم؟اس وقت کیوں تم نے (اس خط پر)دستخط کئے تھے؟‘‘ حسن مشرف نے کہا ’’ کولہاپوری چپل نہیں بلکہ کاپشی چپل مشہور ہے۔ وہ کر کر بجتی ہے۔  وہ ایک لگےگی تو معلوم پڑے گا اسے۔‘‘  یاد رہے کہ یاد رہے کہ کولہاپور میں کاپشی ایک مشہور جگہ ہے جہاں کی چپلیں مشہور ہیں۔ یہ چپلیں بےحدمضبوط ہوتی ہیں اور اسے کبھی شاہی گھرانے کے افراد پہنا کرتے تھے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK