سعودی عرب میں سب سےزیادہ بارش صوبہ مکہ مکرمہ میں درج کی گئی کویت میں کئی علاقے زیرآب، یواے ای میں طوفان کا خطرہ، الرٹ جاری۔
EPAPER
Updated: March 28, 2026, 10:41 AM IST | Riyadh
سعودی عرب میں سب سےزیادہ بارش صوبہ مکہ مکرمہ میں درج کی گئی کویت میں کئی علاقے زیرآب، یواے ای میں طوفان کا خطرہ، الرٹ جاری۔
خلیجی ممالک میں طوفانی وموسلادھار بارش کے سلسلے سےمعمولات زندگی درہم برہم ہیں۔ مختلف شہرزیر آب آگئے ہیں ، سیلابی صورتحال کے سبب راستوں پر آمدورفت بند کردی گئی ہے۔
سعودی عرب میں ۱۱؍صوبوں میں زبردست بارش
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران۱۱؍ صوبوں میں مختلف شدت کی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سعودی وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت کی یومیہ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بارش صوبہ مکہ مکرمہ کی کمشنری الکامل میں ۵۹ء۶؍ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ طائف کے علاقے الہدا میں ۵۷ء۶؍ ملی میٹر اور الشفا میں ۴۴ء۳؍ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ جموم کے علاقے ریان میں ۴۲ء۸؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح صوبہ مدینہ منورہ کی کمشنری بدر کے علاقے مسیجید میں ۳۹ء۴؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر۲۳۸؍ہائیڈرولوجیکل اور موسمیاتی نگرانی کے اسٹیشنوں نے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارشوں کا ریکارڈ مرتب کیا۔ ان میں ریاض، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، الشرقیہ، عسیر، تبوک، حائل، شمالی حدود، باحہ اور جوف کے صوبے شامل ہیں ۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی حملوں سے لبنان کو انسانی تباہی کا خطرہ
یو اے ای میں شدید بارش کے ساتھ ساتھ طوفان کا خطرہ
متحدہ عرب امارات(یواے ای) میں شدید بارش کے بعد طوفان کے خطرے کے پیش نظر محکمۂ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کے بعد طوفان کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ اماراتی محکمۂ موسمیات نے ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ گزشتہ چند گھنٹوں سے متحدہ عرب امارات کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ ہفتے کے آخر تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے بعد صورتحال میں بتدریج بہتری متوقع ہے۔
کویت میں متعدد راستے بند کردئیے گئے
کویت میں شدید موسلا دھار بارش اور خراب موسم نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے۔ طوفانی بارش کے باعث ملک کے بڑے حصے زیر آب آ گئے، جس کے بعد کئی اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں اور حکومتی اداروں کی جانب سے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ داخلہ نے شہریوں اور مقیم افراد کو انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے کئی اہم راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور ٹریفک قوانین و سیکورٹی اہلکاروں کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ ہنگامی صورتحال کی اطلاع دینے کے لیے ایمرجنسی ہاٹ لائن(۱۱۲)فعال ہے۔ دوسری جانب وزارتِ تعمیراتِ عامہ نے ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ وزارت کے انڈرسکریٹری، عید الراشدی نے بتایاکہ ہمارا سینٹرل آپریشن یونٹ تمام گورنریٹس میں پانی کی سطح کی نگرانی کر رہا ہے۔