Inquilab Logo

ہالی ووڈ احتجاج: ایمی ایوارڈز، متعدد فلموں اور ویب سیریز کی ریلیز ملتوی

Updated: July 29, 2023, 8:32 PM IST | Los Angeles

اگر پروڈیوسروں اور فنکاروں کے درمیان تنازعات حل ہوگئے تو ایمی ایوارڈ جنوری ۲۰۲۴ء میں ہوگا۔ ’’اسپائیڈر مین‘‘، ’’گھوسٹ بسٹرز‘‘ اور ’’کراوین دی ہنٹر‘‘ جیسی کئی فلموں کی ریلیز کی تاریخیں موخر۔ ’’مصنوعی ذہانت کے ماہر کی تلاش ہے‘‘ ملازمت کا اشتہار دینے پر نیٹ فلکس کے خلاف غم و غصہ

A scene of protest against artificial intelligence in Hollywood. Photo: INN
ہالی ووڈ میں مصنوعی ذہانت کے خلاف احتجاج کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

امریکہ کے ہالی ووڈ میں ڈبلیو جی اے اور ایس اے جی ۔ اے ایف ٹی آر اے کی جانب سے جاری احتجاج کا اثر پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز پر بھی نظر آئے گا۔ یہ تقریب ۱۸؍ ستمبر ۲۰۲۳ء کو ہونے والی تھی لیکن تقریب سے جڑے سپلائرس وغیرہ کو معلومات ملی ہے کہ ایمی ایوارڈ اب ۱۸؍ ستمبر کو نہیں ہوگا۔ ایل اے ٹائمز نے اطلاع دی ہے کہ ایمی ایوارڈز جنوری ۲۰۲۴ء میں اسی صورت میں ہوسکتے ہیں جب اسٹوڈیوز اور یونین کے درمیان تنازعات حل کرلئے جائیں۔ واضح رہے کہ یہ دو دہائیوں میں پہلی بار ہوگا جب ’’ایمیز ‘‘ (ایم ایوارڈز) کی تاریخ کو موخر کیا جائے گا۔ اس سے قبل۹؍ ستمبر ۲۰۰۱ء میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد یہ تقریب دو ماہ کی تاخیر سے ہوئی تھی۔خیال رہے کہ ٹیلی ویژن اکیڈمی اور کیبل نیٹ ورک فاکس نے ان تبدیلیوں کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔ یہ ادارے مشترکہ طور پر۷۵؍ واں ایمیز منعقد کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ ۲۰۲۰ء میں وبائی حالات کے دوران یہ تقریب آن لائن منعقد کی گئی تھی۔ 
کم و بیش ۶۵؍ ہزار اداکار، جن میں سے بیشتر کو سالانہ ۲۷؍ ہزار ڈالر سے کم معاوضہ ملتا ہے، ۱۱؍ ہزار ۵۰۰؍ قلمکاروں کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوئے ہیں۔ اسے ’’ڈبل اسٹرائیک‘‘ یعنی دوہرا احتجاج قرار دیا جارہا ہے۔ ڈبلیو جی اے (رائٹرس گلڈ آف امریکہ) یعنی فلمی قلمکاروں نے یہ احتجاج مئی میں شروع کیا تھا جس سے اداکاروں کی تنظیم (ایس اے جی۔ اے ایف ٹی آر اے) اس ماہ کے اوائل میں جڑی ہے۔
’’مصنوعی ذہانت کے ماہر کی تلاش ہے‘‘ ملازمت کا اشتہار دینے پر نیٹ فلکس کے خلاف غم و غصہ
مصنوعی ذہانت(اے آئی) کے ماہر کیلئے ملازمت  کا اشتہار پوسٹ کرنے کے بعد نیٹ فلکس کو ہالی ووڈ اداکاروں اور قلمکاروں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اس عہدے پر فائز ہونے والا شخص اس کے مشین لرننگ پلیٹ فارم ٹیم سے وابستہ ہوجائے گا جو ناظرین کو ان کے پسند کے پروگرام منتخب کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔ یہ عہدہ پانے والے شخص کو سالانہ ۹؍ لاکھ ڈالر معاوضہ دیا جائے گا جس سے فنکار غم وغصے میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ ہالی ووڈ یونینز ان خدشات پر ہڑتال کر رہی ہیں کہ کس طرح اے آئی تفریحات کی صنعت اور تنخواہ کو متاثر کررہا ہے۔ اسی طرح نیٹ فلکس کی جانب سے ملازمت کے مزید اشتہارات سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں جن میں اے آئی ٹیم کیلئے بھرتیاں کی جارہی ہیں اور انہیں پرکشش تنخواہوں کی پیشکش کی جارہی ہے جبکہ فنکاروں کو کم معاوضے میں کام کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہالی ووڈ احتجاج کا اثر: ’’ڈُون۔۲‘‘ کی ریلیز میں تاخیر

اسپائیڈر مین جیسی کئی فلموں کی تاریخیں ملتوی
مذکورہ احتجاج کے سبب ’’ڈون۔۲‘‘ ہی کی طرح اب دیگر ہالی ووڈ فلموں اور ویب شوز کی ریلیز کی تاریخیں موخر کی جارہی ہیں۔ سونی پکچرز کی ’’گراں تریزمو‘‘ ۱۱؍ اگست ۲۰۲۳ء کو ریلیز ہونے والی تھی جو اَب دو ہفتے بعد یعنی ۲۵؍ اگست کو ریلیز ہوگی۔ اسٹوڈیو نے یہ حکمت عملی ہڑتال سے نمٹنے کیلئے اپنائی ہے۔ سونی نے جمعہ کو تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے ایک ای میل میں کہا، ’’ستارے فلم کی تشہیر نہیں کر سکتےلیکن ناظرین کر سکتے ہیں۔‘‘
اسی طرح ’’ گھوسٹ بسٹرز‘‘ کا سیکوئل جو دسمبر ۲۰۲۳ء میں ریلیز ہونے والا تھا، اب آئندہ سال مارچ میں ہوگا۔ ’’کراوین دی ہنٹر‘‘ اکتوبر ۲۰۲۳ء میں ریلیز ہونے والی تھی، جو اَب ۳۰؍ اگست ۲۰۲۴ء کو ریلیز ہوگی۔ ’’اسپائیڈر مین: بییونڈ دی ساپائیڈر ورس‘‘  کی ریلیز کی تاریخ بھی موخر کردی گئی ہے۔ والٹ ڈزنی کمپنی نے اس ہفتے کے شروع میں کہا تھا کہ وہ ایما اسٹون کی اداکاری سے سجی فلم ’’پوور تھنگز‘‘ کو دسمبر تک موخر کر رہی ہے۔ 
خیال رہے کہ ہالی ووڈ ڈبل اسٹرائیک کی وجہ سے امریکہ کی فلم پروڈکشن کمپنیوں کا کاروبار ٹھپ پڑگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK