Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’امید ہے بی جے پی لیڈر سلنڈر لیکر سڑک پر اترینگے‘‘

Updated: June 08, 2026, 11:10 AM IST | New Delhi

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ’’مودی حکومت کے ۱۲؍ برسوں میں سلنڈر کی قیمت ۵؍ سو روپے سے زائد بڑھ چکی ہے، اب بی جے پی کے ان لیڈروں کو کیا ہوا جو آئے دن سلنڈر لیکر سڑک پر بیٹھ جاتے تھے ؟ ‘‘ اکھلیش یادو نے بھی حکومت پر طنز کیا۔

Congress party workers in Kanpur staged a massive protest by holding cylinders. PTI
کانپور میں کانگریس پارٹی کے کارکنان نے سلنڈر رکھ کر زبردست احتجاج کیا۔ پی ٹی آئی

کانگریس پارٹی نے اتوار کو گھریلو گیس کی قیمتوں میں اضافے کو لے کر مودی حکومت پر جم کر حملہ بولا ہے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’گھریلو ایل پی جی کی قیمتوں میں لگی آگ کی لپٹیں عوام کے باورچی خانے کو جھلسانے پر آمادہ ہیں !! مودی حکومت نے گزشتہ ۴؍مہینوں میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں ۸۹؍روپے کا اضافہ کیا ہے۔ ‘‘کانگریس صدر نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا کہ ہمارے ۳؍ سوال ہیں۔ پہلا سوال انہوں نے یہ کیا کہ ’’پارلیمنٹ میں مودی جی نے بڑے بڑے دعوے کئے تھے کہ وہ مغربی ایشیا کی جنگ کے پیش نظر ۴۱؍ممالک سے ایندھن کی فراہمی کے ذرائع کو متنوع بنا رہے ہیں۔ اس کا کیا ہوا؟ دیہی علاقوں میں آج بھی ایل پی جی کی قلت کیوں ہے؟‘‘ دوسرا سوال یہ کیا کہ۲۰۲۶ء کے مالی سال میں اجولا یوجنا کے تحت۵ء۶۵؍کروڑ خاندانوں نے صرف ایک بار یا ایک بار بھی ایل پی جی سلنڈر ری فل نہیں کروایا۔ ان میں سے بھی ۳ء۳۰؍کروڑ خاندان ایسے ہیں جنہوں نے ایک بھی سلنڈر ری فل نہیں کروایا۔ یہ تو مغربی ایشیا کے بحران سے پہلے کی بات ہے۔ کیا یہ مودی حکومت کی لوٹ کھسوٹ کا نتیجہ نہیں ہے؟‘‘
تیسرا اور آخری سوال ملکارجن کھرگے نے یہ کیا کہ ’’مودی جی اور بی جے پی کے لیڈران یو پی اے حکومت کے دوران مہنگائی کے خلاف خوب شور مچاتے تھے۔ کیا یہ سچ نہیں ہے کہ مودی حکومت کے ۱۲؍ برسوں میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں ۵۳۰؍ روپے کا اضافہ ہوا ہے؟ اب بی جےپی کے لیڈران سڑکوں پر سلنڈر لے کر کیوں نہیں بیٹھ رہے ہیں ؟ امید ہے کہ اس نئے اضافہ کے بعدبی جے پی کے لیڈران سلنڈر لے کر سڑکوں پر اتریں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: آج اپوزیشن کا’جن بندھن‘، ۲۳؍ پارٹیوں کی شرکت

کانگریس نے اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی ہے۔ پارٹی نے لکھا کہ ’’مہنگائی مین مودی کا چابک پھر چلا ہے۔ اب گھریلو گیس سلنڈر ۲۹؍ روپے مہنگا کر دیا گیا۔ ‘‘ کانگریس نےاپنی پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ ’’مودی کا فنڈا صاف ہے، عوام سے وصولی کرو، امیر دوست کی تجوری بھرو۔ ‘‘گھریلو سلنڈر کی قیمت میں اضافے پر کانگریس کے علاوہ اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’روٹی کے مہنگے ہونے سے تھالی گئی روٹھ، بی جے پی سے اب تو ہر آس گئی ٹوٹ۔ ‘‘ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ سلنڈر کے دام میں اضافہ کرنے کے بجائے اس کی قیمت کم کی جائے کیوں کہ جب عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور گیس کی قیمتیں بہت کم تھیں تو سرکار نے دام کم نہیں کئے تھےاور اب کسی بنیاد پر سرکار دام بڑھا رہی ہے؟ 
قابل ذکر ہے کہ سرکاری تیل کمپنیوں نے ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔ ۱۴؍کلوگرام والے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں ۲۹؍روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے بعد دہلی میں اس کی قیمت ۹۱۳؍روپے سے بڑھ کر۹۴۲؍ روپے ہو گئی ہے۔ دہلی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی یہ نئی قیمت ۷؍ جون سے ہی نافذ ہو گئی ہے۔ اس سے قبل یکم جون کو ۱۹؍کلوگرام والے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا۔ کمرشیل ایل پی جی کی قیمت میں ۴۲؍ روپے کا اضافہ کیاگیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK