پولیس کے مطابق لارنس بشنوئی تفتیش میںتعاون نہیںکررہا ہے ،گینگسٹر نے خودکو موسے والا کے قتل سے ا لگ کرلیا،نیرج بوانا گینگ نے انتقام کی دھمکی دی
EPAPER
Updated: June 03, 2022, 9:14 AM IST | new Delhi
پولیس کے مطابق لارنس بشنوئی تفتیش میںتعاون نہیںکررہا ہے ،گینگسٹر نے خودکو موسے والا کے قتل سے ا لگ کرلیا،نیرج بوانا گینگ نے انتقام کی دھمکی دی
پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد پولیس کی کارروائی جاری ہے۔ دہلی کے تہاڑ جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی اس وقت دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی ریمانڈ پر ہے۔میڈیا ذرائع کے مطابق پولیس نے اسے ایک پرانے کیس میں ریمانڈ پر لیا ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لارنس تفتیش میں تعاون نہیں کر رہا ہے۔ پولیس کو ابھی تک موسے والا کے حملہ آوروں کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔پولیس کی پوچھ گچھ میں گینگسٹر لارنس نے گلوکار موسے والا کے قتل سے خود کو الگ کرلیا ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پوسٹس کے بارے میں اسے کوئی معلومات نہیں ہے۔ لارنس نے پولیس کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر جو بھی پوسٹس ڈالی جارہی ہیں اس میں اس کا یا اس کے گینگ کا کوئی کردار نہیں ہے۔ اگر پولیس ذرائع پر یقین کیا جائے تو لارنس نے یقینی طور پر انکشاف کیا ہے کہ موسے والا کو وکی مڈوکھیڑا کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے قتل کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پنجاب کی میوزک انڈسٹری میں جاری بالادستی کی جنگ کی کہانی بھی منظرعام پر آئی ہے۔ ذرائع کی مانیں تو گینگسٹر پنجاب میوزک انڈسٹری میں اپنا پیسہ لگاتے ہیں۔ گینگسٹر نئے فنکاروں کو ڈیبو کراتے ہیں اور ان کے البم بناتے ہیں اور پھر منافع بھی بانٹتے ہیں۔ اسی وجہ سے وہاں کے ابھرتے ہوئے فنکار ان غنڈوں کے رابطے میں آتے ہیں۔ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے علاوہ تہاڑ میں بند دہلی کے بدنام زمانہ گینگسٹر شاہ رخ خان سے بھی اسپیشل سیل کی ٹیم نے پوچھ گچھ کی ہے۔کہا جا رہا ہے کہ سدھو موسے والا کو مارنے کا ٹھیکہ بھی شاہ رخ کو دیا گیا تھا۔ اس گینگ نے پنجاب میں رہ کر سدھو موسے والا کی ایک ریکی بھی کی تھی لیکن اس سے پہلے کہ وہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہناتا، اسپیشل سیل یونٹ نے اسے پنجاب سے گرفتار کرلیا۔پنجاب کے سب سے امیر ڈان مانے جانے والے جگو بھگوان پوریا سے بھی پولیس نے تہاڑ جیل میں پوچھ گچھ کی ہے۔ بھگوان پوریا کے خلاف قتل کے ۱۵۰؍ مقدمات درج ہیں۔ جگو کا تعلق بھی ڈرگ سنڈیکیٹ سے ہے اور پنجاب کے لیڈروں سے بھی اس کے روابط سامنے آتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو۲۹؍مئی کو پنجاب کے مانسا ضلع کے گاؤں کے قریب گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس قتل عام کی ذمہ داری کینیڈا میں بیٹھے گینگسٹر ستوندرجیت سنگھ عرف گولڈی برار نے لی۔ یہ گینگسٹر تہاڑ جیل میں بند لارنس بشنوئی کا قریبی ہے۔اب کہا یہ جا رہا ہے کہ موسے والا کا قتل نوجوان اکالی لیڈر وکی مڈوکھیڑا کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے کیا گیا تھا۔
واضح رہےکہ دہلی کے گینگسٹر نیرج بوانا کی گینگ نے سدھو مو سے والا کے قتل کا بدلہ لینے کی کھلی دھمکی دی ہے۔ سوشل میڈیا پر نیرج بوانا کے فیس بک پروفائل سے ایک پوسٹ کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سدھو موسے والا ان کا بھائی تھا اور دو دن میں ان کے قتل کا بدلہ لیں گے۔پوسٹ میں ٹلو تاجپوریا، دویندر بھامبیا اور کوشل گڑگاؤں کے گینگ کو بھی ٹیگ کیا گیا ہے۔ نیرج بوانا دہلی کے ٹاپ گینگسٹرس میں سے ایک ہے اور فی الحال تہاڑ جیل میں بند ہے۔