نوٹیفکیشن جاری۔ خواہشمند امیدوار ۲۱؍جون تک درخواست دے سکتے ہیں۔ حج ہاؤس میں تربیت حاصل کرچکے کئی طلبہ اہم عہدوں پر فائز رہ کر خدمات انجام دے رہے ہیں
EPAPER
Updated: May 23, 2025, 10:42 PM IST | Mumbai
نوٹیفکیشن جاری۔ خواہشمند امیدوار ۲۱؍جون تک درخواست دے سکتے ہیں۔ حج ہاؤس میں تربیت حاصل کرچکے کئی طلبہ اہم عہدوں پر فائز رہ کر خدمات انجام دے رہے ہیں
حج ہاؤس میں بند آئی اے ایس کوچنگ کلاسس کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہکیا گیا ہے۔ اس کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے سی ای او شہنواز سی کی دستخط سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔ اس حساب سے ۲۰۲۶ء بیچ کیلئے آن لائن درخواستیں منگوائی گئی ہیں۔ خواہشمند طلبہ ۲۱؍جون ۲۰۲۵ء تک درخواست دے سکتے ہیں۔یہ ان طلبہ کیلئے اچھا موقع ہے جو حج ہاؤس میں کوچنگ سینٹر بند ہونے سے مایوس ہوگئے تھے، اب وہ قسمت آزمائی کرسکتے ہیں۔
۱۰۰؍طلبہ کی گنجائش ہے
نئے بیچ میں ۱۰۰؍ طلبہ کا داخلہ ہوگا۔ ان میں ۸۰؍فیصد سیٹیں مسلم طلبہ اور ۲۰؍فیصد سیٹیں شیڈولڈ کاسٹ ، شیڈولڈ ٹرائب اور اوبی کیلئے مختص ہوں گی۔ داخلے کے لئے ملٹیپل چوائس کوشچن (ایم سی کیو) بنیاد پر ۱۳؍جولائی ۲۰۲۵ء بروز اتوار امتحان ہوگا۔ پھر ۲۴؍اور ۲۵؍جولائی کو انٹرویو لیا جائے گا۔ اس کے بعد ۱۱؍ اگست ۲۰۲۵ءسے باضابطہ کلاسس کا آغاز ہوگا۔
کچھ اہم ہدایات اور مراکز
حج ہاؤس آئی اے ایس کوچنگ سینٹر میں داخلے کے خواہشمند طالب علم کی عمر یکم اگست کو ۲۱؍ سال سے کم اور ۳۰؍سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔ حج کمیٹی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ یہ ۱۵؍ واں بیچ ہوگا۔ طلبہ کو ۱۵؍ہزار روپے سکیوریٹی ڈپازٹ دینی ہوگی۔ اسی طرح داخلہ کیلئے امتحان کے ۲۱؍مراکز ہوں گے۔ اس میں احمد آباد ، بنگلور، چنئی، دہلی، چندی گڑھ ، جے پور، رڑکی، گوہاٹی، حیدرآباد، کولکاتا، ممبئی، پٹنہ ، رانچی، رائے پور، سری نگر ، جموں، کالی کٹ، لکھنؤ، پریاگ راج، علی گڑھ اور بھوپال شامل ہیں۔ رابطہ ۰۲۲۔ ۲۲۷۱۷۱۰۰؍۴۸ ؍ اور بذریعہ ای میل hajiascgc@gmail.com پر قائم کیا جاسکتا ہے۔ اگر امتحان یا کوئی اور تبدیلی ہوئی تو اسے ویب سائٹ پر بتادیا جائے گا۔ یہ تفصیلات بھی ویب سائٹ پر ڈال دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق سی ای او محمد اویس کے دور میں شروع کی گئی آئی اے ایس کوچنگ سابق سی ای او یعقوب شیخا کے دور میں بند کردی گئی تھی۔ اسے دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران پرتاب گڑھی نے راجیہ سبھا میں بھی اس مسئلے کو زور دار طریقے سے اٹھایا تھا۔ چنانچہ اب اسے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔حج ہاؤس کوچنگ سینٹر میں تربیت حاصل کرنے والے کئی طلبہ آج اہم عہدوں پر فائز ہیں۔
حج ہاؤس میں کوچنگ دوبارہ شروع کئے جانے کے فیصلے پر رکن پارلیمنٹ عمران پرتاب گڑھی نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے طلبہ اپنا مستقبل سنوار سکیں گے اوربہتر انداز میں نکھارنے کی کوشش کر سکیں ۔
گیحج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے اس فیصلے کے ساتھ اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ تمام مراحل طے کئے جانے کے بعد جب تعلیم کا باضابطہ آغاز ہوگا تو یہ کوشش کی جائے گی کہ بہتر اور ٹھوس انداز میں پڑھایا جائے تاکہ یہاں تربیت پانے والے طلبہ نمایاں کامیابی سے ہمکنار ہو سکیں۔ حج ہاؤس میں کوچنگ سینٹر کی ایک اہم بات یہ بتائی گئی کہ یہاں طلبہ کو بالکل ابتداء سے تربیت دی جاتی ہے۔ اس کے لئے الگ الگ شعبوں کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ دیگر انسٹی ٹیوٹ اور کوچنگ سینٹر میں پریلیمنری امتحان پاس کرنے والے طلبہ کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ حج کمیٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسے طلبہ کو موقع دیا جائے گا جو طے شدہ ضوابط اور معیار پر کھرے اتریں اور محنت ولگن کے ساتھ حصول علم میں یقین رکھتے ہوں۔
یہ پہلا موقع ہوگا
اہم بات یہ ہے کہ آئی اے ایس کوچنگ سینٹر اور حج کمیٹی آف انڈیا کا پورا نظام حاجیوں کی رقم سے چلایا جاتا ہے، حکومت کی جانب سے کوئی مالی مدد نہیں دی جاتی ہے۔ اسی طرح ۲۰۲۶ءیہ پہلا موقع ہوگا جب حجاج کی رقم سے آئی اے ایس کوچنگ سینٹر میں ۲۰؍ فیصد غیر مسلم طلبہ بھی تعلیم وتربیت حاصل کرسکیں گے۔