Inquilab Logo

کریڈٹ سوئسپر بحران کا سایہ، قرض  لینے کی نوبت آگئی

Updated: March 17, 2023, 1:37 PM IST | New Delhi

یورپ کے بڑے بینکوں میں سے ایک’ کریڈٹ سوئس بینک‘ ۲۰۲۱ء سے مالی مسائل سے دوچار ہے، پچھلے تین ماہ سے شیئر گراوٹ کاشکار ہورہے ہیں

Credit Suisse suffered heavy losses in two key business areas. File photo
کریڈٹ سوئس کو۲؍ اہم کاروباری شعبوں میں بڑا نقصان ہوا ہے۔فائل فوٹو

بینکوں کا بحران امریکہ تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ اب اس کا خطرہ یورپ میں بھی منڈلارہا ہے۔ خطے کے سب سے بڑے بینکوں میں سے ایک’کریڈٹ سوئس بینک‘  نے معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے سوئس سینٹرل بینک سے ۵۴۰۰؍ کروڑ امریکی ڈالر (۴ء۴۷؍ لاکھ کروڑ روپے)  قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بینک کی خستہ حالت  نے اسکے شیئرز کی قدر کو نقصان پہنچایا ہے۔ ۱۵؍ مارچ کو اسکے شیئر کی قیمت ۲ء۲۸؍سوئس فرینک  (۲۰۳ء۳۹؍ روپے) سے ۱ء۵۶؍ سوئس فرینک (۱۳۹ء۲۹؍ روپے)ہوگئی تھی۔ سوئس سینٹرل بینک سے قرض لینے کی خبر نے ۱۶؍ مارچ کو سرمایہ کاروں  میں  اعتماد بحال کیا اور شیئر کے دام ۲ء۰۴؍ سوئس فرینک  پر پہنچ گئے۔
قرض کا مقصد نقدی کا بہاؤ(لکویڈیٹی)  بڑھانا
 سوئس کریڈٹ بینک نے بتایا کہ سوئس نیشنل بینک نے کریڈٹ سوئس کو ۵۰؍ ارب ڈالر کا قرض دیا ہے ۔ یہ ’شارٹ ٹرم لون‘ کی طرح ہوگا۔ یہ بھی کہا گیا کہ ۵۴؍ ارب ڈالر تک قرض لے کر بینک اپنی لکویڈیٹی کو تقویت پہنچائے گا۔
سعودی نیشنل بینک کا مزید سرمایہ کاری سے انکار 
 سوئزر لینڈ کے اس بینک میں ۹ء۹؍ فیصد کی حصہ داری رکھنے والے سعودی نیشنل بینک (ایس این بی) نے اس میں مزید سرمایہ کاری سے انکار کردیا ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق کریڈٹ سوئس کی خستہ حالت کے پیش نظرا س میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کئے جانے والے سوال کے جواب میں سعودی نیشنل بینک کے چیئرمین عمار الخدیری نے کہا کہ ہمارا جواب نہ ہے۔ ہم کسی بھی طرح کی سرمایہ کاری کریڈٹ  سوئس میں نہیں کریں گے۔
سوئس کریڈٹ دیوالیہ ہوگا: رابرٹ کیوساکی
 مشہور امریکی مصنف اور انٹرپرینیور رابرٹ  کیوساکی  نے پیشگوئی کی ہے کہ سلی کون ویلی بینک (ایس وی بی) اور سگنیچر بینک  کے بعد دیوالیہ ہونے کی اگلی باری کریڈٹ سوئس بینک کی ہے۔  کیوساکی کے بقول’’ اصل مسئلہ بانڈمارکیٹ ہے، میں نے لیہمن بردرس بحران کی پیشگوئی بہت پہلے ہی کردی تھی، مجھے لگتا ہے کہ اس بار کریڈٹ سوئس بینک دیوالیہ ہوسکتا ہے۔‘‘خیال رہے کہ امریکہ کا چوتھا سب سے بڑا انویسٹمنٹ بینک لیہمن بردرس ۲۰۰۸ء میں مالی بحران سے دوچار ہوا تھا اور پھر اس نے دیوالیہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس پر تقریباً ۶۱۳؍ بلین ڈالر کا قرض تھاجبکہ اس کے کل اثاثہ کی مالیت ۶۳۹؍ بلین ڈالر تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK