Inquilab Logo Happiest Places to Work

بجلی کی مانگ میں اضافہ کے پیش نظر کروڑوں روپے کی بجلی خریدی گئی

Updated: June 03, 2023, 11:12 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

اس کا اضافی بوجھ ایم ایس ای ڈی سی ایل کے صارفین کو دیوالی کے بعد الیکٹرک بل میں نظر آئے گا

electricity
بجلی

ممبئی میں گرمی کی شدت کے ساتھ بجلی کی مانگ میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ریاست مہاراشٹر میں کروڑوں گاہکوں کو بجلی سپلائی کرنے والی ’ایم ایس ای ڈی سی ایل‘ نے کھلے بازار سے۸۸۹؍ کروڑ روپے کی اضافی بجلی خریدی ہے جس کا   بوجھ گاہکوں کو مستقبل قریب میں الیکٹرک بل میں نظر آسکتا ہے۔واضح رہے کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے جب ممبئی شہرومضافات میں بجلی کی مانگ ۳؍ہزار ۹۷۱؍میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے۔ اگرچہ اپریل میں ملک کی تجارتی راجدھانی ممبئی میں کبھی بے موسم برسات اور کبھی گرمی کی لہر چل رہی تھی جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی بیشی ہوئی تھی، اس کے باوجود اپریل میں ہی بجلی کی مانگ ۳۶۶۰؍ میگا واٹ تک پہنچ گئی تھی جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ تھا اور اپریل میں اتنی زیادہ بجلی کی مانگ ماضی میں کبھی نہیں رہی۔
 بجلی کے استعمال میں اچانک اضافہ کی وجہ سے گزشتہ چند دنوں کے دوران اندھیری، ملاڈ، گوریگائوں، گھاٹ کوپر اور پوائی کے مخصوص علاقوں میں بجلی کی سپلائی میں خلل پایا گیا جس سے چند مقامات پر تقریباً ۲؍ گھنٹوں تک بجلی غائب رہی۔ اس دوران سائن اور ولے پارلے علاقوں میں بھی کچھ وقفہ کے لئے بجلی گُل رہی۔ بجلی کی مانگ میں اضافہ کے پیش نظر ریاست میں کروڑوں صارفین کو بجلی سپلائی کرنے والی ’مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹریسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ‘ (ایم ایس ای ڈی سی ایل) نے کھلے بازار  سے ۸۸۹؍کروڑ روپے مالیت کی بجلی خرید ی ہے تاکہ ممبئی کے شہریوں کو بغیرکسی رکاوٹ کے بجلی سپلائی کی جاسکے۔
 یاد رہے کہ ریاست میں بجلی پیدا اور بجلی سپلائی کرنے والی کمپنیوں کیلئے ۵؍ سال کی مدت کیلئے اخراجات طے کئے جاتے ہیں لیکن اتنی طویل مدت کے دوران اخراجات میں اضافہ کا خدشہ ہوتا ہے جس کی بنیاد پر مذکورہ کمپنیوں کو یہ اختیار دیا جاتا ہے کہ وہ بجٹ طے ہونے کے ۳؍ برس بعد اضافی اخراجات کی بھرپائی کیلئے بجلی بل میں اضافہ کا مطالبہ کرسکے۔ ان اختیارات کو استعمال کرکے پہلے ہی ممبئی کے صارفین کیلئے بجلی مہنگی کی جاچکی ہے۔ البتہ اب جو مزید بجلی خریدی گئی ہےجس کی قیمت وصول کرنے کیلئے کمپنیوں کو دیوالی کے بعد بجلی بل میں اضافہ کا موقع مل سکتا ہے۔
 ممبئی میں مارچ سے ہی بجلی کی مانگ میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا تھا جس کی وجہ سےریاستی حکومت  نے پنجاب اور دیگر ریاستوں سے بجلی حاصل کی ہے۔ ریاست مہاراشٹر کا دیگر چند ریاستوں کے ساتھ ’پاور بینکنگ‘ کا معاہدہ ہے جس کے تحت اضافی بجلی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے ان سے بجلی خریدی جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK