Inquilab Logo

مشتبہ سیاسی فنڈنگ کیخلاف انکم ٹیکس محکمہ سرگرم، ۱۱۰؍ ٹھکانوں پر چھاپے

Updated: September 08, 2022, 8:59 AM IST | new Delhi

رجسٹرڈ مگر غیر منظورشدہ سیاسی پارٹیاں اوران سے متعلق مالی لین دین نشانے پر ۔ گجرات، دہلی،راجستھان، مہاراشٹر، یوپی، چھتیس گڑھ اور اُتراکھنڈ سمیت زائد از ۲۰؍ ریاستوں میں کارروائی

The Income Tax Department in Ahmedabad also raided Silver Oak University and started checking documents. (Photo: PTI)
احمدآباد میں انکم ٹیکس محکمہ نے سلور اوک یونیورسٹی میں بھی چھاپہ مار کر کاغذات کی جانچ پڑتا ل کی۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

انکم ٹیکس محکمہ بدھ کو اچانک  ’رجسٹرڈ مگر غیر منظور شدہ‘  پارٹیوں  کے ذریعہ ٹیکس کی مبینہ  چوری ، ان کی مشتبہ فنڈنگ  اوران کے مشتبہ مالی لین دین  کے خلاف سرگرم ہوگیا۔اس سلسلے میں  انکم ٹیکس محکمہ نے بیک وقت ملک کی ۲۰؍ سے زائد ریاستوں میں کم ازکم  ۱۱۰؍  مقامات پر چھاپے مارے۔  یہ چھاپے گجرات، دہلی، اتر پردیش، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، ہریانہ اور دیگر کئی ریاستوں میں مارے گئے ہیں۔  چھاپہ مارنے والی انکم ٹیکس ٹیموں کو مقامی پولیس اہلکار تعاون فراہم کررہے ہیں۔ اس آپریشن  کے دوران دہلی کے میور وہار میں  ایک وکیل  کے دفتر میں بھی انکم ٹیکس محکمہ کی ٹیم کو دیکھا گیا ہے۔ 
سیاسی فنڈنگ نشانے پر
 انکم ٹیکس محکمے کے ذرائع نے بتایاکہ چند ’رجسٹرڈ مگر غیر منظور شدہ‘   سیاسی پارٹیوں   کے خلاف  بیک وقت کئی ٹیموں  نے کارروائی کی ہے۔ چھاپوں  کے دوران مذکورہ پارٹیوں کے ساتھ ہی ساتھ ان کے پروموٹرس اوران سے جڑے اداروں  کے آمدنی کے ذرائع اور اخراجات کی جانچ کی جارہی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اس کارروائی کے تحت غیر قانونی طریقوں  سے سیاسی فنڈنگ کے معاملوں کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔  ایسا سمجھا جارہا ہے کہ انکم ٹیکس محکمہ یہ کارروئی  الیکشن کمیشن  کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کی بنیاد پر کررہا ہے ۔ الیکشن کمیشن  نے حال ہی میں  ’رجسٹرڈ مگر غیر منظور شدہ‘   پارٹیوں کی فہرست سے ۱۹۸؍ نام حذف کئے تھے کیوں کہ جانچ میں زمینی سطح پر ان کا وجود ہی  نہیں ملا۔   الزام ہے کہ ان جماعتوں نے فنڈ کے نام پر غلط طریقے سے بھاری رقم جمع کی ۔  ان کے پتے جعلی نکلے اور جو ڈاک بھیجی گئی وہ واپس آ گئی، تاہم یہ جماعتیں غیر قانونی طور پر چندہ لے رہی تھیں۔
دیگر معاملوں میں ٹیکس چوری کی بھی جانچ
  بتایا گیا ہے کہ دہلی کے کئی تاجربھی ٹیکس چوری کے معاملے میں انکم ٹیکس کے راڈار پر ہیں۔ جے پور میں بھی تاجروں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ راجستھان میں جنہیں نشانہ بنایا گیا ہے ان کے تعلق سے کہا گیا ہے کہ وہ مڈڈے میل کے ذریعہ کمائی کررہے تھے۔ 
ممبئی میں  ۴؍ سے ۵؍ مقامات پر چھاپے
  مڈ ڈے میل گھوٹالہ معاملے میں ممبئی میں  بھی انکم ٹیکس کے چھاپے جاری ہیں۔ یہاں آئی ٹی ٹیمیں۴؍ سے ۴؍ جگہوں پرسرگرم ہیں اور خبر لکھے جانے تک چھاپہ ماری کی کارروائی ہورہی ہے۔ آئی ٹی ذرائع نے بتایا کہ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کو کچھ خاص معلومات ملنے کے بعد چھاپے مارے جا رہے ہیں اور فی الحال محکمہ یہ  ظاہر نہیں کرنا چاہتا کہ کن مقامات کو نشانہ بنایاگیاہے۔ 
لکھنؤ اور کانپور میں بھی تلاشی 
 ادھر لکھنؤ کے ذرائع نے بتایا کہ انکم ٹیکس ٹیموں نے اتر پردیش کی راجدھانی اور صنعتی شہر کانپور میں بھی کچھ مقامات پر تلاشی لی ہے۔ نئی دہلی میں ایک اہلکار نے یو این آئی کو بتایاکہ ’’یہ محکمہ کی جانب سے مربوط کارروائی کا حصہ ہے۔ اس میں بہت سے ادارے، افراد اور فرمیں شامل ہیں۔ ہم ضبط شدہ دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد ہی گھپلے یا بلیک منی کے حجم کے بارے میں جان سکیں گے۔‘‘

income tax Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK