ٹماٹر،پیاز ، آلو، ادرک، بند گوبھی ، پھول گوبھی، بھنڈی ، ترئی، بیگن اورکوتمیر وغیرہ کی قیمتوں میں کمی آئی ہے
EPAPER
Updated: September 22, 2023, 10:14 AM IST | saadat khan | Mumbai
ٹماٹر،پیاز ، آلو، ادرک، بند گوبھی ، پھول گوبھی، بھنڈی ، ترئی، بیگن اورکوتمیر وغیرہ کی قیمتوں میں کمی آئی ہے
ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی آسمان چھوتی قیمتوں سے پریشان حال صارفین کو سبزیوں کی پیداوار بڑھنے سے راحت ملی ہے۔ پیداوار میں اضافہ کی وجہ سے ٹماٹر کے ساتھ دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے ۔ ٹماٹر تھوک بازار میں۶۔۷؍ اور خردہ بازار میں ۱۰۔۲۵؍ روپے فی کلو دستیاب ہے ۔ اسی طرح سبزیوںکا ہول سیل ریٹ ۱۵؍تا ۲۰؍ اور ریٹیل ریٹ ۵۰۔۴۰؍ روپے فی کلو ہوگیا ہے ۔ دوسری جانب تھوک بازار میں ٹماٹر کی قیمت کم ہونے سے دیہی اضلاع میں کسان پریشان ہیں اور وہ غصہ و ناراضگی میں صارفین کو مفت ٹماٹر تقسیم کر رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ رواں سال کے درمیانی حصے میں بے موسم بارش ہونے سے فصل خراب ہوگئی تھی ۔ جس کی وجہ سے مذکورہ سبزیوں کی قلت ہونے سے ان کی قیمتوںمیں زبردست اضافہ ہوگیاتھا ۔ پیداوار کے کم ہونے سےصارفین گزشتہ ۴۔۳؍ مہینے مہنگی سبزیاں خریدنے پرمجبور تھے ۔ ٹماٹر اور ہری مرچ کی قیمت ۲۰۰؍ روپے کلو تک پہنچ گئی تھی ۔ ان سبزیوں کے مہنگی ہونے سے لوگوںنے ان کا استعمال کرناکم کر دیا تھا ۔ ان کےعلادہ دیگر سبزیاں ، مثلاً پھول گوبھی، بند گوبھی، پرور ، بھنڈی ، تُرئی، بیگن ، پالک ، میتھی ، چولئی ، پتاپیاز ، سوا ، کوتمیر، ادرک ، لہسن اور دیگر سبزیوں کی قیمتیں آسمان چُھو رہی تھیں ۔ لیکن اب ان میں سے بیشتر سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے ۔ جس سے ان کی قیمتیں معمول پر آگئی ہیں ۔ سبزیوں کی قیمتوں کے معمول پر آنے سے گھریلو صارفین کی مشکل کم ہوئی ہے ۔
قیمتوں کے معمول پر آنے سے صارف کی پریشانی کم ہوئی
مدنپورہ ، عمررجب روڈ کی محمد ی پیلس میں رہائش پزیرمقامی مہیلابچت گٹ کی انچارج عائشہ انصاری نے انقلا ب کو بتایا کہ ’’متواتر بڑھتی مہنگائی سے گھر کا بجٹ بری طرح متاثر ہے ۔ اناج ، دال اور تیل کی قیمتیںروز بروز بڑھ رہی ہیں ۔ ایسے میں سبزیوںکی بڑھتی قیمتوں سے عام لوگ بہت پریشان تھے لیکن اب سبزیوںکی قیمتیں معمول پر آرہی ہیں ۔ جس سے عام صارف کی پریشانی کم ہوئی ہے ۔ جو ٹماٹر اورہری مرچ ۲۰۰؍روپے کلوتھی، وہ اب ۲۵؍ا ور ۷۰؍ روپے کلوہوگئی ہے ۔ اسی طرح پیاز ، آلو ، ادرک، کرم کلا، گوبھی ، بھنڈی ، ترئی، بیگن اور کوتمیر وغیرہ کی قیمت میں کمی آئی ہے ۔ ان میں سے کچھ سبزیاں ۳۰؍ روپے اوربعض سبزیاں ۶۰۔۵۰؍ روپےکلو فروخت ہو رہی ہیں جو گزشتہ دنوں ۸۰۔۱۰۰؍ روپےکلو کےحساب سے فروخت ہورہی تھیں۔‘‘
قیمت کم ہونے سے خریداروں میں ا ضافہ ہوا ہے ۔
مدنپورہ ، بیت کی چال کے قریب ٹھیلا لگانے والے سبزی فروش نے انقلا ب کو بتایا کہ ’’ ان دنوں سبھی قسم کی سبزیوں کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ بالخصوص ٹماٹر اورہری مرچ کی قیمت کافی کم ہوئی ہے۔ ٹماٹر کی پیداوارسے تھوک بازار میں مختلف قسم کے ٹماٹر کی قیمت ۲۰۔۱۰؍ روپے کلو ہوگئی ہے ۔ جو عام بازار میں ۳۰۔۲۰؍ روپے فی کلو سے فروخت ہو رہا ہے ۔میرے پاس جو ٹماٹر ہے ،میں اسے ۱۰؍روپے کلو بھی فروخت کررہا ہوں ۔اسی طرح ہری مرچ کامعاملہ ہے ۔ میں نے ۵۰؍روپے کلوکے حساب سے ہری مرچ خریدی ہے جسے ۶۰؍روپے کلو سے فروخت کر رہا ہوں ۔‘‘ نمائندہ انقلاب نے اس سبزی فروش کو پالک ، سوا، میتھی اور چولائی کی گڈی ایک گاہک کو ۷۰؍ روپے میں دیتے ہوئے دیکھا۔ جس کے بارےمیں سبزی فروش کاکہناتھا کہ ان سبزیوںکی قیمتیں بھی معمول پر آگئی ہیں۔
واشی اے پی ایم سی ویجیٹبل مارکیٹ کے ڈائریکٹر شنکر پنگلے سے سبزیوں کی موجودہ تھوک قیمتوں کے بارے میں استفسار پر انہوں نے کہا کہ ’’ان دنوں سبھی سبزیوںکی قیمتیںمعمول پر ہیں ۔ اس کی وجہ سبزی کی پیداوار میں اضافہ ہے ۔ مطلوبہ تعداد میں سبزیوں کے اے پی ایم سی مارکیٹ پہنچنے سے ان کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ۔ جس کی مثال ٹماٹر کی موجودہ تھوک قیمت سے دی جاسکتی ہے ۔ ان دنوں عام ٹماٹر کی تھوک قیمت ۷۔۶؍ روپے فی کلوہے ۔ جبکہ عام بازار میں دکاندار ۲۵۔۲۰؍روپے فروخت کر رہے ہیں ۔ اسی طرح سبزیوںکا ہول سیل ریٹ ۱۵؍تا ۲۰؍ روپے کلو ہے۔‘‘