Inquilab Logo

سردی کے موسم میں نقب زنی کے معاملات میں اضافہ

Updated: December 23, 2021, 7:54 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

گوونڈی کے علاقے میں ایک ہی رات میں ۲؍ مکانوں میںچوری۔ شہرومضافات کے دیگر علاقوں میں بھی نقب زنی کی واردتیں ہورہی ہیں۔ پولیس نے شہریوں کو ہوشیار رہنے اور گھروں میں زیورات نہ رکھتے ہوئے بینک لاکر میں رکھنے کا مشورہ دیا، کہا: سی سی کیمرے بھی لگائے جائیں

Thieves break into homes and shops and steal valuables.
مکانوں اور دکانوں کے قفل توڑکر چور قیمتی سامان چرالیتے ہیں۔

سردی کے موسم میں  نقب زنی اور چوری کے معاملات بڑھنے سے شہریوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔گوونڈی کے علاقے میں ایک ہی رات میں ۲؍ مکانوں میں چوری کی واردات ہوئی۔ اس کے پیش نظر پولیس نے رات کا گشت بڑھا دیا ہے اور شہریوں کو  ہوشیار رہنے کے ساتھ گھروں میں زیورات اور قیمتی اشیاء نہ رکھتے ہوئے بینک کے لاکر میں رکھنے کا مشورہ دیا اور کہا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں اور گھر سے باہرجانے پر پڑوسیوں کو  دیکھ ریکھ کا کہتے جائیں۔
 گوونڈی  میں رہنے والے قاضی نورالہدیٰ  نے نمائندہ ٔ انقلاب کو بتایا کہ گوونڈی کے روڈ نمبر ۹؍ میں ایک ہی  رات میں ۲؍مکانات کے تالے توڑ کر چورگھر میں گھس گئے اوراس میں رکھے ہوئے زیورات  کے علاوہ نقدروپے اور قیمتی سامان  لے کر فرار ہوگئے ۔   انھوں نے مزید کہا کہ ممبئی میں   رات میں سردی   کی وجہ سے لوگ جلدی گھر وں میں سوجاتے ہیں ۔ اسی فائدہ اٹھاکر  چور آسانی سے نقب زنی کو انجام دے رہے ہیں ۔  نورالہدیٰ نے الزام لگایا کہ پولیس دعویٰ کرتی ہے کہ سردی کے موسم میں رات کی پیٹرولنگ بڑھادی جاتی ہے،   اس کے باوجود  بیگن واڑی میں ۲؍ روز قبل  ایک ہی رات  میں    چوروں نے ۲؍ گھروں میں نقب زنی  کی  اور فرار ہوگئے ۔ اس کی وجہ یہ بھی کہ لوگ ٹھنڈی کی وجہ سے گھر کی کھڑکیاں وغیرہ بند کرکے سوتے ہیں اور پڑوس میں کیا ہورہا ہے،اس کی خبر پڑوسی کو نہیں ہوپاتی ہے ۔
 نورالہدیٰ کے پڑوسی صدام حسین نے بتایا کہ   متاثرہ مکان مالکان نے شیواجی نگر  پولیس اسٹیشن میں چوری کی شکایت درج کرائی ہے ۔ دونوں گھروں سے تقریباً ۳؍ لاکھ روپے کے  زیورات ، نقد اور قیمتی سامان  چوری ہوئے ہیں ۔   پولیس  نے جائے وقوع کا معائنہ بھی کیا ہے اور آس پاس  لگے سی سی کیمرے کی مدد سے چوروں کا سراغ لگانے کی کوشش کررہی ہے ۔ ان یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ علاقے میں رات کا گشت بڑھا دیا جائے گا ۔ 
 اس سلسلے میں نمائندہ انقلاب نے گوونڈی شیواجی نگر پولیس  اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر کشور گائیکے سے تفصیلی بات چیت کی تو انھوں نے کہا کہ سردی کے موسم میں نقب زنی کے واقعات بڑھ جاتے ہیں ۔ اس لئے مکینوں کو چاہئے کہ وہ  باہر جانے سے پہلے پڑوسیوں کو آگاہ  کریں کہ وہ ان کے گھر کی دیکھ  ریکھ بھی کرتے رہیں۔ اس کے علاوہ مکینوں کو گھر میں زیورات ، نقد اور قیمتی سامان نہیں چھوڑنی چاہئے  بلکہ اسے بینک کے لاکراور تجوری  میں رکھ کر جانا چاہئے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ گھروں کے آس پاس زیادہ سے زیادہ سی سی کیمرے وغیرہ نصب کئےجانے چاہئے ۔ 
 سینئر پولیس انسپکٹر کشور گائیکےکے مطابق جس طرح موسم گرما  اور دیوالی کی چھٹیوں میں مکین باہر جاتے وقت احتیاطی اقدامات کرتے ہیں ۔ اسی طرح ہمیشہ  ان کواحتیاطی اقدامات کرنے  چاہئے ۔ ان کے مطابق  گھر سے باہر جاتے وقت اخبار فروش، دودھ والا ، لانڈری والا اور گھر یلو ملازمین کو  جانے اور آنے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ  نہیں کرنا چاہئے ۔

Burglary Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK