Inquilab Logo

بچوں کے ویکسی نیشن کیلئے ’اندردھنوش‘ مہم شروع کی جائیگی

Updated: August 07, 2023, 10:00 AM IST | Mumbai

ٹیکہ کاری میں درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے بی ایم سی مذہبی اورسماجی رہنماؤں کی بھی مدد حاصل کرےگی

Children are being vaccinated to prevent measles.
خسرہ کی روک تھام کیلئے بچوں کو ٹیکہ لگایا جا رہا ہے۔(تصویر،انقلاب)

 ممبئی میں پیدا ہونے والے بچوں کو مختلف ٹیکہ اور ڈوز دینے میں ممبئی میونسپل کارپوریشن کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے’ اندر دھنوش‘ مہم کے تحت شہر کے تمام بچوں کو ٹیکے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کیلئے  مختلف مذاہب اور سماج کے رہنماؤں کی مدد بھی لی جائے گی۔
 ممبئی میں بچوں کو حفاظتی ٹیکوں سے متعلق درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) کے ایڈیشنلکمشنر (صحت)  سدھاکر شندے نے گزشتہ روز تمام محکموں کے سربراہان اور صحت عامہ کے عہدیداروں کی ایک خصوصی میٹنگ کا اہتمام کیا تھا تاکہ ویکسی نیشن کیلئےایک خصوصی مہم کو بھی نافذ کیا جاسکے  ۔اس میٹنگ میں ویکسی نیشن کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
 واضح رہے کہ چند ماہ قبل ممبئی میں خسرہ کی وباء پھیلی تھی۔ اُس وقت بچوںکے ویکسی نیشن مکمل نہ ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ اس کے نتیجے میں بی ایم سی نے ایک خصوصی مہم چلائی اور  ویکسی نیشن کا عمل مکمل کیاگیا۔ لیکن مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچنے کیلئے ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ’اندر دھنوش‘ مہم کے تحت شہر کے تمام حصوں میں بچوں کےویکسی نیشن مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے میں درپیش مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ گزشتہ روز منعقدہ میٹنگ میں سدھاکر شندے نے تمام محکموں کے سربراہان اور صحت کے افسران کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ کی تاکہ ویکسی نیشن میں درپیش مسائل کا پتہ لگایا جا سکے۔
  شندے نے کہا کہ اس میٹنگ میں ویکسی نیشن کے مسائل کے بارے میں معلوم ہوا  اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔شہر میں بچوں کو  ڈوز پلانے اور ٹیکہ لگانے میں درپیش مسائل کے حل کیلئے محکمہ مختلف مذہبی اور کمیونٹی رہنماؤں کی مدد حاصل کرےگا۔ مقامی قائدین کے ذریعے شہریوں میں عوامی بیداری پیدا کرکے ویکسی نیشن مکمل کرنے پر زور دیا جائے گا۔کوشش کی جائےگی کہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔
 شہر کے۷؍وارڈوں  میں خصوصی کوشش کی جائے گی۔خسرہ کی وباء کے وقت معلوم ہوا  تھاکہ بعض علاقوں میں ویکسی نیشن بالکل نہیں کیا گیا ہے۔ مراٹھی اخبار لوک ستہ کے مطابق ممبئی کے ۷؍ ڈویژن کرلا، مانخورد، گوونڈی، ملاڈ، دھاراوی اور باندرہ میں ویکسی نیشن کے لئے خصوصی کوشش کی جائے گی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK